• 25 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

  • مکرم محمد ساجد قمر ۔ صدر جماعت سنٹرل کرائیڈن برطانیہ یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں:

خاکسار کی والدہ محترمہ صادقہ ثریا بیگم اہلیہ چوہدری محمد صادق صاحب (مرحوم) مورخہ یکم جنوری 2022ء کو 86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی انتقال کر گئیں۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔

اسی روز شام بہشتی مقبرہ میں آپ کی نماز جنازہ محترم ڈاکٹر عبدالخالق خالد نے پڑھائی اور قبر تیار ہونے پر محترم ناصر احمد شمس نے دعا کروائی۔حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مورخہ 15 جنوری 2022ء دن 12 بجے آپ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

محترمہ صادقہ ثریا بیگم 22 اپریل 1936ء کو قادیان دارالامان میں مکرم مولوی محمد عبداللہ پیرکوٹی (واقف زندگی سابق مینجر کریم نگر فارم سندھ) کے ہاں پیدا ہوئیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نے آپ کا نام صادقہ ثریا عطا فرمایا۔ آپ کے دادا حضرت میاں پیر محمد پیر کوٹی ؓ نے اپنے والد حضرت میاں امام الدین پیر کوٹیؓ کے ہمراہ 1898ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ اسی طرح آپ کے نانا حضرت میاں دین محمد ؓ (برادر اکبر، محترم میاں غلام محمد اختر) اور ان کے والد حضرت میاں عمر دین ؓ بھی صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام تھے۔

آپ نے اپنے ننھیال مغلپورہ لاہور میں پرورش اور مڈل تک تعلیم پائی۔ 1952ء میں محمد آباد میں حضرت مصلح موعود ؓ نے آپ کا نکاح مکرم چوہدری محمد صادق (واقف زندگی) مرحوم کے ساتھ پڑھایا۔

(بحوالہ الفضل 22 مارچ 1952ء)

آپ مغلپورہ لاہور سے بیاہ کر اپنے واقف زندگی خاوند کے ساتھ تحریک جدید کے زرعی فارمز محمد آباد، نورنگر، لطیف نگر اور بشیر آباد میں 1978ء تک قیام پذیر رہیں۔یہاں لجنہ کے کاموں میں خدمت کی توفیق ملی۔ اس کے بعد مرکز احمدیت ٹرانسفر ہو گئی تو تا وفات یہیں قیام رہا۔ مغلپورہ لاہور میں جماعتی اجلاسات میں آپ نہ صرف ذوق و شوق کے ساتھ شریک ہوتیں بلکہ آپ ان میں نظمیں بھی پڑھا کرتی تھیں۔ آپ 9/1 حصہ کی موصیہ تھیں اور 1959ء میں نظام وصیت میں شامل ہوئیں۔ اپنی زندگی میں اپنی حصہ وصیت ادا کر چکی تھیں۔ متعدد جلسہ ہائے سالانہ برطانیہ اور قادیان میں شرکت کا موقع ملا۔

آپ ایک دیندار گھرانہ سے تعلق رکھتی ہیں جن میں بہت سے صحابہ اور واقفین زندگی موجود ہیں۔ صحابہ کے درمیان پرورش پائی۔ آپ کے والد اور شوہر دونوں واقف زندگی تھے اور اللہ کے فضل سے اولاد میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ جماعتی ماحول کا پرچار، خلفاء کے ساتھ گزرے وقت کی یادیں، صحابہ کی روایات اور سندھ کے مشکل ایام میں گزرے لمحات کی یادیں اور تذکرے سرمایہ حیات تھیں۔آپ کا کمال کا حافظہ تھا جو تا دم وفات برقرار رہا۔

باقاعدہ تلاوت قرآن کریم، جماعتی اخبارات و رسائل و کتب سیرت کا مطالعہ، خدمت خلق، انفاق فی سبیل اللہ، مہمان نوازی اور ملازموں سے حسن سلوک آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ کئی سچی خوابیں اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کیں۔ بچوں کی اعلیٰ رنگ میں تربیت کی اور سبھی اولاد پڑھی لکھی اور دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں عطا کیں۔

بیٹے: 1 : خاکسار محمد ساجد قمر (صدر جماعت سینٹرل کرائیڈن UK)
2: مکرم محمد خالد وحید
3: مکرم محمد راشد شمس۔ بوسٹن امریکہ (لنگر خانہ امریکہ کے لئے لمبا عرصہ خدمات سر انجام دیں۔)
4: مکرم کمانڈر ناصر احمد (وقف) دفتر پرائیویٹ سیکرٹری اسلام آباد UK
5: مکرم محمد محمود طاہر صاحب (واقف زندگی) ۔
بیٹیاں: 1: مکرمہ ناصرہ پروین اہلیہ محمد شفیع خالد صاحب (مرحوم)
2: مکرمہ طاہرہ نسرین (صدر لجنہ حلقہ ڈیئر پارک اہلیہ ڈاکٹر ناصر علی صاحب لندن)
3: مکرمہ ڈاکٹر صالحہ صدیقہ Ph.D اہلیہ ونگ کمانڈر زکریا داؤد صاحب۔ آٹوا کینیڈا (نمائندہ الفضل آن لائن کینیڈا)
4: مکرمہ خالدہ طارق اہلیہ طارق محمود ظفر صاحب (امیر و مشنری انچارج کینیا)
5: مکرمہ فائزہ توقیر اہلیہ توقیر احمد صاحب (کارکن جامعہ احمدیہ UK) مقامی لجنہ کی عہدے دار ہیں۔
6: مکرمہ فاخرہ حامد اہلیہ حامد رشید غالب صاحب۔مقامی لجنہ کی عہدے دار ہیں۔

سبھی بچے اور ان کی اولاد اور پھر ان کی اولاد جماعتی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ آپ کی اولاد در اولاد در اولاد کی تعداد اس وقت 100 سے متجاوز ہوچکی ہے۔ الحمد للہ۔ وفات کے وقت آپ کے تمام بیٹے اور بیٹیاں اور ان کی کثیر اولاد موجود تھی۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والدہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے اور ہمیں آپ کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

ادارہ الفضل کی جانب سے تعزیت قبول فرمائیں۔

پچھلا پڑھیں

صحابہؓ کا رسول کریمؐ اور خلفائے وقت کی بے مثال اطاعت اور ادب و احترام کا نمونہ

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر