• 18 اپریل, 2024

امریکہ کی پہلی مسجد

سیدنا حضرت مصلح موعودؓ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک جانثار صحابی حضرت مفتی محمد صادقؓ کو امریکہ میں تبلیغ اسلام کے لئے 1920ء میں بھیجا۔ چنانچہ آپ نیویارک تشریف لائے اور ایک گھر کرایہ پر حاصل کر کے تبلیغ اسلام کا کام شروع کر دیا اور پھر شکاگو تشریف لے گئے۔ یہاں پر آپؓ نے ایک مرکز کی بنیاد ڈالی اور خداتعالیٰ کے فضل سے لوگوں نے آپؓ کی طرف توجہ کی اور لوگ احمدیت میں داخل ہونا شروع ہو گئے۔

حضرت مفتی محمد صادقؓ نے یہاں پر ایک مسجد کے قیام کی کوشش شروع کی اور اس کے لئے مرکز احمدیت قادیان میں درخواست بھی بھجوائی۔ چنانچہ مقامی نومبائعین اور مرکز کی اعانت سے 1922ء میں واباش ایونیو پر ایک گھر خرید کر المسجد کے نام سے پہلی مسجد بنانے کی توفیق ملی۔ آپ نے اس عمارت پر مسجد کی تزئین اور شناخت کے طور پر لکڑی کا ایک گنبد بھی بنوایا۔ یہ مسجد اپنی سڑک کے نام واباش مسجد کے نام سے مشہور ہو گئی۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ بھی اس مسجد میں تشریف لائے تھے۔ پھر 1987ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ امریکہ کے دورہ پر تشریف لائے تو اس مسجد کا نیا پلان بنانے کی منظوری عطا فرمائی اور اس جگہ کا نام ’’مسجد الصادق‘‘ ہوا۔ یہی وہ بابرکت مسجد ہے جس کو یہ امتیازی حیثیت حاصل ہے کہ اس کا قیام ایک صحابی حضرت مسیح موعودؑ علیہ السلام کی کوششوں سے ہوا اور آج امریکہ کی پہلی مسجد کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہی وہ مسجد ہے جس کے قیام سے آج امریکہ میں تبلیغ اسلام کے ذریعہ احمدیت پھیلی اور پھر اللہ تعالیٰ کے فضل سے دیگر مساجد کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔

حضرت امیرالموٴمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بھی اس مسجد کا دورہ فرمایا جب آپ 2012ء میں امریکہ کے دورہ پر تشریف لائے تھے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد کے حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دعا کروائی۔

مسجد فضل عمر ڈیٹن اوہایو

یہاں پر ایک اور قابل ذکر بات مسجد کے بابت لکھنی ضروری ہے کہ ڈیٹن جماعت کا قیام 1933ء میں ہوا۔ 1948ء میں یہاں پر پہلا جلسہ سالانہ بھی ہوا۔ اس سے اگلے سال ایک نو احمدی مکرم ولی کریم صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ لطیفہ کریم صاحبہ نے اپنے مکان سے ملحقہ ایک قطعہ زمین جماعت کو مسجد کی تعمیر کی غرض سے پیش کیا۔

1953ء میں مکرم مولانا خلیل احمد ناصر امیر و مشنری انچارج امریکہ نے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ ابھی یہ مسجد نامکمل تھی اور تعمیر کے مراحل سے گزر رہی تھی کہ 1963ء میں یہاں ڈیٹن میں مکرم میجر عبدالحمید صاحب کا تقرر بطور مشنری ہوا۔ چنانچہ آپ نے اس کی تعمیر کے بقیہ مراحل کو پورا کیا اور خداتعالیٰ کے فضل سے یہ مسجد مکمل ہوئی۔ اس لحاظ سے اس مسجد کو جماعت احمدیہ امریکہ کی پہلی تعمیر شدہ مسجد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس مسجد کا نام فضل عمر رکھا گیا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں مساجد بنانے اور مساجد کو آباد کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے اور امریکہ کی جماعت عبادت گزاروں کی جماعت بن جائے اور لوگوں کو خدائے واحد کی طرف بلانے کی تمام کوششوں میں اللہ تعالیٰ کامیابی عطا فرمائے۔ آمین

(مولانا سید شمشاد احمد ناصر۔ مبلغ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر