• 26 اپریل, 2024

یاد رکھنا کہ خدا دیکھ رہا ہے پھر بھی

جرم ہے آگ سے بے کس کو بچاتے رہنا
سلسلہ عام ہے زندوں کو جلاتے رہنا
سینکڑوں قتل مگر ایک ہی دستور یہاں
نعش ہاتھوں میں لیے پاؤں گھساتے رہنا
بیٹیوں ماؤں کی تقدیر تو دیکھو لوگو!
چاک چادر پہ لہو گرد سجاتے رہنا
چیخنا پیٹنا انصاف کے دروازوں کو
ماتم عقل ہے بہروں کو سناتے رہنا
مرنے والوں کو تو مرنے کا سلیقہ ہی نہیں
جان دیتے ہوئے اپنوں کو رلاتے رہنا
گولیاں مار سلائے ہیں جنہوں نے گستاخ
گولیاں دے کے انہیں روز سلاتے رہنا
صبر گر جرم ہے بےصبر بنا دو مجھ کو
اور بےصبر کو پھر صبر سکھاتے رہنا
اسلحہ ساز خداؤں پہ ہنسی آتی ہے
مال اپنی ہی حفاظت پہ اُڑاتے رہنا
دیکھنا ہاتھ میں کشکول بڑا ہو ورنہ
خاتمہ طے ہے فقیروں کو بتاتے رہنا
ڈھیٹ دیوار ہے دھکوں سے گرے گی کیونکر
شان جھوٹوں کی صداقت سے گراتے رہنا
ایک تدبیر فتحیاب بنا دیتی ہے
نفس بھا جائے تو اوقات بتاتے رہنا
یاد رکھنا کہ خدا دیکھ رہا ہے پھر بھی
اس کی رحمت کا تقاضا ہے بچاتے رہنا

(حافظ اسداللہ وحید۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 اپریل 2021