ذہنی دباؤ سے بچنے کی دعا
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ (الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ)
(مسلم ،کتاب الذکرباب استجاب —— خفض الصوت بالذکر)
ترجمہ: کسی کو کوئی قوت اورطاقت حاصل نہیں سوائے اللہ کے جو (بہت بلند شان والا اور بڑی عظمت والا ہے۔)
یہ خدا تعالیٰ کی پناہ میں آنے کی افضل ترین دعا ہے۔
حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے مجھے فرمایا کہ کیا میں تمہیں جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانے کے بارے نہ بتاؤں؟ میں نے عرض کیا یارسول اللہ! ضرور بتائیں۔ آپﷺ نے فرمایا کہ جنت کا خزانہ یہ ہے:
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ (الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ)
ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز معاشرے کی برائیوں سے بچنے اور خود اعتمادی کے حصول کے لئے اس دعا کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
پہلی بات تو یہ ہے کہ اپنے ذہن سے اپنے مذہب، اپنے عقائد، اپنی شخصیت اور اپنے خاندانی پس منظر کے حوالہ سے ہر طرح کا احساس کمتری مٹا دیں۔ اپنی ذات میں خود اعتمادی پیدا کریں۔ پھر اپنی پنجوقتہ نمازوں میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا بھی کریں۔ ایک سجدہ اس مقصد کے لیے مختص کردیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو عصر حاضر کے معاشرے کی برائیوں سے بچنے کی طاقت عطا کرے۔ تو بہترین طریقہ تو یہی ہے کہ اپنی پنجوقتہ نمازوں میں دعا کریں۔
حضور انور نے مزید فرمایا کہ اپنی صحتیابی کے لیے دعا، ایک سجدہ یا ایک یا دو رکعتیں مختص کریں۔ پھر اللہ تعالیٰ آپ کی راہنمائی فرمائے گا پھر اس کےعلاوہ درود شریف پڑھیں اور یہ دعا لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم بھی جس قدر ہو سکے ضرور پڑھیں۔ اس دعا کا ترجمہ یاد کریں اور پھر پڑھیں۔ پھر استغفار بھی کثرت سے کریں۔ اس کے گہرے معانی سمجھنے کی کوشش کریں۔ یہ آپ کو بری چیزوں سے بھی بچائے گی اور آپ میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوگی۔
(امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ناصرات الاحمدیہ یوکے ساؤتھ کی (آن لائن) ملاقات بحوالہ الفضل انٹرنیشنل 20 اگست 2021ء)
(مرسلہ: مریم رحمٰن)