آداب معاشرت
نماز باجماعت میں صفوں کو سیدھا رکھنے کی اہمیت
قسط 3
اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے: ہم ان جماعتوں کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں جو صف بہ صف بالترتیب کھڑی ہوتی ہیں۔
(الصافات:2)
آنحضرتﷺ نے نماز میں صفوں کو سیدھا کرنے، پہلی صف میں کھڑے ہونے پر بہت زور دیا ہے۔ آنحضرتﷺ فرماتے ہیں کہ جو لوگ صفوں کو ملاتے ہیں خداتعالیٰ ان پر رحمت نازل فرماتا ہے اور فرشتے ان کے لئے دعائیں کرتے ہیں۔(ابن ماجہ)پھر آپؐ نے فرمایا کہ صفوں کو برابر کرنا دراصل نماز کا حصہ ہے۔آپؐ نے فرمایا کہ شیطان کو صف میں خالی جگہ میں یوں گھستے ہوئے دیکھتا ہوں گویا وہ بکری کا بچہ ہے۔(ابن ماجہ)ایک جگہ آپؐ نے یوں فرمایا کہ لوگو! صفیں درست کر لو!یا تو تم صفیں سیدھی رکھو گے یا اللہ تمہارے دلوں میں اختلاف پیدا کر دے گا۔
آنحضرتﷺ نے فرمایا کہ صف میں پہلے دایاں حصہ مکمل کرنا چاہئے ایک صحابی کو آپ نے بازو سے پکڑ کر بائیں جانب سے دائیں جانب کیا۔ (صحیح بخاری)
دو آدمیوں کی صورت میں یا دو سے زائد ہوں تو صفیں امام کےپیچھے متوازی ہونی چاہئیں۔
آپؐ نے فرمایاکہ پہلے اگلی صفوں کو مکمل کرو اور صفوں کے خلا کو پُر کرو جس طرح فرشتے کرتے ہیں۔
آپؐ نے فرمایا کہ مردوں کی بہترین صف پہلی صف ہے۔
(صحیح مسلم)
آپؐ فرماتے ہیں کہ یقیناً اللہ اور اس کے فرشتے پہلی صف یا پہلی صفوں پر سلامتی بھیجتے ہیں۔
(سنن الدارمی)
آپؐ نے فرمایا کہ اگر لوگوں کو پتہ چل جائے کہ پہلی صف میں کھڑے ہونے کا کتنا ثواب ہے تو پھر اگر انہیں پہلی صف حاصل کرنے کے لئے قرعہ ڈالنا پڑے تو وہ ضرور ڈالیں گے۔
(صحیح بخاری)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’نماز میں جو جماعت کا زیادہ ثواب ہے اس میں یہی غرض ہے کہ وحدت پیدا ہوتی ہے اور پھر اس حدیث کو عملی رنگ میں لانے کی یہاں تک ہدایت ہے کہ باہم پاؤں بھی مساوی ہوں اور صف سیدھی ہو اور ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہوں۔ اس سے مطلب یہ ہے کہ گویا ایک ہی انسان کا حکم رکھیں اور ایک کےانوار دوسرے میں سرایت کر سکیں۔‘‘
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’نماز باجماعت جب کھڑی ہوتی ہے تو آداب میں سے ایک بنیادی چیز صفوں کو سیدھا رکھنا ہے اور اس کو آنحضرتﷺ نے بڑی اہمیت دی ہے کیونکہ اس سے ایک وحدت کی شکل پیدا ہوتی ہے تو صفیں سیدھی کرنے کی بڑی اہمیت ہے۔ آپس کے تعلقات کے لئے بھی اور ایک ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے کے لئے بھی کیونکہ جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ نماز کے آداب میں سے صفوں کو سیدھا رکھنا انتہائی ضروری چیز ہے اور آنحضرتﷺ اس بات کا بڑا اہتمام فرماتے تھے۔
(حنیف محمود کے قلم سے)