• 25 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ بینن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کو اپنا 31 واں جلسہ سالانہ مورخہ 27 تا 29دسمبر 2019ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔جلسہ گاہ کے لئے Allada ریجن کے قریبHouegbo شہر کے کالج کا گراؤنڈ منتخب کیا گیا اور ساتھ ہی اس میں خدام نے وقارِ عمل شروع کر دیا اور اسے جلسہ گاہ کے طور پر تیار کیا گیا۔ جلسہ سے پہلے اطلاع کے لئے خوبصورت پوسٹر شائع کئے گئے اور اتھارٹیز کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے۔

مورخہ 27 دسمبر 2019ء کو شام 4 بجے محترم امیر بینن رانا فاروق احمد نے پرچم کشائی کرکے جلسہ کا آغاز کیا۔ اس کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم اور اردو نظم ایک لوکل خادم نے پیش کی جن کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا ۔ مختلف اتھارٹیز نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی ملک بھر میں بلکہ دنیا بھر میں کی جانے والی خدمات کو سراہا اور جلسہ سالانہ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔اس کے بعد محترم امیر صاحب بینن نے افتتاحی خطاب کیا اور جلسہ کے مرکزی عنوان ’’آنحضرت ﷺ کے مشن کو پورا کرنے میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا کردار‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ عشائیہ کے بعد تمام شاملین جلسہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ فرینچ زبان میں سنایا گیا۔

دوسرے دن 28 دسمبر کو نمازِ تہجد ادا کی گئی اور نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ اس دن دو سیشن ہوئے ۔ پہلےسیشن کی کارروائی کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا اور اردو نظم ایک لوکل خادم نے پیش کی جن کا فرینچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ اور اس کے بعد پہلی تقریر محترم بشارت احمد نوید مبلغ سلسلہ ماریشس نے ’’ آمد مسیح موعود سے متعلقہ پیشگوئیاں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اور دوسری تقریر مکرم آسانی یحیٰ نے ’’حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی کے حقیقی احوال‘‘ کے موضوع پر کی۔

جلسہ کے تیسرے سیشن کا آغاز ظہرانہ کے بعد شام 4 بجے ہوا جس میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے آغاز ہوا اور قصیدہ بمعہ فرنچ ترجمہ کے ایک لوکل خادم نے پیش کیا اس کے بعد پہلی تقریر محترم عبد الراؤف نے ’’روحانی و جسمانی فضائل‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد نظم ’’بدرگاہِ ذیشان‘‘ ایک لوکل خادم محترم عباس نے پیش کی اور دوسری تقریر محترم لاماں سعید نے ’’حضرت مسیح موعود ؑ کے مشن کی روشنی میں مالی قربانی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی۔ دوسرے دن رات عشائیہ کے بعد لوکل زبانوں میں جلسہ سالانہ کی اہمیت کے موضوع پر ایک پروگرام تشکیل دیا گیا۔

تیسرے دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد سے ہوا ۔ نمازِ فجر کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم کی اہمیت پر درس ہوا۔ آخری سیشن کا آغاز بھی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا اور اردو نظم محترم منتظر احمد مبلغ سلسلہ نے پیش کی۔ جس کے بعد محترم اسد مجیب مبلغ سلسلہ و جنرل سیکریٹری بیلجیم نے ’’خلافت احمدیہ، انسانیت کے لئے باعثِ برکت وجود‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ تمام تقاریر کا 4 لوکل زبانوں میں ترجمہ پیش کیا گیاجس سے تمام لوکل زبان سمجھنے والی کی دلچسپی بھی قائم رہی اور گاہے بگاہے جلسہ گاہ کی فضا نعروں سے گونجتی رہی جس سے سامعین کا جوش اور ولولہ مزید بڑھتا رہا۔جلسہ کے اختتام پر تمام شاملین جلسہ نے کھڑے ہو کر مخصوص افریقن طرز پر کلمہ طیبہ ’’ لآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰہ ‘‘ کا ورد کیا اور نعرہ ہائے تکبیر کی صداؤں میں یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کی حاضری 4 ہزار 877 رہی جس میں گزشتہ سال کی نسبت 1 ہزار 64 افراد کا اضافہ ہوا۔ اس جلسہ میں بہت سے معزز مہمانان بھی شامل ہوئے جن میں سے چند ایک درجِ ذیل ہیں:۔

  1. Aguessy Zinsou Paul, Head of arrondissement of HOUGBE representing the Mayor of TOFFO
  2. Honorable Marcellin AHONOUKOUN, Member of the National Assembly
  3. Agnidé Emmanuel LAWIN, Director of Cabinet of Minister of Water and Mines
  4. Commissioner Principal Issiaka B. Seidou, Assistant to the Departmental Director of the Atlantic Republican Police,
  5. Honorable Malehossou YACOUBOU,
  6. Honorable MAMA Sanny,
  7. Honorable NOBIME Patrice,
  8. BABALOA Barthélémy, Religions for peace,
    9 . KOUGNITODE Gérald Kocou, District Manager of COLLI,
  9. King of Kika,
  10. King of Sedjedenou,
  11. Grâce LAWANI
  12. Quaestor of the National Assembly Benin

ان تمام اتھارٹیز نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جماعت احمدیہ کی نہ صرف بینن میں بلکہ دنیا بھر میں کی جانے والی انسانیت کی خدمات کو سراہتے ہیں اور جماعت احمدیہ بینن کو 31ویں جلسہ سالانہ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس جلسہ کی کارروائی ملک کے طول و عرض میں بذریعہ ریڈیو، T.V اور اخبارات کے ذریعہ تشہیر ہوئی۔

(مرزا فرحان احمد۔بینن)

پچھلا پڑھیں

اوقات سحر و افطار

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جنوری 2020