• 25 اپریل, 2024

لجنہ لوليو سویڈن کے تحت مینا بازار کا انعقاد

الحمدللّٰہ، موٴرخہ 5؍نومبر 2022ء کو لجنہ اماء اللہ لولیو کو ایک مینا بازار کے انعقاد کی بفضل تعالیٰ توفیق عطا ہوئی۔

لولیو سویڈن کے شمال میں ایک شہر ہے جو کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہالم سے تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہاں باقاعدہ جماعت کا قیام عمل 2006ء میں ہوا۔ جون 2013ء میں مکرمی جناب رضوان احمد افضل صاحب کی لولیو میں بطور اول مبلغ سلسلہ تقرری ہوئی۔

لولیو جماعت ابتداء سے ہی مالی قربانی میں صف اول میں رہی۔ چندہ تحریک جدید میں فی کس ادائیگی میں لولیو جماعت سارے ملک سے آگے رہی اور الحمدللّٰہ آج بھی ہے۔ اسی طرح تبلیغ کے میدان میں لائبریریز میں تبلیغی اسٹال اور فولڈرز کی تقسیم میں بھی لولیو جماعت کو نمایاں کام کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علی ذالک

اس شہر میں دسمبر 2006ء میں جب پہلی احمدی فیملی آکر آباد ہوئی تھی تو اس وقت یہاں لجنہ کی کل تعداد صرف تین تھی گو یہ آج بھی بہت کم یعنی صرف تیس ہے۔ تاہم نیکیوں میں آگے بڑھنے کی توفیق اور ترقیات کا سارا انحصار سراسر خدا تعالیٰ کے فضل پر موقوف ہوتا ہے۔ اس قلت تعداد کو دیکھتے ہوئے حضرت مصلح موعودؓ کا یہ اقتباس ہمیشہ ذہن میں آجاتا ہے کہ جس میں آپ فرماتے ہیں کہ:
’’اس بات کو مد نظر رکھیں کہ ان کا تعداد پر بھروسہ نہ ہو بلکہ کام کرنا ان کا مقصود ہو۔۔۔اپنا عملی نمونہ بہتر سے بہتر دکھانا چاہئے۔۔۔ تم سمجھو کہ صرف تم پر ہی اس کام کی ذمہ داری عائد ہے۔۔۔یہ سب وہم اپنے دلوں سے نکال دو کہ لوگ تمہارے ساتھ شامل نہیں ہوتے تم اگر نیک کاموں میں سرگرمی سے مشغول ہو جاؤ تو میں تمہیں سچ کہتا ہوں کہ لوگوں پر اس کا اثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا، سورج مشرق کی بجائے مغرب سے طلوع ہو سکتا ہے سورج مغرب کی بجائے مشرق میں ڈوب سکتا ہے مگر ممکن ہی نہیں کہ کسی نیک کام کو جاری کیا جائے اور وہ ضائع ہو جائے یہ ممکن ہی نہیں کہ تم نیک کام کرو اور خدا تمہیں قبولیت نہ دے۔۔اگر تم یہ کام کرو تو گو دنیا میں تمہارا نام کوئی جانے یا نہ جانے مگر خدا تمہارا نام جانے گا اور جس کا نام خدا جانتا ہو اس سے زیادہ مبارک اور خوش قسمت اور کوئی نہیں ہو سکتا۔‘‘

(بحوالہ الفضل 10؍اپریل 1938ء)

تعارف

ہمارے دلوں میں احمدیت اور اسلام کا پیغام پہنچانے کی تمنا ہو یہ محض لوگوں تک پیغام پہنچانے کا ایک ذریعہ ہے۔

مینا بازار بنیادی طور پر ایک کلچر شو ہوتا ہے، جس میں پاکستانی کھانوں اور گھر کی فالتو چیزوں (ضرورت سے زائد اشیا) کی فروخت کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ اس میں شعبہ صنعت و دستکاری اور شعبہ اشاعت کے تحت نمائش کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

امسال اس پروگرام کی تشہیر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی کی گئی جسے مقامی لوگوں سے خاصی پذیرائی ملی۔

عورتیں قوم کا آدھا دھڑ ہوتی ہیں

شعبہ ضیافت (سیکرٹری سجیلہ صدیق صاحبہ)، صنعت و دستکاری (سیکرٹری عطیہ ندیم صاحبہ)، اشاعت (سیکرٹری خالدہ صدیق صاحبہ) کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے تمام لجنہ و ناصرات نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔

ماشاءاللّٰہ لجنہ اماء اللہ لولیو میں اخلاص و قربانی اور فدائیت اور للہیت کا ایک زبردست ولولہ دیکھا گیا۔ اپنے ننھے منے اور کم عمر بچوں کو سنبھالتے ہوئے سب نے انتھک محنت اور کوشش کرکے نہ صرف خوردونوش کا انتظام کیا بلکہ سارا دن مستقل کھڑے رہ کر ڈیوٹی کر کے اپنے ذمہ دار ہونے کا بھرپور حق بھی ادا کیا۔

جگہ کا انتخاب

چونکہ کہ سویڈن میں رہنے والے لوگوں کی اکثریت دہریت پسند ہے ہے اس لیے یہ لوگ مذہبی مقامات اور تقریبات میں جانا پسند نہیں کرتے۔ اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مقامی صدر لجنہ لولیو محترمہ حمیرا نصیر صاحبہ نے دیگر لجنہ کے اتفاق رائے سے متفقہ حکمت عملی کے تحت شہر کے وسط میں ایک بڑے ہال میں اس کا انتظام کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شمولیت اختیار کر سکیں اور ایک مثبت تاثر لے کر جائیں۔

منظر کشی

ہال کے ایک جانب رنگا رنگ ملبوسات، جوتے، چوڑیاں، مہندی، ہاتھ سے بنے ہوئے بیگز اور دیگر مختلف اشیا تھیں تو دوسری جانب من و سلویٰ سے اٹھتی ہوئی بھینی بھینی خوشبوئیں مہمان خواتین، بچوں اور تمام حاضرین کی بھوک کو اور بھی اشتعال دے رہی تھیں۔

اور ہر کوئی سستے داموں خریدی گئی اشیا کی خریداری پر شادماں نظر آیا۔

کھانے کے اسٹالز

کھانے کے اسٹالز میں پاکستانی کھانے جن میں چکن بریانی، دہی بڑے، گول گپے، سموسے، وغیرہ شامل تھے، جب کہ میٹھے میں فالودہ، گلاب جامن، براؤنی، فروٹ کیک تھا۔ انڈین چائے کے ساتھ ساتھ کشمیری گلابی چائے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جس سے اس سرد موسم میں سب بہت ہی محظوظ ہوئے

اس مینا بازار میں ناصرات بھی لجنہ سے کسی طور پیچھے نہ رہیں، انہوں نے بھی بھی اپنے دو الگ سٹالز لگائے جس میں کھلونے، ناصرات کے خود سے تیار شدہ قلم دان اور دیگر اشیا کے علاوہ اور ایک ٹاک شاپ بھی شامل تھی۔

مہمانوں کی تعداد

الحمدللّٰہ مہمانوں کی تعداد تقریباً ایک سو تک رہی۔

موٴ ثر ذریعہ تبلیغ

اس موقع پر بعض مہمان خواتین کو جماعت اور ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف بھی کروایا گیا جس پر ایک مہمان خاتون نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ بھی فلاحی کاموں کے لئے کچھ رقم ہیومینٹی فرسٹ کو عطیہ کرنا چاہتی ہوں۔

اس کے علاوہ لولیو لجنہ کی میزبانی سے متاثر ہو کر بعض خواتین نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ اگلی دفعہ جب بھی پروگرام ہو تو ہمیں ضرور مطلع کیجئے۔

اور بعض کو تو یہ کھانے اتنے پسند آئے کہ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ سے سے خانہ داری سیکھنی چاہیے۔

مقامی اخبار کو انٹرویو

دوران پروگرام مقامی اخبار کے ایک صحافی نے بھی رابطہ کیا اور محترمہ لبنیٰ احمد صاحبہ نے اسے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ کیسے جماعت کی عورتیں رضاکارانہ طور پر پورے ذوق و شوق سے کام کرتی ہیں، جماعت کے تعارف کے علاوہ جماعت کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے بارے میں بھی بتایا گیا جو کہ مقامی اخبار میں جماعت کے ماٹو کے ساتھ چھپا۔

آمدن

لوگوں کے اکثریت میں کشش پیدا کرنے کے لئے لیے خوردونوش کی چیزیں نہایت کم داموں فروخت کی گئیں۔

باوجود اس کے الحمدللّٰہ اس مینا بازار سے لجنہ اماء اللہ لولیو کو امسال دس ہزار کرون کی رقم حاصل ہوئی۔

مسجد کا قیام

یہاں جماعت کا ایک نماز سینٹر ہے جو کہ اب گنجائش کے لحاظ سے ناکافی ہو چکا ہے۔ اس ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز عزیز کی خدمت اقدس میں بھی دعائیہ خطوط لکھے جارہے ہیں اور مقامی طور پر بھی ایک بڑی مسجد بنانے کے لئے کوششیں جاری و ساری ہیں لجنہ اماء اللہ لولیو کی یہ چھوٹی سی کاوش بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھی۔

مینا بازار سے حاصل ہونے والی رقم لولیو مسجد کے لیے جمع کروائی گئی۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا یہ ارشاد ہمیں ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئے کہ جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ جہاں تم جماعت کی ترقی چاہتے ہو وہاں مسجد کی تعمیر کر دو۔ آج اسلام کا نام روشن کرنے کے لئے اور آج اسلام کا پیغام دنیا میں پھیلانے کے لئے ہم نے ہی قربانیاں کرنی ہیں اور کوشش کرنی ہے۔

اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا قرب پانے والیاں ہوں۔ اللہ تعالیٰ جلد اپنے فضل کے نظارے دکھائے۔

رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا

(البقرہ: 128)

اے ہمارے رب! ہماری طرف سے اسے قبول کر لے۔ آمین

(رپورٹ: شائستہ عزیز۔ مجلس لولیو، سویڈن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی