• 13 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خط

ایڈیٹر کے نام خط
واقفین زندگی کی بیگمات کی قربانیاں

مکرم بشارت احمد شاہدؔ ۔نمائندہ الفضل آن لائن ،لٹویا لکھتے ہیں کہ
روزنامہ الفضل آن لائن کے 17 جنوری 2022ء کے شمارہ میں ’’احمدیت کا ورثہ‘‘ کے نام سےآنمکرم کے شروع کردہ عنوان کے تحت مکرم انصر رضا واقفِ زندگی، نمائندہ الفضل آن لائن برائے کینیڈا کا ایک ایمان افروز مضمون ’’میں دوڑتا چلا آیا‘‘ پڑھنے کا موقع ملا۔ بہت لطف آیا اور دل کو ایک خاص روحانی سکون ملا۔ مکرم انصر رضا کی فیملی کے ساتھ ہونے والا یہ روحانی تجربہ خلافت احمدیہ حقّہ اسلامیہ احمدیہ کے آسمانی اور الٰہی نظام ہونے، نیز خلفائے احمدیت کے خداتعالیٰ کے ساتھ زندہ تعلق پر ایک بار اور مہر تصدیق ثبت کرگیا۔ ویسے تو ساری کی ساری داستان ہی ایمان افروز تھی مگر چونکہ خاکسار خود بھی واقفِ زندگی مربی سلسلہ ہے اور خاکسار کا ایک بیٹا بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے مربّی سلسلہ ہے اس لئے مکرم انصر رضا کے مضمون کا درج ذیل حصّہ دل کو چھوگیا:
’’اس کے بعد سے بفضل اللہ تعالیٰ خاکسار کی اہلیہ دن بدن احمدیت پر ایمان و ایقان میں ترقی کرتی رہیں اور جب 1998ء میں کینیڈا آنے کے بعد خاکسار نے وقف کا ارادہ کیا اور اپنی اہلیہ سے کہا کہ اب ہمیں اسی الاؤنس میں گزارا کرنا پڑے گا تو انہوں نے کہا کہ اگر آپ مجھے جھونپڑے میں بھی رکھیں گے تو میں بخوشی وہاں رہ لوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ہمارے بچوں سے کہا کہ تمہارا باپ احمدیت کے لئے پاگل ہے اور اب اس کی آمدن بہت محدود ہونے والی ہے۔ لہٰذا آج کے بعد آپ نے ان سے کوئی فرمائش نہیں کرنی۔ اور بحمدللہ ایسا ہی ہوا۔ خاکسار کے بچوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور ناجائز تو کیا کبھی جائز فرمائشیں بھی نہیں کیں۔ جو کچھ خاکسار ان کے لئے مہیا کرسکتا تھا وہ سب اسی میں خوش رہے اور کبھی حرف شکایت زبان پر نہیں لائے۔‘‘

خاکسار نے فورًا یہ حصّہ کاپی کرکےاپنے مربی سلسلہ بیٹے کو بھی بجھوایا اور اُس سے اس حصّہ مضمون پر خصوصی توجّہ دینے کی درخواست کی۔ اُس نے مجھے بتایا کہ ہاں کل اُس نے بھی یہ مضمون پڑھ لیا تھا اور اپنی اہلیہ کوبھی پڑھ کرسنایا تھا۔ الحمد للّٰہ

اللہ کرے کہ تمام واقفین زندگی اور اُن کی بیویاں ایسے ہی جذبات واحساسات اور سوچ کے ساتھ خدمت دین بجالانے والے ہوں۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ