• 23 اپریل, 2024

اجوائن کے لا تعداد فوائد

اجوائن کے لا تعداد فوائد
Carom Seed Omum Seed

اجوائن کیا ہے؟

عربی نام: مکون ملوکی

فارسی نام: تخم بنگ

اجوائن ایک ایسی دوا ہے جس سے تقریباً ہر شخص واقف ہے۔ اس کا رنگ سیاہی مائل بھورا ہوتا ہے۔ اس کی بو تیز ہوتی ہے۔ اس کا مزاج تیسرے درجے میں گرم خشک ہوتا ہے۔

تیزابیت اور بدہضمی سے نجات

اجوائن کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ ہمارے معدہ کو مضبوط بناتی ہے۔ اجوائن میں موجود فعال انزائمز گیسٹرک جوس بنا کر ہاضمہ کے افعال کو بہتر بناتے ہیں۔ ایک چمچ زیرہ اور ایک چمچ اجوائن میں 1/2 چمچ ادرک کا پاؤڈر مکس کرکے روزانہ پانی کے ساتھ استعمال کریں۔

نزلہ زکام کا علاج

اجوائن ناک کی رکاوٹ دور کرکے میوکس (بلغم) کو آسانی سے باہر نکالتی ہے۔ اجوائن اور گڑ کو گرم کرکے پیسٹ بنا لیں دو چمچ دن میں دو بار کھائیں۔

نظام تنفس

یہ نظام تنفس کی بیماریوں جیسا کہ دمہ اور برانکائٹس میں مفید ہے۔

درد شقیقہ مائی گرین کیلئے

اجوائن کا پاؤڈر کسی باریک کپڑے میں ڈال کر سانس کے ذریعہ اندر لے جائیں۔ یہ بے حد فائدہ مند ہے۔

کانوں اور دانتوں کی بیماریوں کیلئے

علاج کے لئے تھوڑی سی اجوائن اور نمک نیم گرم پانی میں ڈال کر اس کے غرارے کریں۔ یہ ایک بہترین ماؤتھ واش کے طور پر کام کرتی ہے

زخموں کو صاف کرنے کیلئے

اجوائن میں ایک جز پایا جاتا ہے جسے تھائی مول کہتے ہیں یہ بطور مضبوط دافع فنگس اور دافع جراثیم کام کرتا ہے اس کے لئے اجوائن کا سفوف بنا کر زخموں اور انفیکشنز پر لگائیں یہ بے حد مؤثر ہے۔

اجوائن کا پانی

اجوائن کے پانی کو انگریزی یں اوما واٹر کہتے ہیں یہ ایک آیوروریدک معجزہ ہے خاص طور پر عورتوں کے لئے بے حد مفید ہے۔ یہ حاملہ خواتین کی بدہضمی کے مسائل کا علاج کرتا ہے۔ یہ ماہواری کے مسائل دور کرتا ہے اکثر بچوں کو ریاح کے مسائل کے علاج میں دیا جاتا ہے۔اجوائن کا پانی تیار کرنے کے لئے دو چمچ بھُنی ہوئی اجوائن لے کر پانی میں ابالیں۔ پھر اسے چھانیں اور استعمال کریں۔ ذائقہ کے لئے شہد بھی شامل کرسکتے ہیں باقاعدگی سے اجوائن کا پانی پینا میٹابولزم کو بڑھاتا ہے چربی پگھلتی ہے۔ اس طرح اجوائن وزن کم کرنے میں بھی معاون ہے۔

بالوں کو سرمئی ہونے سے محفوظ رکھتا ہے

اجوائن وقت سے پہلے بالوں کو سرمئی ہونے سے بچاتی ہے۔ اس کے لئے کری پتہ، خشگ انگور، چینی اور اجوائن لے کر پانی میں ڈال کر پکائیں۔ پھرروزانہ ایک گلاس پیئیں۔

مچھر بھگاؤ

اگر مارکیٹ سے خریدا گیا مچھر بھگاؤ کام نہیں کر رہا تو گھر پر بھی بہترین مچھر بھگاؤ بنا سکتے ہیں۔ سرسوں کے تیل میں اجوائن مکس کرکے کارڈ بورڈ کے ٹکڑوں پر لگا کر کمرے کے کونوں میں لٹکا دیں۔ اس سے مچھر دور رہیں گے۔

جلد کی صفائی کیلئے

داغ دھبوں اور کیل مہاسوں کو دور کرنے کے لئے اجوائن کا پاؤڈر خاص طور پر مفید ہے۔

جوڑوں کے درد کیلئے

اجوائن میں اینٹی بائیوٹک اور مسکن خصوصیات پائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے وہ جوڑوں کے درد سے لڑنے میں مددگار ہے۔ سوزش کو کم کرتی ہے۔ اجوائن کے بیجوں کو پیس کر جوڑوں پر لگانا فائدہ مند ہے۔

معدہ کے درد کیلئے

گرم پانی کے اندر اجوائن اور نمک ڈال کر پینا بدہضمی اور معدہ کی درد کو دور کرنے کے لئے فائدہ مند ہے۔

دمہ کے علاج کیلئے

سانس کے ذریعے اجوائن کے دھوئیں کو اندر لے کر جانا سانس کی نالیوں کو کشادہ کرتا ہے اور سانس لینا آسان بناتا ہے دمہ کے مریض اجوائن اور گڑ کا پیسٹ بنا کر دن میں دو بار کھائیں۔ یہ دمہ کے علاج کے لئے مددگار ہے۔

ذیابیطس کے علاج میں مفید

ایک چمچ اجوائن میں4چمچ بیل گری کے پتوں کا جوس پینا بے حد مؤثر ہے۔

الکوحل کے نشہ/زیادتی سے نجات کے لئے

الکوحل کے نشہ سے نجات حاصل کرنے میں اجوائن بہترین ہے۔ رات کے وقت 30 ملی لیٹر اجوائن کا جوشاندہ 50 دن تک پینا بہت فائدہ مند ہے۔

ہیضہ کیلئے

اجوائن میں اتنی صلاحیت پائی جاتی ہے کہ وہ تھریڈ ورم اور آنتوں کے بیکٹیرئیل انفیکشنز کو کم کرسکتی ہے اس لئے ہیضہ کے مریضوں کو دینا بے حد مفید ہے۔

گردوں کی پتھری نکالنے کیلئے

اجوائن، شہد اور سرکہ مکس کرکے 10 دن تک استعمال کریں۔ یہ گردے کی پتھری کو حل کرکے پیشاب کے ذریعے خارج کرنے میں مددگار ہے

ریاح کو کم کرنے کیلئے

اجوائن ایک بہترین ہاربل دوا ہے جو ریاح کو کم کرتی ہے۔

جنسی کمزوری کے علاج کیلئے

اجوائن جنسی کمزوری کےعلاج کیلئے بے حد مفید ہے یہ سپرمز کی تعداد بڑھاتی ہے یہ سرعت انزال کےلئے بھی بہترین ہے اس کے لئے بُھنی ہوئی اجوائن لے کر املی کے چھلکے میں گرائنڈ کر لیں۔ ایک چمچ شہد اور ایک گلاس دودھ کے ساتھ روزانہ ایک چمچ کھائیں۔

(نذیر احمد مظہر ڈاکٹر آلٹرنیٹیو میڈیسن کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 جولائی 2021