• 25 اپریل, 2024

رپورٹ جلسہ سیرۃ النبی ﷺ تاویونی جماعت

الحمدُللہ ثُم الحمدُللہ کہ تاویونی جماعت کو اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے مؤرخہ 2نومبر 2020ء کو اپنا جلسہ سیرۃ النبی ﷺ بڑی کامیابی کے ساتھ گورنمنٹ کالج تاویونی میں منانے کی توفیق ملی ۔

تیاری جلسہ :۔ جلسہ سے 3ہفتہ قبل مکرم و محترم طارق احمد رشید صاحب مربی سلسلہ تاویونی نےمقامی صدر صاحب اور جماعت ممبران کے ساتھ میٹنگ کر کے پروگرام بنایا بعدازاں مکرم امیر صاحب سے رہنمائی حاصل کی اور پھر حضور پُر نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں بھی جلسہ کی کامیابی کے لئے دُعا ئیہ خط لکھ کرباقاعدہ تیاری شروع کر دی گئی ۔

جلسہ کی کامیابی کے لئے مجلس عاملہ کی متعدد میٹنگز کی گئیں۔امسال جلسہ کے لئے تاویونی جماعت نےفجی کے پُرانے اور ابتدائی حکمران چیف فیملی کے سربراہ مکرم راتو ایپیلی گنی لاؤ صاحب کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جنہوں نے بڑی محبت اور خوش دلی کے ساتھ اس دعوت کو قبول کیا ، مکرم راتو صاحب خود ریٹائر ڈ بریگیڈئر آرمی کمانڈر ہیں اورفجی کے پہلے پریذیڈینٹ مکرم راتو پنیا صاحب کے بڑے بیٹے اور راتو کسیسیمارا صاحب جو فیجی کے پہلے وزیر اعظم تھے،اُن کے داماد ہیں۔ ان کے علاوہ علاقے میں ہرمذہب کے لیڈر کو دعوت دی گئی نیز 10 مختلف چرچز کے پادریوں کو بھی دعوت نامے بھجوائے گئے۔

اسی طرح جلسہ کے پروگرام کے مطابق نظم اور تقاریر کی تیاری کے لئے بھی متعدد کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام جلسہ سیرۃ النبی ﷺ :۔ مؤرخہ 2 نومبر کی صبح مکرم طارق احمد رشید صاحب مربی سلسلہ تایونی نے جلسہ کے دن کی مناسبت سے باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا اور نماز فجر کے بعد احباب جماعت کالج میں مہمانوں کے استقبال کے لئے تشریف لے گئے۔ کالج کے ہال کو اسلامی تعلیمات پرمشتمل بینرز سے مزین کیا گیا تھااور دیواروں پر مختلف احادیث کے ساتھ ساتھ حضور ﷺ کی تعریف میں نان مسلم سکالرز کے بیانات بھی آویزاں کئےگئے تھے۔

مکرم و محترم مولانا محمود احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج فجی بھی اس جلسہ میں شمولیت کے لئے تشریف لائے۔ مہمانان کرام کی آمد کے بعد اُن کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

پروگرام کے مطابق صبح 11:00بجے تلاوت قرآن کریم مع انگریزی اور فیجئن ترجمہ سے جلسہ کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔اس کے بعد جلسہ میں 2نظمیں اور1تقریر حضور ﷺ کی سیرت طیبہ پر پیش کی گئی۔

عدازاں اس جلسہ میں 2 مختلف عیسائی پادریوں اور 1 ہندو پنڈت نے بھی بڑی تفصیل سے نہ صرف آنحضرت ﷺ کی سیرۃ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی بلکہ اسلام کی عظیم اور معاشرے کے لئے اہم تعلیم کا بھی بر ملا اظہار کیا جس کو تمام طلباء نے اور تمام حاضرین نے بڑی توجہ سے سُنا ۔اس کے بعد معزز مہمان خصوصی مکرم راتو ایپیلی گنی لاؤ صاحب نے بھی حضور ﷺ کے اخلاق طیبہ کا بخوبی تذکرہ کیا اور کہا کہ آپ ﷺ کی شخصیت کے بارے میں مطالعہ کرنے کے بعد جس بات نے مجھے متاثر کیا ہے وہ آپﷺ کا معاشرے کو تبدیل کرنے کے لئے عملی نمونہ تھا جس سے وہ کامیاب ہوئے ۔اسی طرح سیرت کے اور مختلف پہلوؤں کو بھی بڑی خوبصورتی سے انہوں نے بیان کیا ۔

بعد ازاں امیر ومشنری انچارج فجی مکرم ومحترم مولانا محمود احمد صاحب نے بھی آنحضرت ﷺ کی سیرت اور قیام امن سے تعلق اسلام کی تعلیم کو بیان کیا اور اسی تعلیم کی تجدید کے لئے آنے والے مسیح موعودؑ اور مہدی موعودؑ اور آپؑ کی خلافت کی قیادت میں بڑھنے والی جماعت احمدیہ کو بھی بطور مثال پیش کیا کہ جو تعصب سے پاک اور امن کا پیغام ہمارے آقا ﷺ آج سے تقریباً 1500 سال پہلے لائے تھے آج اسکی عملی تصویر بفضل تعالیٰ ہماری عالمگیر جماعت احمدیہ پیش کر رہی ہے۔ اس کی زندہ مثال آج کا یہ عظیم جلسہ ہے جسکو اس جزیرے پر بسنے والے چند احمدی گھرانوں نے کامیابی کے ساتھ منعقد کیا ہے۔ اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو بُلا کر نہ صرف بھائی چارے کا نمونہ قائم کیا ہے بلکہ اسلام اور حضور ﷺ کی امن پسند تعلیم سے بھی یہاں موجود لوگوں کو متعارف کروایا ہے۔ الحمدُ للہ علیٰ ذٰلک

جلسہ کے آخر پرمکرم و محترم طارق احمد رشید صاحب مربی سلسلہ نے تمام حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خاتم الانبیاء آنحضرتﷺ کی پیشگوئیوں کو گزشتہ الہامی کتب کےحوالہ سے مختصراًبیان کیا جس کے بعدمکرم ومحترم مولانا محمود احمد صاحب امیر و مشنری انچارج فجی نے دعا کروائی۔ اسی طرح معزز مہمان کے علاوہ دیگر مختلف مذاہب کے مقررین کو بھی حضرت مسیح موعودؑ کی معرکۃ الآرا کتاب (اسلامی اصول کی فلاسفی) کا انگریزی ترجمہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کی کتاب (اسلامز ریسپونس ٹو کنٹیمپرری اشوز) کے نسخہ جات بطور تحفہ پیش کئے جس کو انہوں نے شکریہ کےساتھ قبول کیا۔ اسی طرح عوام الناس کے لئے بھی جلسہ گاہ ایک طرف جماعتی لٹریچر پر مشتمل تبلیغی بُک سٹال کا اہتمام تھا جس سے طلباء اور حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔
الحمدُللہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور پُر نور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں سے نہائت کامیاب رہا جس میں کُل 335 مرد و زن نے شرکت کی۔ بڑی تعداد میں زیر تبلیغ احباب بھی تشریف لائے تھے۔ جلسہ کے اختتام پر تمام شاملین کے لئے کھانے کا انتظام تھا۔

درخواست ِدعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کے ایمان واخلاص میں برکت ڈالے اور ان کو جلسہ کی برکات اور مقاصد سے بھر پور حصہ پانے کی توفیق دے اور تمام جماعت کے ممبران اور کالج کے پرنسپل صاحب اور انکی ٹیم کو بھی اجر عظیم سے نوازے جنہوں نے اس جلسہ کی کامیابی کے لئے بھر پور تعاون اور کوشش کی۔آمین ثم آمین ۔جزاھُم اللہ واحسن الجزاء۔

(رپورٹ: سیف اللہ مجید مبلغ سلسلہ فجی نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (فجی))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 دسمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 دسمبر 2020