• 25 اپریل, 2024

نظامِ خلافت ۔ مبارک نظام

خلافت نبوّت کا فیضانِ عام
خدا کی عطا ہے یہ عالی مقام

خلافت کا جس دل میں ہے احترام
رہے گا زمانے میں وہ شاد کام

رہیں ہم خلافت کے ادنیٰ غلام
نظامِ خلافت مبارک نظام

خلافت ہے چشمۂ علم و یقیں
خلافت ہمارا ہے حصنِ حصیں

خلافت تو ہے ایک حبلِ متیں
خلافت نبوّت کی ہے جانشیں

خدایا یہ سایہ رہے تا مدام
نظامِ خلافت مبارک نظام

خلافت کے دُشمن رہیں ہوشیار
خلافت ہمارا ہے عزّو وقار

خلافت پہ کرتے ہیں ہم جاں نثار
خلافت ہی ہے عافیت کا حِصار

خدا کی ہے حمد و ثناء صبح و شام
نظام خلافت مبارک نظام

خلافت ہمارے دُکھوں کی دوا
خلافت ہے منبعٔ فیض و دعا

خلافت ہے امن و محبت کی راہ
خلافت کا سایہ ہماری پناہ

خدایا رہے اس کو حاصل دوام
نظام خلافت مبارک نظام

خلافت نبوّت کی قائم مقام
خدا کے ہے ہاتھوں میں اس کی زمام

نبی کا ہے پَرتَو یہ نورِ تمام
خدا اِن سے ہوتا ہے اب ہمکلام

کرو سب خلافت کا پیغام عام
نظام خلافت مبارک نظام

(انیس احمد ندیم ۔ جاپان)

پچھلا پڑھیں

وصیت کا نظام خلافت سے تعلق اور خلافت کے زیر سایہ نظام وصیت کا فروغ

اگلا پڑھیں

خلافت احمدیہ دائمی خلافت ہے