• 25 اپریل, 2024

کلام محمود

آؤ محمود ذرا حال پریشاں کردیں
اور اس پردے میں دشمن کو پشیماں کردیں
خنجرِ ناز پہ ہم جان کو قرباں کردیں
اور لوگوں کے لئے راستہ آساں کردیں
کھینچ کر پردہ رخِ یار کو عریاں کردیں
وہ ہمیں کرتے ہیں ہم ان کو پریشاں کردیں
وہ کہیں ہم کہ گداگر کو سلیماں کردیں
وہ کریں کام کہ شیطاں کو مسلماں کردیں
پہلے ان آرزوؤں کا کوئی ساماں کردیں
دل میں پھر اس شہ خوباں کو مہماں کردیں
ایک ہی وقت میں چھپتے نہیں سورج اور چاند
یا تو رخسار کو یا اَبرو کو عریاں کردیں
آج بے طرح چڑھی آتی ہے لعلِ لب پر
ان کو کہدو کہ وہ زلفوں کو پریشاں کردیں
آدمی ہوکے تڑپتا ہوں چکوروں کی طرح
کبھی بے پردہ اگر وہ رخِ تاباں کردیں
اک دفعہ دیکھ چکے موسیٰ ؑتو پردہ کیسا
ان سے کہدو کہ وہ اب چہرہ کو عریاں کردیں
دل میں آتا ہے کہ دل بیچ دیں دلدار کے ہاتھ
اور پھر جان کو ہم ہدیۂ جاناں کردیں
وہ کریں دم کہ مسیؑحا کو بھی حیرت ہوجائے
شیرِ قالیں کو بھی ہم شیر نیستاں کردیں

(اخبار بدر جلد 8۔ 29 اپریل 1909ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2020