• 19 اپریل, 2024

برکینا فاسو کے ریجن بانفورامیں تقریب آمین کا بابرکت انعقاد

قرآن مجید سے عشق جماعت احمدیہ کے ہر فرد کی زندگی کا حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر جماعت اجتماعی طور پر اور افراد اپنے طور پر قرآن مجید سیکھنے کی طرف متوجہ رہتے ہیں ۔ قرآن مجید سیکھنے میں نہ صرف بچے بلکہ ہر عمر کے افراد کا جذبہ ایمانی قابل رشک ہے ۔ جماعت احمدیہ میں ہزاروں ایسی مثالیں ہیں کہ بڑی عمر کے ان پڑھ لوگوں نے بھی نہ صرف قرآن مجید پڑھناسیکھا بلکہ قرآن مجید سے عشق کی حد تک تعلق کو نبھاتے بھی رہے۔

برکینا فاسو مغربی افریقہ کا ملک ہے ۔ اس ملک میں احمدی ہونے والے افراد ہر عمر سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف مذاہب سے نکل کر جماعت کا حصہ بن رہے ہیں ۔ ان نومبائعین کو نماز اور قرآن مجید سکھانا ایک بنیادی ضرورت ہے ۔ تاہم خاص طو رپر بڑی عمر کے افراد اور ان پڑھ افراد کو قرآن مجید سکھانا محنت طلب کام ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اہم ذمہ داری کی طرف مبلغین اور معلمین بھر پور توجہ سے راغب اور کوشاں ہیں ۔

ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد ﷺ کے ارشاد گرامی ’’خيركم من تعلم القرآن و علمہ‘‘ کی تکمیل میں احباب جماعت کو قرآن شریف پڑھنے کی طرف توجہ دلائی گئ۔اس سلسلے میں لوکل مشنری اور معلمین نے قرآن شریف کی کلاسز لگا کر لوگوں کو قرآن شریف پڑھایا۔ جب ایک تعداد نے قرآن مجید ناظرہ کا دور مکمل کر لیا تو ان کی حوصلہ افزائی کے لئے آمین کی بابرکت تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تقریب کا انعقاد مورخہ6 مارچ 2021ء کو بانفورا ریجنل ہیڈ کواٹرز میں ہوا ۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم و محترم امیر صاحب برکینا فاسو تھے۔ آپ نے ہر ایک سے قرآن شریف سنااورحوصلہ افزائی کے لئے ان میں اسناد تقسیم کیں۔ اسی طرح ہر ایک کو قرآن مجید تحفۃً دیا گیا۔

اس تقریب میں کل 31افراد کی تقریب آمین ہوئی ۔ ان میں 11 اطفال،9 خدام،7 انصار،3 ناصرات، 1 لجنہ شامل تھیں۔

تقریب کے اختتام پر مکرم و محترم امیر صاحب برکینا فاسو نے خطاب کیا اور لوگوں کو قرآن شریف پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہو ا۔

(رپورٹ اعجاز احمد ریجنل مبلغ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 مارچ 2021