• 25 اپریل, 2024

تبلیغ میں پریس اور میڈیا سے کس طرح کام لیا جاسکتا ہے (قسط 42)

تبلیغ میں پریس اور میڈیا سے کس طرح کام لیا جاسکتا ہے
ذاتی تجربات کی روشنی میں
قسط 42

ہفت روزہ پاکستان ایکسپریس نے اپنی اشاعت 7 مئی 2010ء صفحہ7 پر ہماری خبر خاکسار کی تصویر کے ساتھ شائع کی جس کی شہ سرخی یہ ہے:

’’اسلام میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں ہے‘‘

’’جماعت احمدیہ، امریکہ نیویارک میں کار بم دھماکے کی کوشش کی مذمت کرتی ہے۔‘‘

چینو کیلیفورنیا: (پ ر) کیلی فورنیا میں جماعت احمدیہ کی مسجد بیت الحمید کے امام شمشاد احمد صاحب نے جماعت احمدیہ کی طرف سے نیویارک میں دہشت گردی کی ناکام واردات کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو اس واقعے کی مذمت کرنی چاہئے۔ اسلام تو امن کی تعلیم دیتا ہے اور مسلمانوں کو اپنی سکونت کے ملک کے قوانین کی مکمل پابندی کا حکم دیتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ رسول کریم ﷺ نے اپنے ملک سے وفاداری کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے چنانچہ اس حکم کے مطابق تمام مسلمانوں کو سرزمین امریکہ سے وفاداری کا اظہار کرنا چاہئے۔ امام شمشاد نے امریکہ میں بسنےو الے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کر بآواز بلند اس قسم کے تشدد اور دہشت گردی کے واقعات کی پرزور مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں فراہم کردہ ہر قسم کی آزادی سے ہم فائدہ اٹھا رہے ہیں اس لئے ہمارا فرض ہے کہ یہاں کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے بانی نے 120 سال قبل کہا تھا کہ اسلام میں کسی قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی گنجائش نہیں۔ اس دہشت گردی کا ایک چھوٹا سا گروہ ذمہ دار ہے جو لوگوں کو گمراہ کرنے پر تلا ہوا ہے اور اسلام کا چہرہ مسخ کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہروں میں بد امنی پھیلانا بزدلانہ کام ہے اور دہشت گردی کے لئے کوئی عذر قبول نہیں ہے۔ امام شمشاد نے کہا کہ ہم ہر اس فورم پر دہشت گردی کی مذمت کرتے رہیں گے جو اس کی دسترس میں ہو۔‘‘

نیویارک عوام نے اپنی اشاعت 7 تا13 مئی 2010ء صفحہ 7 پر ہماری مندرجہ بالا خبر کو شائع کیا۔ جس میں جماعت احمدیہ کی طرف سے نیویارک میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی گئی ہے۔

ڈیلی بلٹن نے اپنی اشاعت10 مئی 2010ء فرنٹ پیج پر ہماری ایک بہت بڑی تصویر کے ساتھ خبر شائع کی ہے۔ خبر کی شہ سرخی یہ ہے ’’امن کا پیغام‘‘

’’Message of Peace‘‘

یہ تصویر بس کی ہے۔ جس پر جماعت احمدیہ کا پیغام درج ذیل جلی حروف میں لکھا ہوا ہے کہ:

مسلم فار پیس (مسلمان امن کے لئے)

اور وفاداری اور انصاف کے لئے

جماعت احمدیہ ہر قسم کےتشدد اور دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔

قرآن کریم کے 60 زبانوں میں تراجم۔ I-800-Why-Islam پر کال کریں۔ محبت سب کے لئے اور نفرت کسی سے نہیں۔
تصویر کے نیچے اخبار نے لکھا کہ جماعت احمدیہ مسلمہ کے لوکل چیپٹر کی طرف سے یہاں لاس اینجلس میں شہر کے اندر چلنےو الی بسوں پر یہ اشتہار شائع ہوا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ عوام الناس میں اسلام کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے کہ اسلام امن کی تعلیم دیتا ہے اور اس کا تشدد یا دہشت گردی سے دور کا بھی واسطہ نہیں اور تا لوگ ان کے مذہب کو امن والا سمجھیں۔

اخبار نے خبر میں یہ بات لکھی کہ اس وقت جہاں مسلمانوں کے بعض متشدد اور دہشت گردوں نے امریکن شہریوں کو دہشت گردی کی دھمکیاں دی ہیں۔ وہاں پر ایک چھوٹے سے مسلمانوں کے گروپ جن کا تعلق جماعت احمدیہ سے ہے نے یہ کوشش کی ہے کہ وہ لوگوں کو اپنے مذہب کے بارے میں باور کرائیں کہ ان کا مذہب اسلام امن والا مذہب ہے۔ اس کے لئے ان کی لوکل جماعت بیت الحمید سے تعلق رکھنے والی جماعت احمدیہ نے لاس اینجلس کی قریباً 200بسوں میں اپنے مذہب کے امن والا ہونے کے بارے میں بڑے بڑے پوسٹر اور اشتہار لگائے ہیں یہ پوسٹرز اور بینرز بسوں کے اندر قریباً 6 ماہ تک رہیں گے۔ جن پر یہ الفاظ لکھے ہوئے ہیں کہ:
Muslim For Peace (مسلمان صرف امن کے لئے ہیں)

انصاف، آزادی اور وفادری ہر ایک کے لئے۔ اسی طرح محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں۔ اس پیغام کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی پیغام ہے کہ اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

غفار نے بتایا کہ مسلمانوں کی اکثرت امن پسند ہے لیکن بہت تھوڑے لوگ ہیں جو امن کو خراب کر رہے ہیں۔

اخبار نے مزید لکھا کہ یہ پوسٹر اور اشتہارات کا سلسلہ گزشتہ سال لندن میں شروع ہوا تھا جس وقت جماعت احمدیہ کے عالمی سربراہ مرزا مسرور احمد نے کہا تھا کہ یہاں کے ہر شخص تک اسلام کا امن اور محبت کا پیغام پہنچایا جائے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم امن، محبت، انصاف اور آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

امام شمشاد ناصر جو مسجد بیت الحمید کے امام ہیں یہ پیغام ایک عرصے سے ریڈیو پروگرام میں بھی بتا رہے ہیں اور نشر کر رہے ہیں جس کا عنوان ہوتا ہے۔

Understanding Islam with Imam Shamshad

شمشاد نے کہا کہ ہم بھی یہاں پر یہ پیغام ہر ایک کو پہنچا رہے ہیں اور اس کا مقصد ہے کہ ہم سب لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب کریں۔ ایک دوسرے کا احترام سکھائیں۔ بے شک آپس میں ہمارے اختلافات ہی کیوں نہ ہوں۔ ہمارے اختلافات ایک دوسرے کے احترام میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔ شمشاد نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں پیار اور محبت ہی سکھاتا ہے اور یہ کہ تمام مسلمان اپنے ملک کے وفادار رہیں کیونکہ بانی اسلام کی بھی یہی تعلیم ہے۔

اس کے بعد اخبار نے جماعت احمدیہ کا تعارف لکھا ہے کہ یہ حضرت مرزا غلام احمد صاحب کے ذریعہ ہندوستان میں 1889ء میں قائم ہوئی۔

ویسٹ سائڈ سٹوری نیوز پیپر نے 13 مئی کی اشاعت میں ہمارا اشتہار شائع کیا۔ اس اشتہار میں لکھا گیا ہے ’’اسلام کے بنیادی عقائد کے بارے میں معلومات حاصل کریں‘‘

کلمہ شہادت کا ترجمہ ہے خدا کا کوئی شریک نہیں ہے۔ تمام انبیاء کا احترام کریں مسلمان صرف ایک خدا کے آگے جھکتا ہے اور اس کی عبادت کرتا ہے۔

اسلام کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں سکھاتا۔ نہ مذہب، نہ رنگ اور نہ نسل کی بنیاد پر۔ ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں۔‘‘

نیچے مسجد بیت الحمید کی تصویر ہے اور نمازوں کے اوقات اور مسجد کی تصویر بھی پروگرام کی تفصیل فون نمبرز کے ساتھ درج ہے۔

پاکستان ایکسپریس نے اپنی اشاعت 14 مئی 2010ء صفحہ 11 پر خاکسار کے مضمون بعنوان ’’کیا جنگ ہی امن اور نجات کا راستہ ہے‘‘ خاکسار کی تصویر کے ساتھ شائع کیا ہے۔ نفس مضمون وہی ہے جو اس سے قبل دوسرے اخبار کے حوالہ سے اوپر گزر چکا ہے۔

ڈیلی بلٹن نے اپنی اشاعت 14 مئی 2010ء میں ہماری ایک خبر شائع کی ہے۔ خبر کا متن وہی ہے جو اس سے قبل دیگر اخبارات (اردو اور انگریزی کے حوالہ سے گزر چکا ہے)

لوکل مسلمان نیویارک میں بم دھماکے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں

خبر میں جماعت احمدیہ لاس اینجلس مسجد بیت الحمید کے حوالہ سے خبر ہے کہ یہاں کے جماعت احمدیہ کے ریجنل مبلغ امام شمشاد ناصرنے اس کی پرزور مذمت کی ہے۔

انڈیا پوسٹ نے اپنی اشاعت 14 مئی 2010ء صفحہ23 پر ایک تصویر کے ساتھ ہماری خبر شائع کی ہے۔ جس کا عنوان ہے امن کے بارے میں سمپوزیم خواتین کا اجتماع۔

جماعت احمدیہ کی خواتین کی تنظیم (لجنہ اماء اللہ) نے مسجد بیت الحمید میں 17 اپریل 2010ء کو امن کے بارے میں ایک سمپوزیم منعقد کیا۔ جس میں یہودی مذہب، عیسائی، بدھ ازم اور احمدی مسلمان خواتین نے تقاریر کیں۔ احمدیہ مسلم جماعت کی طر ف سے امۃ المجیب صاحبہ نے اسلام میں جہاد کے اصل معانی اور تعریف بتائی۔ ان کےعلاوہ دیگر مذاہب کے مقررین نے بھی اپنی اپنی الہامی کتب سے اس بارے میں بیان کیا اور اس کے بعد سوال و جواب بھی ہوئے۔ زیادہ تر سوال جماعت احمدیہ سے یہ کئے گئے کہ مسلمان خواتین الگ کیوں بیٹھتی ہیں، حلال کھانے سے کیا مراد ہے؟ وغیرہ

پروگرام کے اختتام کے بعد بھی مہمان دلچسپی کے ساتھ احمدی خواتین سے سوالات پوچھتی رہیں اور اپنی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتی رہیں۔ ایک مسلمان خاتون جو اس موقع پر تھیں کہنے لگیں کہ میں احمدی مسجد میں پہلی دفعہ آئی ہوں، میں بھی مسلمان ہوں، میری ماں بھی مسلمان ہے۔ ہم جب بھی اپنی مسجد میں جاتے ہیں تو دوسروں کے بارے میں منفی باتیں ہی سنتے ہیں لیکن اس مسجد میں ایسا نہیں ہوا۔ میں یہاں آئندہ بھی آؤں گی۔

ایک اور خاتون نے کہا کہ آج احمدیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر کے یہ اندازہ ہو گا کہ گویا ہم اپنی فیملی کے ساتھ مل رہے ہیں۔ یہ بہت عمدہ موقع تھا کہ علمی طور پر ہمیں کچھ سننے اور جاننے کا موقع ملا۔ اس موقع پر دیگر مذاہب کی کل 75 خواتین شریک تھیں۔ اس سمپوزیم کے منتظمین سے مہمانوں نے درخواست کی کہ اس قسم کی زیادہ میٹنگز کریں تا ایک دوسرے کے بارے میں زیادہ معلومات مل سکیں۔

انڈیا پوسٹ نے اپنی اشاعت 14 مئی 2010ء صفحہ 19 پر ہماری خبر شائع کی ہے جس کی شہ سرخی یہ ہے ’’احمدیہ نیویارک میں کاربم دھماکے کی کوشش کی مذمت کرتی ہے‘‘ اس خبر کی تفصیل پہلے گزر چکی ہے۔

چینو چیمپئن نے اپنی اشاعت 15تا21 مئی 2010ء صفحہ B5 پر مختصراً خبر شائع کی ہے کہ

Radio Show about Islam
اسلام کے بارے میں ریڈیو پروگرام

خبر میں بتایا گیا ہے کہ امام شمشاد ناصر امام آف مسجد بیت الحمید چینو ہر ہفتہ ریڈیو پر ایک پروگرام کر رہے ہیں جس کا عنوان ہے:

‘‘Understanding Islam’’

یہ پروگرام ریڈیو کی فریکونسی 1510KSPA پر 10:30 بجے باقاعدگی سے سنا جا سکتا ہے۔ امام شمشاد کی معاونت عمران جٹالہ اور محمد غفار کرتے ہیں۔ اس پروگرام میں آپ اسلام کے بارے میں سنیں گے اور آپ Live سوالات بھی کر سکتے ہیں۔

الانتشار العربی نے اپنی اشاعت 19مئی 2010ء صفحہ 25 پر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ کا خلاصہ حضور کی تصویر کے ساتھ شائع کیا۔ اس خطبہ کا عنوان ہے ’’اللہ تعالیٰ کی صفت خالق‘‘

اخبار نے مختصراً اس خطبہ کے خلاصے میں آیات قرآنی یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتَ اللّٰہِ عَلَیۡکُمۡ ؕ ہَلۡ مِنۡ خَالِقٍ غَیۡرُ اللّٰہِ یَرۡزُقُکُمۡ مِّنَ السَّمَآءِ وَالۡاَرۡضِ ؕ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۫ۖ فَاَنّٰی تُؤۡفَکُوۡنَ (فاطر: 4) اور سورۃ العنکبوت آیت نمبر45 خَلَقَ اللّٰہُ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضَ بِالۡحَقِّ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً لِّلۡمُؤۡمِنِیۡنَ سورۃ البقرۃ کی آیت 118 بَدِیۡعُ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ ؕ وَاِذَا قَضٰۤی اَمۡرًا فَاِنَّمَا یَقُوۡلُ لَہٗ کُنۡ فَیَکُوۡنُ سورۃ النساء کی آیت 2 یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اتَّقُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ مِّنۡ نَّفۡسٍ وَّاحِدَۃٍ وَّخَلَقَ مِنۡہَا زَوۡجَہَا وَبَثَّ مِنۡہُمَا رِجَالًا کَثِیۡرًا وَّنِسَآءً ۚ وَاتَّقُوا اللّٰہَ الَّذِیۡ تَسَآءَلُوۡنَ بِہٖ وَالۡاَرۡحَامَؕ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلَیۡکُمۡ رَقِیۡبًا سورۃ المومنون کی آیت نمبر13 وَلَقَدۡ خَلَقۡنَا الۡاِنۡسَانَ مِنۡ سُلٰلَۃٍ مِّنۡ طِیۡنٍ النمل کی آیت 61 اَمَّنۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضَ وَاَنۡزَلَ لَکُمۡ مِّنَ السَّمَآءِ مَآءً ۚ فَاَنۡۢبَتۡنَا بِہٖ حَدَآئِقَ ذَاتَ بَہۡجَۃٍ ۚ مَا کَانَ لَکُمۡ اَنۡ تُنۡۢبِتُوۡا شَجَرَہَا ؕ ءَاِلٰہٌ مَّعَ اللّٰہِ ؕ بَلۡ ہُمۡ قَوۡمٌ یَّعۡدِلُوۡنَ۔ سورۃ النمل آیات 63تا65 اَمَّنۡ یُّجِیۡبُ الۡمُضۡطَرَّ اِذَا دَعَاہُ وَیَکۡشِفُ السُّوۡٓءَ وَیَجۡعَلُکُمۡ خُلَفَآءَ الۡاَرۡضِ ؕ ءَاِلٰہٌ مَّعَ اللّٰہِ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَذَکَّرُوۡنَ ﴿ؕ۶۳﴾ اَمَّنۡ یَّہۡدِیۡکُمۡ فِیۡ ظُلُمٰتِ الۡبَرِّ وَالۡبَحۡرِ وَمَنۡ یُّرۡسِلُ الرِّیٰحَ بُشۡرًۢا بَیۡنَ یَدَیۡ رَحۡمَتِہٖ ؕ ءَاِلٰہٌ مَّعَ اللّٰہِ ؕ تَعٰلَی اللّٰہُ عَمَّا یُشۡرِکُوۡنَ ﴿ؕ۶۴﴾ اَمَّنۡ یَّبۡدَؤُا الۡخَلۡقَ ثُمَّ یُعِیۡدُہٗ وَمَنۡ یَّرۡزُقُکُمۡ مِّنَ السَّمَآءِ وَالۡاَرۡضِ ؕ ءَاِلٰہٌ مَّعَ اللّٰہِ ؕ قُلۡ ہَاتُوۡا بُرۡہَانَکُمۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ کی آیات کی تشریح فرمائی اور اللہ تعالیٰ کی صفت حسنیٰ خالق کا جامع و مانع انداز میں تذکرہ فرمایا۔

آخر میں مسجد بیت الحمید کا ایڈریس اور فون نمبر درج ہے تا لوگ مزید معلومات کے لئے کال کر سکیں۔

ڈیلی بلٹن نے اپنی اشاعت 21 مئی میں صفحہ A9 پر ہماری یہ خبر شائع کی ہے۔

LA Women’s Interfaith Group
visits Local Mosque

لاس اینجلس کے بین الاقوامی مذاہب گروپ کی خواتین نے لوکل مسجد کاوزٹ کیا

اخبار لکھتا ہے کہ قریباً 134 خواتین نے جو انٹرفیتھ گروپ سے تعلق رکھتی ہیں مسجد بیت الحمید کا وزٹ کیا جس میں مسجد کے امام سید شمشادناصر سے سوال و جواب کا پروگرام بھی تھا۔

امام شمشاد نے تمام مہمانوں کو مسجد کے ہال میں بٹھایا جہاں پر اس کا انتظام تھا اور انہیں اسلام کے بنیادی ارکان کے متعلق بتایا۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے جماعت احمدیہ کے بانی مرزا غلام احمد صاحب کے بارے میں بھی تفصیلاً بتایا۔ جماعت احمدیہ کے تعارف میں امام شمشاد نے بتایا کہ یہ جماعت 1889ء میں ہندوستان کے قصبہ قادیان سے شروع ہوئی۔ جن کے ذریعہ اللہ تعالیٰ اب اس زمانے میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ کرے گا اور آپ کے بعد خلافت اس نظام کو چلاتی رہے گی۔ امام شمشاد نے یہ بھی بتایا کہ جماعت احمدیہ امن پیار اور محبت سے اسلام کے پیغام کو ہر شخص تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انٹرفیتھ گروپ کا یہ مسجد کا وزٹ اس پروگرام کا حصہ ہے جو انہوں نے دوسرے مذاہب کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لئے بنایا۔ ہر سال چرچ کی بس ان خواتین کو دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں میں لے جاتی ہے اور وزٹ کراتی ہے۔ نادیہ ملک صدر لجنہ کے تحت یہ وزٹ کا انعقاد ہوا۔ نادیہ ملک نے کہا کہ اتنی ساری امریکن خواتین کا مسجد میں مذہبی آہنگی کے لئے آنا خوشکن قدم ہے۔ قرآن کریم اور دیگر لٹریچر بھی مہمان خواتین کو دیا گیا۔

انڈیا ویسٹ نے اپنی اشاعت 21 مارچ 2010ء صفحہ B-24 پر ہماری یہ خبر شائع کی کہ:

ہفتہ وار ریڈیو پروگرام ’’اسلام کو سمجھنے کے لئے‘‘ K-SPA پر سنیں

لاس اینجلس کے حوالہ سے اخبار نے خبر شائع کی کہ احمدیہ مسلم جماعت ایک ہفتہ وار پروگرام ریڈیو کی فریکونسیK-SPA پر نشر کیا کرے گی۔

یہ پروگرام بیت الحمید کے امام شمشاد ناصر، محمد غفار اور عمران جٹالہ کی معاونت سے کیا کریں گے۔ 30 منٹ کے اس پروگرام میں یہ کوشش کی جائے گی کہ اسلام کے بارے میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کیا جائے۔ نیز اسلام کی صحیح تعلیمات سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے۔ اس پروگرام میں Live سوالوں کے جواب بھی دیئے جائیں گے۔

ہفت روزہ پاکستان ایکسپریس نے اپنی اشاعت 21 مارچ 2010ء میں صفحہ 11 پر ’’اسلام کے دوسرے اہم رکن نماز‘‘ کے بارے میں خاکسار کا مضمون نصف سے زائد صفحہ پر خاکسار کی تصویر کے ساتھ شائع کیا۔ اس مضمون میں وضو کی اہمیت، نماز باجماعت کی اہمیت، وضو کا طریق اور سنت نبوی ﷺ۔ نیز نماز کے مسائل پر شرح و بسط کے ساتھ تفصیل بیان کی گئی ہے۔

الاخبار نے اپنی اشاعت 22مئی 2010ء صفحہ 21 پر ایک تصویر کے ساتھ دو خبریں شائع کی ہیں۔ ایک خبر جو تصویر کے ساتھ ہے وہ انٹرفیتھ کی ہے۔ انٹرفیتھ گروپ کی خواتین نے مسجد بیت الحمید کا وزٹ کیا۔ انہیں امام شمشاد نے اسلام و احمدیت کا تعارف کرایا۔ سوالوں کے جواب دیئے۔ گروپ فوٹو خواتین کا ہے۔

اسی حصہ میں دوسری خبر ریڈیو پر اسلام کا پروگرام جو ہر ہفتہ منگل کے دن جماعت احمدیہ مسجد بیت الحمید کی طرف سے امام شمشاد، محمد غفار اور عمران جٹالہ کریں گے، کی تفصیل ہے۔ ہر دو خبر یں دیگر اخبارات کے حوالے سے پہلے بھی آچکی ہیں۔

(باقی آئندہ بدھ ان شاء اللہ)

(مولانا سید شمشاد احمد ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

آج کی دعا