• 23 اپریل, 2024

سیرالیون سے مالی قربانی کے چندایمان افروز واقعات

جماعت احمدیہ سیرالیون صحابہ ؓحضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ہاتھ سے لگائی گئی جماعتوں میں سے ایک ہے۔ یہاں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صحابۂ قرونِ اولیٰ کے نقشِ قدم پر چل کر ایثار و قربانی کرنے کی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ انہی میں سے چند ایک قارئین کےلئے پیش ہیں۔

1۔ کینیما (Kenema) ریجن کےایک لوکل معلم بشیرو سووا (Bashiru Sowa) لکھتے ہیں کہ میں ایک جماعت سیرابو (Serabu) میں گیا احباب جماعت کو چندہ تحریک جدید کی ادائیگی کی تحریک کی اسی دوران ایک بچہ 9 یا 10 سال کی عمر کا ہو گا اس نے دیکھا کہ معلم صاحب آئے ہیں اور چندہ کی تحریک کر رہے ہیں اس کے سر پر آگ جلانے کیلئے کچھ لکڑیاں تھیں۔ اس نے معلم صاحب سے کہا کہ یہ لکڑیاں آپ مجھ سے خرید لیں اور جتنے پیسے ہوں وہ چندے میں ڈال لیں۔ معلم صاحب نے وہ لکڑیاں اس بچے سے خرید لیں اور چندہ کی رسید کاٹ دی بعد میں وہ لکڑیاں بھی بچے کو واپس کر دیں کہ تمہارا چندہ آگیا ہے۔ سبحان اللہ۔ (اس واقعہ کا ذکر حضور انور ایدہ اللہ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 8نومبر2019ء میں فرمایا)

2۔ محترم منیر حسین مبلغ سلسلہ Kenema ریجن سیرالیون لکھتے ہیں کہ محترم الحاج ڈاکٹر شیخوتامو (Alhaj Dr Shekhu Tamu) بیان کرتے ہیں کہ ایک دن میں مسجد سے نکل رہا تھا تو سیکرٹری صاحب تحریک جدید نے میری طرف دیکھا۔ میں سمجھ گیا کہ تحریک جدید کا سال ختم ہونے میں وقت کم ہے اور ادائیگی باقی ہے۔میں نے سیکرٹری صاحب سےکہا کہ فری ٹاؤن سے واپسی پر چندہ تحریک جدید ادا کر دوں گا حالانکہ مجھے کوئی امید نہیں تھی اور نہ ہی میرے پاس پیسے تھے۔ فری ٹاؤن جاتے ہوئے کچھ دیر کے لئے بو (BO) شہر میں رکا جہاں میرے ایک جاننے والے نے مجھے ایک لفافہ دیا کہ یہ آپ کے لئے ہے،میں نے وہ جیب میں رکھ لیا اور کھولا نہیں ۔حتیٰ کہ میں واپس کینیما (Kenema) آ گیا۔ میں نے سوچا کہ اس لفافہ میں پانچ لاکھ لیون کے قریب رقم ہو گی، جبکہ میں نے چندہ تحریک جدید کیلئے 8 لاکھ لیون دینے تھے جب میں نے لفافہ کھولا تو اس میں ایک ملین لیون تھے۔ اللہ تعالیٰ نے میرے وعدہ کا بھرم رکھا اور میں نے مکمل ادائیگی کر دی۔ الحمد للہ علی ذلک۔ اس کے بعد مہینہ میں جہاں صرف دو یا تین مریض آپریشن کے لیے آتے تھے چندہ تحریک جدید کی ادائیگی کے بعد دس سے زائد افراد کے آپریشنز کئے۔ الحمدللہ

3۔ مکرم سفیر احمدمبلغ سلسلہ پورٹ لوکو (Port Loko) ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ ہمارے ایک مشنری ایک گاؤں میں چندہ تحریک جدید کی خصوصی تحریک کیلئے گئے۔ وہاں ان کی ملاقات ایک نہایت غریب عورت سے ہوئی۔اس کو جب چندہ تحریک جدید کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی گئی تو کہنے لگی کہ میرے پاس ایک بہت معمولی رقم ہے جو میں نے کھانا کھانے کیلئے بچا کر رکھی ہوئی تھی۔ آپ اسے چندہ میں لے لیں اللہ تعالیٰ میرے لئے خود کوئی انتظام کر دے گا۔ مشنری صاحب نے رسید کاٹ کر ان کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ کچھ ہی دیر گزری تھی کہ اس عورت کی ایک بیٹی اسے ملنے کیلئے آئی اور اپنے ساتھ کافی زیادہ راشن بھی اپنی والدہ کیلئے بطور تحفہ لائی۔الحمد للہ علی ذلک۔

4۔ مکرم ولید احمد مبلغ سلسلہ مشائکا (Masiaka) ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ ہمارے سرکٹ مشنری شیخ الفا کروما (Sheikh Alpha Koroma) ایک گاؤں میں چندہ تحریک جدید کی وصولی کیلئے گئے تو ایک شخص جس کا نام Muhammad Kargbo(محمد کاربو) تھا ،نے تھوڑا سا چندہ تحریک جدید کی مد میں ادا کیا۔ جب وہ شخص دوبارہ شیخ الفا کروما کو ملا تو اس نے بتایا کہ میرا ایک بیٹا امریکہ میں مقیم ہے۔کافی سال سے اس نے فون بھی نہیں کیا اور کبھی کوئی پیسے بھی مدد کیلئے نہیں بھجوائے۔ لیکن جس دن میں نے تحریک جدید کا چندہ ادا کیا تو اسی دن میرے بیٹے کا فون آیا اور اس نے اپنے رویہ پر معذرت کی اور 300 ڈالر کی رقم بھی بھجوائی۔ اس آدمی نے کہا کہ یہ چندہ تحریک جدید کی ادائیگی کی برکت سے ہی ممکن ہوا ہے اور اس نے مزید 30،000 (تیس ہزار لیون) چندہ تحریک جدید کی مد میں ادا کیا۔ ماشاء اللہ

5۔مکرم سفیر احمد صاحب ریجنل مشنری Port Loko (پورٹ لوکو) ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ ہمارے ریجن کے ایک گاؤں (Sanda Mablonotor) سانڈا مبلونتور میں ایک بزرگ احمدی Pa Muhammad Kamara رہتے ہیں اور انھوں نے تحریک جدید کے وعدہ میں جو رقم لکھوائی ہوئی تھی اسے ادا نہیں کر سکے تھے۔جب سال کا آخر آیا تو کہنے لگے میرے پاس سوائے چند کپ چاولوں کے کچھ بھی نہ تھا۔انھوں نے وہ چاول فروخت کئے اور اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ اس سے اگلے دن میرے ایک دور کے رشتہ دار نے ایک بوری چاول اور کچھ رقم بطور تحفہ مجھے بھجوائی۔اور مجھے یقین ہے کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے کا اجر ہے۔ الحمدللہ (اس واقعہ کا ذکر حضور انور ایدہ اللہ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 8نومبر2019 ءمیں فرمایا)

6۔ مکرم بابر شہزاد مبلغ سلسلہ لُونسر(Lunsar) ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ ایک نو مبائع دوست ابوبکر کمارا صاحب کو خاکسار اور Lunsar کے لوکل معلم صالحو سیسے (Saliu Sesay) نے تحریک جدید کا تعارف کروایا اور چندہ کی اہمیت و برکات کے بارے آگاہ کیا۔ تو اس نو مبائع دوست نے چندہ عام کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تحریک جدید کا چندہ بھی ادا کر دیاجبکہ ان کے پاس تھوڑی سی رقم بچی تھی۔ جس سے وہ اپنے لئے فقط ایک مہینہ کے چاول خرید سکتے۔ لیکن انہوں نے یہ رقم بھی تحریک جدید کے چندہ میں دے دی۔ چند دن کے بعد وہی صاحب پھر آئےاور بتایا کہ جس دن میں نے تحریک جدید کا چندہ ادا کیا اس سے اگلے دن میری کمپنی نے کہا کہ ہم آپ کا Department تبدیل کر رہے۔ اور نئے Department میں میری تنخواہ بھی Double ہوگئی ہے۔ اوردوسرے Benefits بھی زیادہ ہیں۔ جن برکات کا ذکر میں نے چند دن پہلے سنا تھا اللہ نے مجھے ان برکات کی جھلک دکھا دی ہے۔ اور آئندہ سے میں ہر ماہ چندہ عام کے ساتھ ساتھ چندہ تحریک جدید بھی دیا کروں گا۔ ان شاءاللہ (اس واقعہ کا ذکر حضور انور ایدہ اللہ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 8 نومبر 2019ء میں فرمایا)

7۔مکرم بابر شہزاد مبلغ سلسلہ لُونسر(Lunsar)ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ خاکسار ایک لوکل معلم ابوبکر کمارا کے ساتھ تحریک جدید کی وصولی کےلئے ایک گاؤں مافوکی (Mafokie) میں گیا۔شام کا وقت تھا۔میں نے وہاں کے امام سے کہا کہ ہم تحریکجدید کی وصولی کے لئےآئے ہیں۔امام نے کہا کہ ہم کسان لوگ ہیں۔اور ہماری فصل اگلے مہینے پکے گی اس لئے آپ اگلے ماہ آجائیں اور آج آپ اگلے گاؤں چلے جائیں یہاں اس ماہ وصولی نہیں ہو سکتی۔خاکسار نے کہا میں تو رات یہاں ہی رکوں گا اور پوری کوشش کروں گا۔چنانچہ رات عشاء کی نماز کے بعد تحریک جدید کے اغراض و مقاصد اور برکات کا ذکر کیا گیاتو تمام موجود ممبران نے کہا کہ آپ مسجد میں بیٹھیں ہم چندہ لاتے ہیں۔اور کچھ دیر بعد سب اپنا اپنا چندہ لے آئےاور کہا کہ یہ رقم ہم نے اپنے روز مرہ اخراجات کےلئے رکھی تھی۔ہم اس کو تحریک جدید میں دیتے ہیں۔اور جب میں ایک ماہ بعد اس گاؤں میں گیا تو گاؤں والوں نے بیان کیا کہ اس سال ہماری فصل خلاف توقع بہت اچھی ہوئی۔اور یہ برکت تحریک جدید کا چندہ ادا کرنے کی وجہ سےہے۔ ماشاءاللہ

8۔مکرم سفیراحمد ریجنل مشنری پورٹ لوکو (Port Loko) ریجن سیرالیون بیان کرتے ہیں کہ کاسے(Kasse) چیفڈم کے ایک احمدی ہیں جنہوں نے سال کے آغاز میں اپنا تحریک جدید کا وعدہ لکھوایا تھا۔ سال کے آخر تک وہ مکمل ادائیگی نہ کر سکے اور اس وقت بہت بیمار ہو گئے۔ بیماری اتنی شدید تھی کہ اشاروں سے باتوں کرتے تھے۔ ایک دن انہوں نے اپنی بیوی کو اشاروں میں سمجھایا کہ میں نے چندہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا لیکن اسے پورا نہیں کر سکا، گھر میں جو رقم میری دوائیوں کیلئے پڑی ہے اس میں سے میرا چندہ ادا کر دو۔ ان کی بیوی نے چندہ ادا کر دیا اور اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص فضل کیا اور چند دنوں میں ان کی حالت بہتر ہونے لگی اور بیماری کا نام و نشان ختم ہو گیا۔ الحمد للہ علی ذلک

اللہ تعالیٰ ان سب کی قربانیاں قبول فرمائے اور ان کے مال و نفوس میں بےانتہاء برکت عطاء فرماتے ہوئے ان کو مزید قربانیاں کرنے کی توفیق دے۔(آمین)

(شیخ ظافر احمد۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 فروری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 فروری 2020