• 25 اپریل, 2024

سجے دربار جلسے کا

چلو آؤ نظارا پھر کریں اک بار جلسے کا
سمیٹیں برکتیں اِس کی، کریں دیدار جلسے کا

زہے قسمت پلٹ آیا وصالِ یار کا موسم
طبیعت کو قرار آئے، سجے دربار جلسے کا

ہر اک دل کی یہ خواہش ہے ہمیں قربت ملے اُس کی
حقیقت میں تو مرکز ہے ہمارا یار جلسے کا

بدلتے ہم نے دیکھے ہیں کئی انداز جلسے کے
مگر اخلاص و الفت میں وہی معیار جلسے کا

محبت ہی محبت ہے، نہیں نفرت کسی سے بھی
اِسی پر منحصر اپنا یہ کاروبار جلسے کا

اِسی کے دم سے ہم سب نے ہمیشہ تازگی پائی
ہماری زندگی میں ہے بڑا کردار جلسے کا

وہی دستِ دعا میں ہر گھڑی موجود رہتا ہے
کیا تھا جس نے خود آغاز اور پرچار جلسے کا

ترستے ہیں ترے بندے جہاں جلسے کی رونق کو
خدایا راستہ کر دے وہاں ہموار جلسے کا

(نجیب احمد فہیم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

بغیر کسی جائز عذر کے جلسے سے غیر حاضر نہیں رہنا چاہئے