• 23 اپریل, 2024

سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ تنزانیہ

مورخہ 19 جنوری 2020ء کو موروگورو تنزانیہ میں قائم جامعہ احمدیہ کے تعلیمی سال 2019ء مکمل ہونے پر تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی- اس تقریب کی صدارت محترم امیر صاحب تنزانیہ مکرم طاہر محمود چوہدری نے کی- اس تقریب کا اہتمام جامعہ احمدیہ کے ہال میں کیا گیا تھا- پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا- تلاوت اور نظم کے بعد مکرم عزیز احمد شہزاد صاحب مربئ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ نے سال گزشتہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی-

جامعہ احمدیہ میں اس وقت چار کلاسیں تعلیم حاصل کر رہی ہیں- طلباء کی تعداد 72 ہے- ان میں تنزانیہ کے علاوہ کینیا، کونگو، ملاوی اور برونڈی کے طلباء شامل ہیں- اس کے علاوہ جامعہ کے زیر انتظام حفظ کلاس کا اجراء بھی ہو چکا ہے اور 2014ء سے لے کر اب تک پانچ بچے حفظ قرآن مکمل کر چکے ہیں- امسال جامعہ سے فارغ التحصیل طلبا کی تعداد سات (7) ہے- آغاز سے لے کر اب تک یہ تعداد 112 تک پہنچ چکی ہے-

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ہر سال چند منتخب طلباء کو شاہد کی ڈگری کے حصول کے لئے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا بھجوایا جاتا ہے- اب تک کل 13 طلباء گھانا بھجوائے گئے ہیں

جامعہ احمدیہ میں کل 9 اساتذہ ہیں ان میں پانچ مرکزی مبلغین ہیں اور چار لوکل سینئرمعلمین ہیں-تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہر سال باقاعدگی سے علمی اور ورزشی مقابلہ جات بھی منعقد کروائے جاتے ہیں- جامعہ کے طلباء تبلیغی سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کرتے ہیں-

گزشتہ سال طلباء کی مساعی کے نتیجے میں 288 بیعتیں حاصل ہوئیں- کئی مقامات پر طلباء نے بک سٹالز بھی لگائے اور جماعتی کتب فروخت کیں اور قریبا 20 ہزار تبلیغی پمفلٹس تقسیم کئے-اسی طرح وقار عمل کے متعدد پروگراموں میں طلباء نے شرکت کی- گزشتہ سال جامعہ کے 20
طلباء نے سائیکلوں پر 230 کلومیٹرز کا فاصلہ طے کر کے جلسہ سالانہ تنزانیہ میں شرکت کی-

سالانہ رپورٹ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی- محترم امیر صاحب نے جامعہ کے فارغ التحصیل 7 معلمین کو اسناد عطا کیں- مدرستہ الحفظ کے دو طلباء نے تکمیلِ حفظ قرآن کی اسناد حاصل کیں- جامعہ احمدیہ کی اس سالانہ تقریب میں پرائمری سکول کے طلباء اور اساتذہ کو بھی ان کی اعلیٰ کارکردگی پر انعامات دئے گئے- اس سکول کے چلانے کی ذمہ داری بھی جامعہ کے سپردہے۔

گزشتہ سال سکول کے 30 طلباء نے سٹینڈرڈ 4 کا امتحان دیا ان میں سے 20 طلباء نے گریڈ اے اورباقی دس طلباء نے گریڈ بی حاصل کیا۔ ان طلباء میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔

تقسیم انعامات کے بعد محترم امیر صاحب نے خطاب میں جامعہ سے فارغ التحصیل طلباء کو خصوصی ہدایات سے نوازا-

دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا- بعد ازاں تمام حاضرین کی خدمت میں پر تکلف ظہرانہ پیش کیا گیا- جامعہ احمدیہ کینیڈا کے فارغ التحصیل دو مبلغین نے بھی اس تقریب میں شرکت کی-

خدا تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ کی کارکردگی ہر سال بہتر سے بہتر ہوتی جارہی ہے- پرنسپل اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں-

(ڈاکٹر فضل الرحمن بشیر ۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

طلوع و غروب آفتاب

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ