• 19 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

مکرم میر انجم پرویز ۔مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے لکھتے ہیںکہ:
مؤرخہ 17 جنوری 2022 کو روزنامہ الفضل آن لائن میں آنمکرم نے خاکسار کا ایک مضمون ’’ابھی وہ، نامِ خدا، ہے غنچہ‘‘ کے عنوان سے شائع فرمایا ہے، جس پر خاکسار آپ کا بےحد ممنون وشاکر ہے۔ جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی کتاب ’’سرمہ چشم آریا‘‘ میں ایک شاعر کرامت علی خان شہیدی کا ایک مصرع ’’ابھی وہ نامِ خدا ہے غنچہ، صبا تو چھو بھی نہیں گئی ہے‘‘ درج فرمایا ہے۔ اس مضمون میں اس شاعر کا تعارف اور وہ نظم دی گئی ہے جس کا ایک مصرع حضور نے اپنے مضمون میں استعمال فرمایا تھا۔

اس مضمون کے آخر میں ’’دیوانِ شہیدی‘‘ میں سے اس صفحے کا عکس بھی دیا گیا تھا جس میں یہ نظم شامل ہے، لیکن یہ عکس شائع ہونے سے رہ گیا تھا۔ بعض احباب نے یہ مضمون پڑھ کر پوچھا کہ کیا یہ مصرع شاعر کے کسی مطبوعہ دیوان میں بھی ملتا ہے؟ اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ قارئینِ الفضل کے لیے دیوانِ شہیدی کا یہ عکس چھاپ دیا جائے۔

(عکس دیوانِ شہیدی مطبوعہ 1873ء۔سرورق وصفحہ183)

یہاں یہ ذکر بھی مفید ہوگا کہ کرامت علی خان شہیدی صاحب کا کلام ’’کلیاتِ شہیدی‘‘ کے نام سے بھی شائع شدہ ہے۔ اس میں صفحہ نمبر 58 پر بھی یہ نظم شامل ہے۔ کلیاتِ شہیدی میں سے اس صفحے کا عکس بھی ہدیۂ قارئین ہے۔

(عکس کلیاتِ شہیدی۔ سرورق وصفحہ58)

اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے بےشمار فضلوں سے نوازے اور الفضل کو قبولِ عام عطا فرمائے اور قارئین الفضل کے علم وفضل میں پیش بہا اضافہ فرمائے، آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ