سب سے پہلے خاکسار تمام دوستوں کی خدمت میں افراد جماعت کبابیر فلسطین کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے دلی مبارکباد پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے عِیْد مُبَارَک تَقَبَّلَ اللّٰہُ مِنَّا وَمِنْکُمْ۔
کبابیر میں مؤرخہ 2مئی بروز پیر مکرم محمد شریف عودہ صاحب نیشنل امیر نے نماز عید پڑھائی۔ اللہ تعالی کے فضل سے احباب وخواتین بکثرت شامل ہوئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ عید کی رات کو ہماری مسجد اور بہت سے احمدی گھروں میں چراغاں کیا ہوا دلکش منظر احمدی محلہ کو رونق بخش رہا تھا۔ نماز عید کے بعد دوست ایک دوسرے کے گھر جاکر عید مبارک کا تحفہ پیش کرتے رہے۔ اور اللہ کے فضل سےتین دن تک یہ سلسلہ جاری رہا۔
رات کے وقت ایم ٹی اے العربیہ میں کبابیر سٹوڈیو سے لائیو عید پروگرام پیش کیا گیا جس موقع پر مختلف عرب ممالک سے احمدی احباب ہمارے محبوب امام حضور انور ایدہ اللہ کی خدمت میں اور جماعت احمدیہ عالمگیر کی خدمت میں دلی جذبات پر مبنی پر مسرت مبارک باد پیش کرتے رہے۔
ویسٹ بانک مشن میں عید کی تقریب
خاکسار نے ویسٹ بانک مشن دار الامن میں نماز عید پڑھائی۔ ویسٹ بانک کے احمدی دوست عید کے موقع پر یہ پہلی دفعہ دار الامن میں جمع ہوئے۔ بچے بھی جمع ہوگئے تھے۔ رمضان کی ایک کلاس کے دوران خاکسار نے ان احمدیوں کے سامنے عید کے موقع پر جمع ہونے کی اہمیت واضح کی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ انکے احمدی ہونے کی وجہ سے انکے رشتہ دار سارا سال ان سے قطع تعلقی کرتے ہیں اور صرف عید کے موقع پر مقامی رسم ورواج کے مطابق صبح صبح آپس میں ملتے ہیں۔جسکی وجہ سے صبح صبح دور دراز سے دار الامن میں جمع ہونا مشکل ہے۔خاکسار نے انکو سمجھایا کہ نماز عید ہمیں دوسروں کی طرح طلوع سورج کے معاً بعد پڑھنے کی ضرورت تو نہیں ہے، وقت آگے پیچھے کرکے نماز کے لئے جمع بھی ہوسکتے ہیں اور رشتہ داروں کا حق بھی ادا کر سکتے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے خاکسار سے وعدہ کیا کہ اس بار وہ ضرور عید کے لئے جمع ہوں گے۔ چنانچہ وہ جمع ہوگئے، بعض رات کو آکر دار الامن میں سوئے تاکہ صبح آنے میں اور کوئی دقت پیش نہ آئے۔
خاکسار نے قبل از وقت انکو تکبیرات کے ورد کرنے، نماز عید اور خطبہ کے آداب اور ایک دوسرے سے ملکر عید مبارک پیش کرنے وغیرہ امور سمجھاتا رہا۔ خطبہ عید کے موقع پر خاکسار نے حضور ایدہ اللہ کے خطبہ عید کا خلاصہ پیش کرنے کے بعد حق العباد کی ادائیگی کے بارہ میں ایمان افروز واقعات سنائے۔بعد ازاں بچوں کو تحائف پیش کئے گے اور تمام حاضرین کے لئے مٹھائی بھی پیش کی گئی۔ شمالی فلسطین سے ساٹھ سے زائد افراد کی حاضری رہی۔ سب نے پہلی دفعہ دارالامن میں عید پڑھ کر جذباتی رنگ میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔اور آئندہ بھی جمع ہونے کا وعدہ کیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔
خاکسار ان تمام مخلص احمدی مرد وخواتین اور بچوں کی طرف سے جماعت احمدیہ عالمگیر کی خدمت میں عید مبارک پیش کرتا ہے۔
(رپورٹ: شمس الدین۔ نمائندہ الفضل ومشنری انچارج کبابیر)