• 25 اپریل, 2024

جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام ۔ نارتھ ایسٹ ریجن یوکے

جماعت احمدیہ نارتھ ایسٹ ریجن نے مؤرخہ 23 مارچ 2021ء کو جلسہ یوم مسیح موعود ؑ منعقد کیا جسے یوٹیوب چینل کے ذریعہ براہ راست نشر کیاگیا ۔اس جلسہ میں امام مسجد فضل لندن و مشنری انچارج یوکے مولانا عطاء المجیب صاحب راشد اور مولانا عبد الغنی جہانگیرخان صاحب نے خاص طور پر شمولیت فرمائی۔ جلسہ کی میزبانی کے انتظامات مسجد المہدی بریڈفورڈ میں کئے گئے ۔ان نشریات دیکھنے والے مرد و خواتین کی تعداد تقریباً4000 تھی ۔اس پروگرام سے دیگر ممالک کے احمدی احباب و خواتین کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے بھی استفادہ کیا۔

ریجنل مشنری مکرم مولانامبارک احمد بسرا صاحب نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے یوم مسیح موعود علیہ السلام کی غرض و غایت بھی بیان کی۔پروگرام کا آغاز مکرم سیّد کامران رضوی صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور اُس کے اردو ترجمہ سے کیا جبکہ انگریزی ترجمہ عزیزم ذکی صاحب نے پیش کیا۔مکرم فیصل مبارک صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نظم ’اے خدا اے کارساز و عیب پوش وکردگار کے چند اشعار پیش کئے جس کا انگریزی ترجمہ عزیزم سرمد انور صاحب نے کیا۔ انچارج فرنچ ڈیسک مولانا عبد الغنی جہانگیرخان صاحب نے ’’A Messiah for the Whole of World‘‘ کے موضوع پر اپنے خطاب میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک موقع پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ مَیں تمام مسلمانوں اور عیسائیوں اور ہندوؤں اور آریوں پر یہ بات ظاہر کرتا ہوں کہ دنیا میں کوئی میرا دشمن نہیں ہے۔ مَیں صرف ان باطل عقائد کا دشمن ہوں جن سے سچائی کا خون ہوتا ہے۔ انسان کی ہمدردی میرا فرض ہے اور جھوٹ اور شرک اور ظلم اور ہر ایک بدعملی اور ناانصافی اور بداخلاقی سے بیزاری میرا اصول ہے۔ خدا تعالیٰ نے مجھے مبعوث فرمایا کہ میں ان خزائن مدفونہ کو دنیا پر ظاہر کروں اور ناپاک اعتراضات کا کیچڑ جو اُن درخشاں جواہرات پر تھوپا گیا ہے اس سے ان کو پاک صاف کروں۔ مولانا جہانگیر صاحب نے اسلام کی حقیقی تعلیم کے حوالہ سے فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایاکہ اگر کوئی اسلام کا نام لے کر جنگ وجدال کا طریق جواب میں اختیار کرے تو وہ اسلام کو بدنام کرنے والا ہو گا اور اسلام کا کبھی ایسا منشاء نہ تھا کہ بے مطلب اور بلا ضرورت تلوار اٹھائی جائے۔

بعد ازاں محترم مولاناعطاءالمجیب صاحب راشد نے اپنے اختتامی خطاب میں یوم مسیح موعود علیہ السلام کے حوالے سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیرت کے چند پہلو اجاگر کئے جن میں اُن کی تحریرات سے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اعلیٰ نمونہ، اپنے اصحاب سے پیار ومحبت و احسان و ہمدردی اور مخالفین سے حُسن سلوک کے واقعات نمایاں تھے۔محترم امام صاحب نے فرمایاکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے کے لئے عملی مثالیں بھی پیش فرمائیں۔آخرمیں محترم امام صاحب نے شرکاء جلسہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو گزارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

پروگرام کے اختتام پرریجنل امیر مکرم ڈاکٹرسیّد مظفر احمد صاحب نے مقررین ، منتظمین جلسہ اور تمام احباب جماعت کا اس جلسہ میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا ۔ محترم امام صاحب نے اختتامی دعا کروائی ۔ یہ جلسہ شام7:00 بجے شروع ہوا اور ڈیڑھ گھنٹہ کے دورانیہ کے بعد8:30 پر اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ۔

(رپورٹ: قریشی داود احمد (نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (برطانیہ))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 اپریل 2021