• 25 اپریل, 2024

مالی ریجن سکاسومیں آمین کی بابرکت تقریب

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کا ایک مقصد اس زمانے میں قرآن کریم کی تعلیمات کو عام کرنا اور اس پر عمل کرنا ہے جیسا کہ ہمارے پیارے امام سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بیان فرماتے ہیں:
’’اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس بات کو ہم میں پید اکرنے کے لئے بہت کوشش فرمائی ہے اور آپؑ کے آنے کا مقصد بھی یہی تھاکہ قرآنِ کریم کو دنیا میں ہر چیز سے اعلیٰ مقام دینے والے بنیں اور اسے وہ عزت دیں جس کے مقابلے میں کوئی اور چیز نہ ہو۔ قرآنِ کریم کی عزت کو ہم صرف اس حد تک ہی نہ رکھیں جو عموماً غیر از جماعت کرتے ہیں کہ خوبصورت کپڑوں میں رکھ لیا، خوبصورت شیلف پر رکھ لیا، خوبصورت ڈبوں میں رکھ لیا۔ قرآنِ کریم کی اصل عزت یہ ہے اور اس کی محبت یہ ہے کہ اس کے احکامات پر عمل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے۔ اُس کے اوامر اور نواہی کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ جن چیزوں سے خدا تعالیٰ نے روکا ہے اُن سے انسان رُک جائے اور جن کے کرنے کا حکم ہے اُن کو انجام دینے کے لئے اپنی تمام تر قوتوں اور استعدادوں کو استعمال کرے۔ اللہ تعالیٰ کا خوف دل میں رکھتے ہوئے اس کی تلاوت کی جائے۔‘‘

(خطبہ جمعہ 16دسمبر،2011ء)

اس غرض کی خاطر دنیا بھر میں پھیلی جماعتیں اپنے پیارے امام کی اطاعت میں قرآن مجید سیکھنے اور سکھانے میں مصروف ہیں ۔ دنیا بھر میں قرآن مجید سکھانے کی ہزاروں کلاسز روزانہ منعقد ہو تی ہیں ۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہی کلاسز کا یہ سلسلہ افریقہ کے ملک مالی میں بھی جاری ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے جماعت احمدیہ سکاسو کے تین احباب مکرم ابراہیم ماریکو صاحب بعمر 68سال، مکرم لاسینا تنکارا صاحب بعمر 48سال اور مکرم عیسیٰ تراؤرے صاحب بعمر 35سال نےقرآن کریم کا دور مکمل کرنے کی توفیق پائی۔

جماعت احمدیہ کی ایک خوبصورت روایت قرآن مجید کا دور مکمل کرنے پر آمین کی دعائیہ تقریب منعقد کرناہے ۔ چنانچہ ان احباب کےقرآن مجید کا دور مکمل کرنے پر مؤرخہ 2جولائی 2021ء کو آمین کی ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد احمدیہ مشن ہاؤس سکاسو میں کیا گیا ۔ تلاوت قرآن کریم کے بعدمکرم محمد لامین کوناتے صاحب لوکل مشنری نے قرآن کریم ، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ کے ارشادات کی روشنی میں قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کی اہمیت سے متعلق احباب جماعت کو بتایاجس کے بعد خاکسار نے قرآن مجید کا دور مکمل کرنےوالےاحباب سے قرآن کریم سنا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا ۔ بعد ازاں تقریب میں موجود تمام حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کو پڑھنے، اس کو سمجھنے اور اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ : احمد بلال مغل ۔ مبلغ سلسلہ ریجن سکاسو۔مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جولائی 2021