• 25 اپریل, 2024

اطالاعات و اعلانات

مکرم محمد زاہد جرمنی لکھتے ہیں۔

خاکسار کےبرادر نسبتی مکرم عبدالاعلیٰ کا بیٹا عزیزم توقیر احمد بمعرایک سال طاہر ہارٹ انسٹییوٹ میں داخل ہے ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ دل میں سوراخ اوردل کی نالیاں بند ہیں ہفتہ بروز 16 مئی کو آپریشن ہوا ہے دُعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچے کا آپریشن کامیاب کرے اور شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔آمین

مکرم انصر شہزاد باجوہ لکھتے ہیں۔

خاکسار کے خالو جان مکرم چوہدری طاہر محمود دیو گزشتہ چند ایام سے پھیپھڑوں کے شدید مرض میں مبتلا ہیںاور آجکل الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیر علاج ہیں۔قارئین سے درخواست ہے کہ ان کے لیے خصوصی دعا کریں۔

سانحہ ارتحال

مکرم کولمبس خان۔جرمنی لکھتے ہیں۔

جماعت ِ احمدیہ مہدی آباد کے ایک قدیمی ممبر مکرم جعفر احمد خاں اِبن مکرم رانا عبدالجبار مرحوم آف ربوہ مورخہ 14 مئی 2020ءکو ہارٹ اٹیک کی بدولت ہمبرگ جرمنی میں ایک لمبی بیماری کے بعد اللہ تعالیٰ کو پیارے ہوگئے۔ اِنّا لِلّٰہِ وَ اِنّآ اِلَیْہِ رَاجِعُون۔

ان کے دادا جان مکرم غلام قادر خاں مرحوم کو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کرنےکی سعادت بخشی تھی۔ مکرم جعفر صاحب 1976ء میں جرمنی آئے اور مہدی آباد جماعت کے ابتدائی ممبروں میں سے تھے۔ چند سال بعد ہمبرگ منتقل ہو گئے۔جماعتی تقریبات کے موقعہ پر عموماً ضیافت کے شعبہ میں ڈیوٹی کی توفیق پائی۔ قران مجید کی باقاعدہ تلاوت کیا کرتے تھے۔ ملنسار اور دوست نواز تھے۔ جرمنی کے پہلے جلسہ سالانہ کے موقع پر بھی ہمبرگ میں شعبہ ضیافت میں خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم نے اپنے پیچھے بیوہ کے علاوہ دو بیٹےدو بیٹیاں، دو پوتیاں اورپانچ نواسیاں نواسے چھوڑے ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔ تدفین کے لئے میّت کو پاکستان بھجوانے کا انتظام کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی اولاد در اولاد کو سلسلہ کے لئے مفید وجود بنائے ۔ آمین

تکمیل دَور قرآن اول

مکرم مظفراحمدشہزاد لکھتےہیں۔
خاکسار کے بیٹے عزیزم مُدَثِّر احمد تمثیل نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے بعمر آٹھ سال چھ ماہ مؤرخہ 13 مئی 2020 بروز بدھ قرآن کریم کے پہلے دَور کی تکمیل کی توفیق پائی۔فَالحمدلِلّہ عَلی ذلک

عزیزم مکرم یعقوب احمد کا پوتا اور حضرت میاں جان محمد رضی اللہ تعالی ٰعنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا پڑپوتا ہے۔

قارئین الفضل سےدعا کی درخواست ہے کہ اللّہ تعالی عزیزم کو قرآن کریم سمجھ کر پڑھنے اور اس کے مطالب سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

تقریب آمین

مکرم خالد اقبال لکھتے ہیں۔
خاکسار کے بیٹے عزیزم حارث احمد نے بعمر سات سال قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کرلیا ہے۔ الحمد للہ۔ یہ دور عزیزم حارث احمد کو اس کی والدہ محترمہ فائزہ بشیر نے گھر پر پڑھایا۔ حارث احمد کے ساتھ حلقہ کے ایک اور بچہ عزیزم حماد احمد ولد مکرم نعمت اللہ منگلا نے بھی ساتھ ہی پہلا دور مکمل کیا۔ حارث احمد کے نانا جان مکرم خواجہ بشیر احمد نے تلاوت سن کرآمین کروائی۔ عزیزم حارث احمد مکرم چوہدری عبدالحمید مرحوم برادر اصغر ڈاکٹر پروفیسر عبدالسلام نوبل انعام یافتہ کا پوتا ہے۔ ان بچوں نے اب قرآن مجید لفظی ترجمہ کے ساتھ پڑھنا شروع کیا ہے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ ان بچوں کو قرآن پڑھنے اور اس کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

معلومات درکار ہیں

مکرم مرزامدثراحمد لکھتےہیں۔
خاکسار اپنے دادا جان حضرت مرزا عبدالحق مرحوم سابق امیر ضلع سرگودھا کے حالاتِ زندگی جمع کررہا ہے تاکہ احبابِ جماعت کے استفادہ کےلئے اسے شائع کیا جاسکے۔

اس سلسلہ میں دنیا بھر میں پھیلےاحبابِ جماعت سے درخواست ہے کہ اگر ان کے پاس حضرت مرزا عبدالحق مرحوم کی کوئی تصویر، یا خط ہو یا ان کے علم میں ان کا کوئی واقعہ ہو تو وہ خاکسار کو بھجوا دیں تاکہ اسے کتاب میں شامل کرکے تاریخی ریکارڈ کا حصہ بنایاجاسکے۔

تصاویر اور خطوط وغیرہ سکین کرکے ای میل کے ذریعے یا وٹس ایپ کے نمبر پر بھجوائے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح اگرآپ نے ان سے متعلق کوئی واقعہ بیان کرنا ہو تو اسے اردو یا انگلش میں ٹائپ کرکے ای میل /وٹس ایپ کرسکتے ہیں یا پھر ہاتھ سے لکھ کر بھی بھجواسکتے ہیں۔

براہِ کرم تصاویر یا واقعات ارسال کرتے وقت ، اس کے مقام اور سال وغیرہ کا جس حد تک ممکن ہوسکے ، درست تحریر فرمائیں۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء

پچھلا پڑھیں

مٹاپا، Obesity دورِحاضرکا ایک خطرناک چیلنج

اگلا پڑھیں

اردو سکھانے والے اپنے آپ کو پیش کریں