• 24 اپریل, 2024

یادوں سے تیری آقاؐ

اشکوں سے میرے دل کا ہمیشہ وضو رہے
یادوں سے تیری آقا! مری گفتگو رہے

دنیا و آخرت میں رہے تیری حُب حبیب
اے کاش! یہ گدا بھی کبھی سرخرو رہے

تیرے درودِ پاک سے مہکے فضا ہمیش
روشن ترے خیال سے ہر کُو بکو رہے

تیری نگاہِ پاک سے حاصل ہو جامِ عشق
ہاتھوں میں میرے ہر گھڑی تیرا سبُو رہے

عصیاں سے میری چادرِ تقویٰ ہے تار تار
دستِ کرم سے تیرے یہ ہوتی رفو رہے

ہر لمحہ تیری یاد کے لشکر ہوں ہمسفر
خوابوں میں تیری دید ہو، یہ آرزو رہے

جاگوں میں یا کہ سوؤں، ہر اک حال میں منیر
جلوہ تیرے کرم کا میرے رُو برُو رہے

(منیر باجوہ۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی