(جناب عابد نے اپنا یہ کلام 2018ء کے جلسہ سالانہ کے موقعہ پر ایک ادبی نشست میں حضور انور ایدہ اللہ کی موجودگی میں پڑھ کر سنایا تھا)
چبھنے نہ پائے اس کو کوئی خار دیکھنا
اے ساکنانِ کوچہ دلدار دیکھنا
جب آسمان اس کی صداقت پہ ہو گواہ
پھر کیا دمشق اور کیا مینار دیکھنا
بیٹھے ہیں اس کی راہ میں پلکیں بچھائے ہم
سج دھج کے آئے گا وہ میرا یار دیکھنا
ہر گام پہ فرشتوں کا لشکر ہے ساتھ ساتھ
مسرور کا خدا ہے مددگار دیکھنا
اتری ہیں اس کے واسطے افواجِ قدسیاں
اے دشمنان دین، خبردار، دیکھنا
فتحِ مبیں کے واسطے جو سجدہ ریز ہے
دشمن سے اس کو بر سرِکار دیکھنا
اذنِ خدا کی دیر ہے کردے گا سب کوڈھیر
تیغِ دعا کا ایک ہی بس وار دیکھنا
ہر احمدی ہے آپ کا خادم میرے حضور
خدّام تو ہیں آپ کے انصار دیکھنا
عابد تجھے نصیب ہوئی لذت وصال
ہر شخص چاہتا ہے رُخ یار دیکھنا
(لئیق احمد عابد)