• 8 مئی, 2024

لجنہ اماءاللہ سسکاٹون ریجن کا سالانہ اجتماع 2022ء

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! لجنہ اماءاللہ سسکاٹون ریجن کا سالانہ اجتماع دو سال کے وقفہ کے بعد محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مؤرخہ 2؍جولائی 2022ء کو مسجدبیت الرحمت سسکاٹون میں منعقد ہوا۔ کوڈ-19 کی وباء کے مضر اثرات سے بچاؤ کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ کے سالانہ اجتماعات نہیں ہو سکے۔ امسال اس وباء کی شدت میں کمی کے باعث جیسے ہی کینیڈا بھر میں لجنہ اماءاللہ کو علمی ریلیز اور اجتماعات منعقد کروانے کی اجازت ملی تو ممبرات لجنہ میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی۔ ہمارے یہاں تو بعض لجنہ ممبرز کی خوشی دیدنی تھی۔ 2/جولائی بروز ہفتہ صبح نو بجے ڈیوٹی دینے والی تمام کارکنات مسجد میں آنا شروع ہو گئیں۔ سب کارکنات نے اپنے اپنے شعبہ جات کی پٹیاں (sash) پہن رکھیں تھیں اور بڑے احسن رنگ میں زیر لب ذکر الہی کرتے ہوئے اپنے اپنے شعبہ کی ناظمہ صاحبہ کی ہدایات کی روشنی میں تندہی سے خدمت بجا لارہی تھیں۔ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی طرف سے اس سال کے ریجنل سطح پر ہونے والے لجنہ اور ناصرات کے اجتماعات کا عنوان (Theme) ’’اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ‘‘ تھا۔ اجتماع کے عنوان کی مناسبت سے اجتماع کا آغاز سورۃ الفاتحہ کی تلاوت سے ہوا جوانعم جمشید صاحبہ نے خوش الحانی سے پیش کی اور ساتھ انگریزی اور اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔ ازاں بعد ماریہ عثمان صاحبہ نے بھی اجتماع کے عنوان کے حوالے سے حدیث مبارکہ اور اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔ بعد ازاں ریجنل صدر لجنہ اماءللہ سسکاٹون بشریٰ نذیر آفتاب نے لجنہ اماءاللہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد عزیزہ نغمانہ ادریس صاحبہ نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے منظوم کلام میں سے ’’ہے دستِ قبلہ نما لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ کے چند اشعار ترنم سے پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد باقاعدہ علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ مقابلہ جات کے دوران بہنو ں کے استفادہ کے لئے وقتاً فوقتاً اجتماع کے عنوان ’’اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ‘‘ کے مطابق حضرت مسیح موعود و مہدی مسعود علیہ السلام کی سورۃ الفاتحہ کی عظیم الشان تفسیر اور اسی طرح سیدنا محمود المصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سورۃ الفاتحہ کی معرکۂ آراء تفسیر میں سے چیدہ چیدہ نکات پیش کئے جاتے رہےجسے تمام لجنہ ممبرز نے بہت سراہا۔علمی مقابلہ جات کے اختتام کے بعدماؤں اور بچیوں سے میٹنگ ہوئی جس میں دو Presentations پریزٹیشنز پیش کی گئیں۔ پہلی Guide us to the right path، ہمیں سیدھے راستے پر چلا۔ کے عنوان پر ریجنل صدر لجنہ سسکاٹون نے پیش کی اور دوسری رشتہ ناطہ کے شعبے سے متعلقہ، ریجنل رشتہ ناطہ کو آرڈینیٹر زاہدہ بٹر صاحبہ اور مونا خان صاحبہ نے پیش کیا۔ ماڈریٹرز اور آڈیو وڈیوکے فرائض ریجنل جنرل سیکرٹری عائشہ شیراز صاحبہ، نائلہ گورائیہ صاحبہ، ریجنل آڈیٹر نائلہ انور صاحبہ اور نور انور صاحبہ نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے آخر پر تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی ریجنل صدر سسکاٹون نے تمام اول، دوئم اور سوئم آنے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کئے، تمام ممبرات کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دُعا کروائی۔اس کے ساتھ ہی یہ دینی و علمی تقریب نہایت کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔ COVID-19 کی وجہ سےابھی بھی اندرون کینیڈا سفر کرنے میں احتیاط برتی جارہی ہے اور حالات بھی ابھی تک ساز گار نہیں ہیں۔اس لئے محترمہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا ہمارے اجتماع میں شامل نہ ہو سکیں۔ تاہم انھوں نے اور نیشنل سیکرٹری صاحبہ تعلیم نے اجتماع سے متعلق تمام اہم امور میں راہنمائی کی اور مفید مشوروں سے نوازا۔ اس اجتماع کی قابل ذکر بات یہ ہے کہ لجنہ کے نماز ہال سے ملحقہ لابی میں تحریک جدید، وقف جدید، صنعت و دستکاری کے بوتھ لگائے گئے تھے اور پوسٹرز بھی آویزاں کئے گئے تھے، ساتھ میں ہی ایک بوتھ ‘‘حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں خط لکھیں’’پر بھی بنایا گیا تھا۔ تمام بہنوں نے اپنے پیارے آقا کی خدمت اقدس میں خطوط لکھے۔ سب سے زیادہ رش اِس بوتھ پر تھا۔ ماؤں کے ساتھ ساتھ چھوٹے چھوٹے بچوں نے بھی پین سے پیپر پر لائنیں لگا کر اپنے پیارے آقا سے محبت و شفقت کا اظہار کیا۔ دوپہر کے کھانے سے قبل مکرم سعد حیات باجوہ صاحب مربی سلسلہ سسکاٹون نے ظہر اور عصرکی نمازیں پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کےساتھ ہی تمام لجنہ، ناصرات اور بچوں کو دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ ضیافت کی ٹیم نے مرغ پلاؤ، رائتہ، آئس کریم اور چائے سے اجتماع میں شامل 257 لجنہ، ناصرات اور بچوں کی تواضع کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شعبہ جات کی ناظمات اور کارکنات کی عاجزانہ خدمات کو قبول و منظور فرمائے اور انہیں اجر عظیم سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ سسکاٹون، کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ