• 8 مئی, 2024

جلسہ یومِ مسیح موعودؑ

23مارچ کا دِن جماعتِ احمدیہ عالمیگر کے لئے بہت اہم دن ہے۔ 23 مارچ کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پوری دُنیا میں جلسہ یومِ مسیح موعود منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سال امارت برمپٹن ویسٹ کینیڈا نے فیصلہ کیا کہ جلسہ یومِ مسیح موعود علیہ السلام میں غیرازجماعت احباب کو بھی دعوت دی جائے اور انہیں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے عالی شان مقام سے روشناس کروایا جائے۔

اس جلسہ کی کامیابی کے لئے سب سے پہلے پیارے خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو پروگرام کی کامیابی کی دُعا کے لئے خط لکھا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے آقا کی دُعا سے جلسہ یومِ مسیح موعود علیہ السلام کے دِن مسجد مبارک برمپٹن، غیرازجماعت کی ایک بڑی تعداد سے بھر گئی۔ الحمدللہ۔ ان میں عیسائی پادری کے ساتھ سینٹالوجی چرچ اور مورمن چرچ کے ممبران، عام عیسائی اور غیر احمدی مسلمان دوستوں نے شمولیت کی جن میں بہت بڑی تعداد ایسی تھی جو پہلی بار مسلمانوں کی مسجد میں آئے تھے۔

جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام، مبارک مسجد برمپٹن کے مرکزی ہال میں منعقد کیا گیا۔ تقریباً تمام غیرمسلم مہمانانِ گرامی نے اذان سنی اور نمازِ ظہر ادا ہوتے ہوئی دیکھی جس کا ان پر بہت اچھا اثر ہوا۔ (الحمدللّٰہ)

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم ومحترم لال خاں ملک صاحب امیر جماعتہائے کینیڈا نے پروگرام کا تعارف کروایا۔ داعیِ الی اللہ خصوصی مکرم اویس احمد صاحب، مکرم علی رضا صاحب مربی سلسلہ اور مکرم عمیر خان صاحب مربی سلسلہ کی تقاریر کو حاضرین نے بڑے انہماک اور دلچسپی سے سُنا۔ ان تقاریر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عالی شان مقام کے ساتھ ساتھ بڑی حکمت سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات کو انجیل سے ثابت کیا گیا۔

پروگرام کے آخر میں دُعا ہوئی جس میں غیرازجماعت نے اپنے اپنے انداز سے شمولیت کی۔ (الحمدللہ)

بعدازاں مہمانوں کو تیسرے فلور پر لے جایا گیا جہاں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا اور مہمانوں کو جماعت کا لٹریچر دیا گیا۔ مہمانوں نے خاص طور پر ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ پڑھنے کی خواہش کی۔

مورمن چرچ کے احباب نے اُس دن اپنے مذہب کے مطابق روزہ رکھا ہوا تھا لہذا اُن کو کھانا پیک کرکے دیا گیا کہ وہ اپنا روزہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے لنگر کے کھانے سے کھولیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو حقیقی اسلام احمدیت میں داخل کرے۔ (آمین)

اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں لوکل امیر صاحب برمپٹن اور ممبران مجلس عاملہ نے بھرپورمحنت، کوشش اور دُعا کی۔ اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کو جزائے خیر عطاء فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ: مظفر منصور۔ سیکرٹری تبلیغ برمپٹن ویسٹ امارت کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 اگست 2022

اگلا پڑھیں

دعا عبادت کا مغز ہے