• 20 اپریل, 2024

ناموسِ رسالت

تحفظ خود خدا کرتا ہے ناموسِ رسالت کا
خدا نے کب تمہیں سونپا تھا کام اس کی حفاظت کا
کہیں ذرے بھی پہرہ دیتے ہیں مہرِ منور کا
وہ خود لیتا ہے بدلہ پاک بندوں کی اہانت کا
اگر دل چیر کے دیکھا ہے پھر کچھ فیصلہ کرنا
وگرنہ حق نہیں میرے عقائد کی وضاحت کا
یہ سارا ظلم کرتے ہو بظاہر نام پر اس کے
جو دم بھرتا ہے سب سے ہی محبت اور مروت کا
مقام بندگی پر ہی رہے انساں تو بہتر ہے
نہ ہو دعوی خدا کے فعل میں اس کی شراکت کا
گنہ ہے ظلم کرنا ’خوں بہانا‘ دل دکھا دینا
نہیں ہے ظالمو اندازہ تم کو رب کی طاقت کا
وہ ہوتا ہے معین اپنے پیارے کے معاون کا
اہانت کرتا ہے ان کی جو سوچیں بھی اہانت کا
تعصب اور نفرت سے جسے تم نے نہیں مانا
ہؤا ہے چار سو شہرہ اسی کی اب صداقت کا

(امۃ الباری ناصر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 مارچ 2021