• 25 اپریل, 2024

Covid-19 اپ ڈیٹ 24 ۔اپریل2020 ء

متاثرین کی تعداد27لاکھ اور ہلاک شدگان کی تعداد1لاکھ90ہزار سے تجاوز کر گئی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کے تجربات شروع۔ امریکہ میں ویکسین کاپہلا تجربہ ناکام۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بعض ممالک پر تنقید اور چین کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کی امداد کا اعلان

امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچ گئی ۔ جبکہ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جرمنی سمیت بعض ممالک نے لاک ڈاؤن قدرے نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمارکے مطابق متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے ممالک کی فہرست حسب ذیل ہے۔

1 امریکہ 842,624
2 سپین 213,024
3 اٹلی 187,327
4 فرانس 157,135
5 جرمنی 150,729
6 برطانیہ 134,639
7 ترکی 98,674
8 ایران 85,996
9 چین 83,876
10 روس 62,773

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کے تجربات شروع

آکسفورڈ یونیورسٹی میں تیار کی جانے والی ممکنہ ویکسین کے انسانوں پر تجربے شروع ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کورونا کا غیر تصدیق شدہ علاج تجویز کرنے پر تنقید ہو رہی ہے۔ جبکہ ایک سابق اہلکار نے دعوی کیا ہے کہ انھیں ٹرمپ کی حمایت یافتہ دوا کی مخالفت کرنے پر نوکری سے نکالا گیا ہے۔

(بی بی سی اردو سروس)

امریکہ میں ویکسین کا پہلا تجربہ ناکام

کورونا وائرس کے خلاف تیار کردہ ایک ممکنہ دوا کا پہلا طبی تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔ رمڈیسیور نامی اس دوا کے حوالے سے بڑے پیمانے پر لوگ پُرامید تھے کہ یہ کووڈ 19 وائرس کا علاج کرنے میں کامیاب ہو گی۔

تاہم عالمی ادارہِ صحت کی جانب سے حادثاتی طور پر شائع کر دی جانے والی کچھ دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ اس دوا کا چین میں کیا گیا تجربہ ناکام رہا ہے۔

دستاویز میں لکھا ہوا ہے کہ اس دوا سے نہ تو مریضوں کی حالت میں کوئی بہتری آئی اور نہ ہی اس کے استعمال سے مریض کے خون میں اس وائرس کی مقدار کم ہوئی ہے۔

ادھر اس دوا کو تیار کرنے والی گلیڈ سائنسز نامی امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دستاویز نے اس تجربے کو درست انداز میں پیش نہیں کیا ہے۔

(بی بی سی اردو سروس)

معاشی اور سیاسی تنازعات

یورپی یونین نے وبا سے متاثرہ یورپی ممالک کی مدد کے لیے 540 ارب یورو کے ایمرجنسی فنڈ کی منظوری دے دی ہے جبکہ جی 20 گروپ نے مزید امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

(بی بی سی اردو سروس)

چین نے کورونا وائرس کے خلاف عالمی لڑائی میں مدد کے لیے عالمی ادارہ صحت کے لیے مزید تین کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

(بی بی سی اردو سروس)

جامعہ ازہر کے امام کی نمازیں گھر میں ادا کرنے کی اپیل

مصر کی مسجد الازہر کے امام نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ماہ رمضان میں اپنے گھروں میں نماز ادا کریں کیونکہ مساجد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر بند ہیں۔

ماہ رمضان کی مبارکبار دیتے ہوئے امام احمد الطیب نے اپنے پیغام میں کہا: ’ہم مسلمان اس برس رمضان کے مقدس مہینے کا استقبال اپنے دلوں میں موجود درد اور اداسی سے کر رہے ہیں کیونکہ مساجد میں عبادات معطل ہیں۔

اسی دوران امام طیب نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ’کسی بھی ایسے پیغام کو نظرانداز کر دیں جس کے مطابق روزہ رکھنے سے انسانی قوت مدافعت کا نظام کمزور ہوتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس طرح کی باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔‘

اس سے قبل مصر کے مفتی شیخ شاقی عالم نے کہا تھا کہ اس خوف سے روزہ نہ رکھنا کہ آپ کووڈ 19 کا شکار ہو جائیں گے، کا کوئی جواز نہیں بلکہ روزہ انسان کے قوت مدافعت کو بہتر بناتا ہے۔

مصر میں اب تک کورونا وائرس سے 287 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ملک میں متاثرین کی تعداد 3891 ہے۔

(بی بی سی اردو سروس)

کورونا وائرس انسانی حقوق کے بحران کا سبب بنتا جارہا ہے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پیش نظر اٹھتے ہوئے بحرانوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض ملکوں کے آمرانہ رویہ سے انسانی حقوق کا بحران جنم لے رہا ہے۔چین، ہندوستان، ترکی اور جنوبی افریقہ کے نام لے کر کورونا روائرس سے نپٹنے کی حکمت عملی کو نا مناسب قرار دیا گیا ہے۔

(دی گارڈین)

                                        انیس احمد ندیمؔ۔ جاپان

                                        نمائندہ روزنامہ الفضل لندن (آن لائن)

پچھلا پڑھیں

افریقہ Covid-19 ڈائری نمبر8 ،24۔اپریل2020ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ