• 23 اپریل, 2024

زرافہ ۔ایک دلچسپ جانور

زرافہ اپنی لمبی گردن اور لمبی لمبی ٹانگوں کی وجہ سے چڑیا گھر کے تمام جانوروں میں سے مختلف نظر آتا ہے۔ زرافے کو تمام جانوروں میں سب سے لمبے قد کا جانور ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کا قد ساڑھے پانچ میٹر تک بھی لمبا ہو سکتا ہے ۔اپنے لمبےقد کی وجہ سےزرافہ اونچے اونچے درختوں کے پتوں کو بآسانی کھا سکتا ہے ۔

زرافے کی لمبی گردن پر اس کا سر بہت چھوٹے سائز کا ہوتا ہے۔چھوٹی چھوٹی براؤن آنکھوں سے زرافہ بہت دور تک دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ زرافےکی نظر تمام جانوروں کی نسبت بہت تیز ہوتی ہے۔ اسی طرح اس کے کان دور سے خطرے کی آواز سن کر چوکنے ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے جنگل میں زرافہ خطرے سے پہلے ہی اپنا دفاع کر لیتا ہے۔ زرافے کے بارے میں دو باتیں بہت حیران کن اور دلچسپ ہیں ۔پہلی بات تو یہ زرافے کے لمبے قد کی طرح اس کی زبان بھی لمبی ہوتی ہے۔ بعض اوقات یہ46سینٹی میٹر تک لمبی ہو سکتی ہے۔ دوسری حیران کن یہ ہے کہ اتنا بڑا جانور آواز نہیں نکال سکتا۔

اپنی لمبی ٹانگوں کی بدولت زرافہ بہت تیزدوڑسکتا ہے۔ زرافہ ایک گھنٹے میں30 میل کا سفر طے کرتا ہے۔ اس طرح وہ ایک تیز ترین گھوڑے سے بھی زیادہ تیز رفتار ہوتا ہے ۔

زرافہ ویسے تو بہت شریف اور صلح جو جانور ہے۔ بلاوجہ کسی لڑائی جھگڑے میں نہیں پڑتا لیکن اگر اسے ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے تو یہ جانور اپنا دفاع بہت بہادری سے کرتا ہے اور مخالف جانوروں کے ساتھ لڑائی میں اپنی لمبی ٹانگوں اور سر کا استعمال اس خوبی سے کرتا ہے کہ شیر جیسا نڈر جانور بھی زرافے سے الجھتے وقت ذرا محتاط ہی رہتا ہے۔

زرافہ کی سب سے حیران کن خصوصیت یہ ہے کہ باقی تمام جانوروں سےہٹ کرزرافہ ایک بے آواز جانور ہے کیونکہ یہ اپنے گلے سے کوئی آواز پیدا نہیں کرسکتا۔

زوالوجسٹ جو جانوروں کے علم کے ماہر ہوتے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ زرافے کا ساؤنڈ باکس قدرتی طور پر اتنا DEVELOP نہیں ہوتا کہ آواز پیدا کرسکے لیکن مادہ زرافہ اور زرافے کے ضرورت کے وقت ہلکی ہلکی آواز نکال سکتے ہیں۔

اللہ تعالی نے زرافے کی حسِ سماعت یعنی سننے کی صلاحیت اور سونگھنے کی صلاحیت کو ایسا بنایا ہے کہ زرافہ دور سے ہی خطرے کی بو سونگھ لیتا ہے اور اپنا دفاع بڑی خوبی سے کرتا ہے زرافے کی جلد بھی اس طرح کی ہوتی ہے کہ بڑی قدوقامت کے باوجود وہ جنگل میں خود کو اس طرح چھپا لیتا ہے کے دشمن آسانی سے اسے تلاش نہیں کر سکتا۔

یقینا ًزرافہ ایک دلچسپ اور حیران کن خصوصیات رکھنے والا جانور ہے۔

واقفین نو ودیگر بچوں کو چاہیے کہ وہ کبھی کسی چڑیا گھر جائیں تو وہاں موجود زرافہ کو اچھی طرح دیکھیں اور اسکی حرکات و سکنات کا بغور مطالعہ کریں ۔اللہ تعالی ہم سب کو صحت والی لمبی اور فعال زندگی دے جو خدمت دین اور خدمت خلق سے معمور ہو۔ آمین

٭…٭…٭

(ڈاکٹر ملک نسیم اللہ خان)

پچھلا پڑھیں

سال نو کی دعا

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جنوری 2021