• 16 اپریل, 2024

نعت رسول مقبول ؐ

ہر تصوّر سے ماورا ہیں آپؐ
خاص تخلیقِ کبریا ہیں آپؐ

آپؐ احمد بھی ہیں محمد بھی
مصطفیٰ آپؐ، مجتبیٰ ہیں آپؐ

آپؐ مظہر ہیں حسنِ کامل کے
ذاتِ باری کا آئینہ ہیں آپؐ

قابَ قوسین پر ہیں متمکن
بشریت کی انتہا ہیں آپؐ

دین و دنیا کی رہبری کے لیے
بخدا نائبِ خدا ہیں آپؐ

ماضی و حال ہوں کہ مستقبل
ہر زمانے کا معجزہ ہیں آپؐ

آپ سرخیل ہیں رسولوں کے
نازشِ جملہ انبیاء ہیں آپؐ

آپؐ خیر البشر ہیں، خیر الخَلق
ابتدا آپؐ، انتہا ہیں آپؐ

آپؐ ہی ہیں دعائے ابراہیمؑ
اور کعبے کی التجا ہیں آپؐ

میم جب گر گیا تو راز کھلا
اپنے محبوب میں فنا ہیں آپؐ

آپؐ ہی ہیں طبیبِ روحانی
ہر مرض کی فقط دوا ہیں آپؐ

(آصف محمود ڈار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی