• 25 اپریل, 2024

مجلس مشاورت سیرالیون 2021ء

مجلس مشاورت سیرالیون 2021ء
وَ اَمۡرُہُمۡ شُوۡرٰی بَیۡنَہُمۡ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مؤرخہ 4 تا 6؍ جون 2021ء کو مسجد بیت السبوح فری ٹاؤن میں سالانہ مجلس مشاورت کے انعقاد کی توفیق ملی۔

جماعت احمدیہ سیرا لیون کی مختلف جماعتوں کی جانب سے موصولہ تجاویز مجلس مشاورت میں پیش کرنے اور مجلس مشاورت کے انعقاد کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے باقاعدہ اجازت کے لئے درخواست کی گئی جس پر حضور انور ایدہ اللہ نے ازراہِ شفقت 4 تا 6 جون 2021ء کی منظوری عنایت فرماتے ہوئے 5 تجاویز منظور فرمائیں۔

مجلس مشاورت کے انعقاد کے لئے جماعت ہائے سیرالیون میں نمائندگان کے انتخابات کروائے گئے اور احباب جماعت کو مجلس مشاورت کی اہمیت بھی سمجھائی گئی۔

4 جون 2021ء۔ پہلا دن

مجلس مشاورت کےلئے نمائندگان مؤرخہ 4 جون 2021ء کو مسجد بیت السبوح ۔احمدیہ سینٹرل مسجد فری ٹاؤن پہنچنا شروع ہو گئے۔ نمازِ جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد نمائندگان کی خدمت میں ظہرا نہ پیش کیا گیا۔

اجلاسِ اول

مجلس مشاورت کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز سہ پہر 4 بجے ہوا جس کی صدارت مکرم و محترم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون نے فرمائی۔ مکرم میر وسیم الرشید صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور نمائندگان شوریٰ کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مجلس مشاورت کی اہمیت وضرورت سے آگاہ فرمایا۔ جس کے بعد مکرم منیر ابو بکر یوسف صاحب جنرل سیکرٹری احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور مجلس شوریٰ میں پیش کی جانے والی تجاویز پڑھ کر سنائیں۔

ازاں بعد ان تجاویز پر غور و فکر اورسفارشات کے لئے علیحدہ علیحدہ سب کمیٹیاں بنائی گئیں اور ان کمیٹیوں کے اجلاسات کے لئے جگہوں اور ان کی میٹنگز کے پروگرام کا اعلان کیا گیا۔ جس کے بعد صدر مجلس نے اجلاس کی کارروائی کے اختتام کا اعلان کیا ۔

نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد ان سب کمیٹیوں کی میٹنگز ہوئیں۔ جن میں ان تجاوز پر غور و تمحیص کی گئی۔ اور سفارشات مرتب کی گئیں۔

میٹنگز کے بعد نمائندگان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

5 جون 2021ء۔ دوسرا دن
اجلاسِ دوم

دوسرے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوا جس کی صدارت مکرم و محترم مولانا سعیدا لرحمٰن صاحب امیر سیرالیون نے فرمائی۔ مکرم حافظ اسد اللہ وحید صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔

اس اجلاس میں مجلسِ شوریٰ میں پیش ہونے والی دو تجاویز پر سب کمیٹیوں نے اپنی سفارشات پیش کیں اور ممبرانِ شوریٰ نے ان سفارشات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد ممبرانِ شوریٰ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اجلاسِ سوم

تیسرے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز سہ پہر چار بجے ہوا جس کی صدارت مکرم و محترم مولانا سعیدا لرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون نے فرمائی۔ مکرم قاسم طاہر صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ دعا کے بعد مزید دو تجاویز پر سب کمیٹیوں کی سفارشات پر ممبرانِ شوریٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نمازِ مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد ممبرانِ شوریٰ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

6 جون 2021ء۔ تیسرا دن
اجلاسِ چہارم

چوتھے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوا جس کی صدارت مکرم و محترم مولانا سعیدا لرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون نے فرمائی۔ مکرم حافظ شیخ ظافر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ دعا کے بعد مزید ایک تجویز پر سب کمیٹیوں کی سفارشات پر ممبرانِ شوریٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مکرم امیر صاحب نے ممبران ِشوریٰ کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف ان تین دن کے لئے اپنی جماعتوں کے نمائندہ نہیں تھے بلکہ اگلی شوریٰ تک وہ اس کے ممبر ہیں اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی جماعتوں کے احباب کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے رہیں۔

آپ نے بتایا کہ یہ تجاویز اور ان پر پیش کی جانے والی سفارشات حضورِ انور کی خدمت میں ارسال کی جائیں گیں اور آپ کی منظوری کے بعد انہیں ملک بھر کی جماعتوں میں بھجوایا جائے گا اور یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس بارے میں کماحقہ، کوششیں کریں کہ کس طرح احبابِ جماعت ان پر عمل کریں۔ دعا کے ساتھ اس تین روزہ بابرکت مجلسِ شوریٰ کا اختتام ہوااور بہت سے ممبرانِ شوریٰ نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے کہا کہ شوریٰ میں شامل ہونا ان کے لئے جماعتی علم اور ایمان میں اضافے کا باعث ہوا ہے اور یہ تین دن ان کی روحانی اور اخلاقی تربیت میں بہت معاون ہوئے ہیں۔

نمازِ ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد ممبرانِ شوریٰ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد ممبرانِ شوریٰ اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے۔

اس بابرکت مجلسِ شوریٰ میں 205 نمائندگان اور 103 زائرین نے شرکت کی۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

پروگرام جلسہ سالانہ یو کے 2021ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جولائی 2021