• 18 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 9؍فروری 2023ء بروز جمعرات 12بجے دوپہراپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائیں۔

نماز جناز ہ حاضر

محترمہ امۃ الرشید صاحبہ اہلیہ مکرم لئیق احمد کھوکھر صاحب مرحوم (لندن)

3؍فروری 2023ء کو 89 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت قاضی ضیاء الدین صاحب رضی اللہ عنہ کی پڑپوتی اور حضرت قاضی عبد الرحیم صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی اور مکرم قاضی عبد السلام بھٹی صاحب کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ نے جلنگھم اور کرائیڈن میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت رابعہ اور پھر خلافت خامسہ میں بھی کچھ عرصہ ڈاک ٹیم میں خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ نما ز اور روزہ کی پابند، تہجد گزار، نرم مزاج، غُرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک مخلص بزرگ خاتون تھیں۔ بچوں کی پرورش انتہائی محنت اور لگن سے کی۔ آپ کے سب بچے اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت میں خدمت کی توفیق پارہےہیں۔ پہلے شوہر کی وفات کے بعد آپ نے مکرم سید بشیر احمد شاہ صاحب کے ساتھ عقد ثانی کیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے اور 7 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یاد گار چھوڑے ہیں۔ مرحومہ مکرم ڈاکٹر فرید احمد صاحب (رضا کار کارکن وکالت تبشیر یوکے) اور مکرم ولید احمد صاحب (لائبریرین آفتاب خان لائبریری بیت الفتوح یوکے) کی والدہ تھیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم میر ظہیر الدین صاحب ابن مکر م میر نورالدین صاحب (المعروف واپڈا والے۔ربوہ)

29؍اکتوبر 2022ء کو 83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ کے دادا حضرت مولوی الف دین صاحب رضی اللہ عنہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ نے تقریباً 19 سال دار النصر وسطی ربوہ میں صدر محلہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ صدارت سے قبل آپ کو بطور زعیم انصار اللہ، سیکر ٹری امور عامہ اور دیگر شعبوں میں بھی خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے گہرا عقیدت کاتعلق تھا۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، ایک نیک، ہمدرد اور مخلص انسان تھے۔ واقفین زندگی اور مربیان کی بہت عزت کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بھتیجے مکرم میرصلاح الدین صاحب مربی سلسلہ آجکل یوکے میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرمہ امتہ النصیر بیگم صاحبہ اہلیہ محترم صوفی عنایت اللہ صاحب مرحوم معلم وقف جدید (ربوہ)

11؍نومبر 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت چوہدری علی محمد صاحب رضی اللہ عنہ کی بیٹی اور حضرت میاں غلام دین صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار اورباقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، مالی قربانی میں پیش پیش ،بہت غریب پرور،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کُتب اور الفضل کا روزانہ مطالعہ کرتیں اور اپنے بچوں کو سنایا کرتی تھیں ۔آپ کے خاوند معلم وقف جدید تھے اس لئے آپ ان کے ساتھ مختلف دیہات میں بچیوں کو قرآن مجید ناظرہ اور نماز باترجمہ پڑھاتی رہیں اور اپنے واقف زندگی خاوند کے ساتھ ایک واقف زندگی معلمہ کی طرح کام کرتی رہیں۔ محلہ طاہر آباد ربوہ میں بطور صدر لجنہ اماء اللہ چھ سال خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اوردو بیٹے اورکثیر تعداد میں پوتے، پوتیاں، نواسے، نواسیاں اور آگے ان کی اولادیں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹےمکرم برکت اللہ صاحب وکالت تبشیر اسلام آباد یوکے میں اور دوسرے بیٹے مکرم غلام مصطفی صاحب نظارت علیاء ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-3 مکرم ڈاکٹر محمد اسلم صاحب (علی پورچٹھہ ضلع گوجرانوالہ)

26؍دسمبر 2022ء کو 86سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ نے جوانی میں خود تحقیق کرکے بیعت کی تھی ۔عزیز رشتہ داروں نے بہت دباؤ ڈالا اور ساتھ چھوڑ دیا۔ پہلی بیگم نے بھی علیحدگی اختیار کرلی لیکن آپ احمدیت پر ثابت قدم رہے۔ اپنے علاقے کے معروف معالج تھے اور اللہ تعالیٰ نے ان کے ہاتھ میں بہت شفاء رکھی تھی۔ صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، شفیق، ملنسار، نرم مزاج، بہت مخلص اور نیک فطرت انسان تھے۔ ایک علمی ذوق رکھنے والے بہترین داعی الی اللہ بھی تھے۔ مقامی سطح پر صدر جماعت کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم 19 دن اسیر راہ مولا بھی رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

-4 مکرم رفیق احمد صاحب (حیدر آباد۔انڈیا)

4؍ مارچ 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحوم پنجگانہ نمازوں کے پابند اور حتی الوسع نماز تہجد کا التزام کرنے والے ایک مخلص انسان تھے۔جماعت اور خلافت کے ساتھ پختہ تعلق تھا۔مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے ۔صدر حلقہ کے علاوہ بعض اَور عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ والدین اور ایک بھائی شامل ہیں۔

-5 مکرمہ سعدیہ بٹ صاحبہ اہلیہ مکرم طاہر احمد بٹ صاحب (کراچی)

یکم مئی 2022ء کو 86سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، دعا گو، خوش اخلاق ایک نیک اور پرہیز گار خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ والہانہ عشق تھا۔ چھوٹی عمر سے ہی خدمت دین میں بڑی فعال رہیں اور لاہور اور کراچی میں مقامی سطح پر صدر لجنہ کے علاوہ مختلف عہدوں پر بہت عمدہ رنگ میں خدمت کی توفیق پائی۔ دعوت الی اللہ کے کاموں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-6 مکرم Saindo Shafi صاحب (REUNION۔آئی لینڈ)

گزشتہ دنوں 49 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ 2012ء میں ایم ٹی اے کے ذریعہ ’’مایوٹ‘‘ میں احمدی ہوئے تھے اور بہت مخلص اور باوفا انسان تھے۔ تبلیغ کا بہت شوق رکھتے تھے۔ گزشتہ سات ماہ سے ’’ری یونین‘‘ میں بغرض علاج قیام پذیر تھے اور وہیں آپ نے وفات پائی۔

-7 مکرم ناصر خان صاحب (بانسرہ صوبہ بنگال۔انڈیا)

کچھ عرصہ قبل71 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ نے 1965ء میں بیعت کی تھی۔ اپنا چندہ باقاعدگی سے ادا کرتے تھے۔ بہت مہمان نواز اور اچھے اخلاق کے مالک ایک مخلص انسان تھے۔ پسماندگا ن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم رشید احمد خان صاحب معلم سلسلہ آجکل نظارت اصلاح وارشاد جنوبی ہند میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-8 مکرم سید اقوال احمد جواد صاحب ابن مکرم سید عبد الحفیظ صاحب مرحوم (بنگلور کرناٹک۔انڈیا)

گزشتہ دنوں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے والد کے ذریعہ آئی۔ مرحوم صَوم و صَلَوٰۃ کے پابند تھے۔ گزشتہ نو سال سے بیمار چلے آرہے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-9 مکرمہ وسیم زارا احمد صاحبہ (وولور ہیمپٹن ۔یوکے)

4؍جنوری 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ سکول ٹیچر تھیں۔ بچوں کی تعلیم وتربیت کا خیال رکھتی تھیں۔ مقامی لجنہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرتی رہیں۔صَوم و صَلَوٰۃکی پابند ، چندہ جات میں باقاعدہ ،مالی قربانی میں حصہ لینے والی ،ایک غریب پرور ہمدرداور مخلص خاتون تھیں۔

-10 عزیزم فارس احمد بھٹی ابن مکرم شمیم احمد بھٹی صاحب (جرمنی)

6؍جنوری 2023ء کو 12سال کی عمر میں گھٹیالیاں (ضلع سیالکوٹ) میں ایک موٹر سائیکل حادثہ میں وفات پا گیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ عزیز پانچ وقت کا نمازی اور مسجد سے بہت لگاؤ رکھتا تھا۔ تنظیمی کاموں میں بہت شوق سے حصہ لیتا تھا۔چندہ خود اپنی جیب خرچ سے ادا کیا کرتا تھا۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی