• 19 مئی, 2024

ناانصافی اور نسل پرستی کے بارہ میں اسلام کا موقف اسکاٹ لینڈ ریجن کا ویرچوئیل عید ملن پروگرام کا شاندار انعقاد

’’نہ عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت ہے نہ عربی کو عجمی پر۔ نہ گورا کالے سے افضل ہے نہ کالا گورے سے۔ بزرگی اور فضیلت کا کوئی معیار ہے تو تقویٰ ہے‘‘ مولائے کل ختم الرسل صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد نے انسانیت کو جہالت اور نسل پرستی کی زنجیروں سے رہائی دلائی اوراس حیاتِ آفریں پیغام کے معجزہ سے انسانیت کو صدیوں کی توہم پرستی کےبوجھ سے چھٹکارہ ملا۔

آج کچھ ممالک میں نسل پرستی جیسے مسائل سے نہایت گھمبیر صورتحال ہے اور غیرمسلم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اسلام اس بارہ میں کیاکہتا ہے۔ لہذٰا اسکاٹ لینڈ ریجن کو یہ موقع عید الاضحی کے بعد مورخہء 7اگست 2020ء کو ملا اور آن لائن عید ملن پارٹی کا موضوع ’’ناانصافی اور نسل پرستی کے بارہ میں اسلام کا موقف‘‘ رکھا گیا۔ اس پروگرام کو پیش کرنے کیلئے سوشل میڈیاکا بھرپور استعمال کیا گیا جس سے بہت آگاہی ہوئی۔ مقررہ دن کوشام ساڑھے چھ بجے یو ٹیوب اور فیس بک کے ذریعے لائیو پروگرام نشر کیا گیا جسے اسکاٹ لینڈ سمیت طول عرض میں 600 کے قریب احباب نے سنا اور پروگرام پر اظہارِ خیال بھی کیا۔ پروگرام کے انتظامات کیلئے گلاسگو، ایڈنبرا اور ڈنڈی کے صدران جماعت اورلجنہ اماءاللہ اسکاٹ لینڈ نے اپنی اپنی ٹیمیں بنائیں جنہوں نے اپنے لوکل کونسلرز، ممبر آف اسکاٹش پارلیمینٹ اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کو مدعو کیا۔ مکرم احمد اووزو کونیڈو صاحب کی سربراہی میں تمام ٹیموں کے ساتھ تیاری کی میٹینگزبھی ہوئیں۔ موجودہ کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں یہ ممکن نہ تھا کہ یہ پروگرام ہماری مسجد میں ہوتا لہذٰا تمام انتظامات آن لائن کیے گئے اور پہلی دفعہ ہمارے ریجن نے سوشل میڈیا پر لائیو پروگرام کا انعقاد کیا جس میں تمام مقررین نے اپنے اپنے گھروں اور دفاتر سے اس اہم موضوع پر خطاب کیا۔ اس ڈیجیٹل پروگرام کو کامیاب کرنے کیلئے ایک ٹیم نے پس پردہ مسلسل کام کیا اور کوئی بھی تکنیکی خرابی کے بغیراس پروگرام کو بخوبی انجام دیا، الحمدُللہ

پروگرام کی نظامت مکرم احمد اووزو کونیڈو صاحب نے سنبھالی اوراس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد ریجنل امیر اسکاٹ لینڈ مکرم محمد احسان احمد صاحب نے افتتاحی خطاب کیا جس کے بعد جماعت احمدیہ کے مختصر تعارف اور اس کی سماجی خدمات پر ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد درج ذیل مقررین نے خطاب کیا اور پروگرام کے موضوع پر اپنا نقطہ نظر بیان کیا اور جماعت احمدیہ کے نسل پرستی پر موقف کی تعریف بھی کی:

• Cllr Philip Braat The Lord Provost of Glasgow
• Cllr Frank Ross The Lord Provost of Edinburgh
• Rt. Hon. Alison Thewlis MP
• Linda Fabiani MSP, Deputy Presiding Officer at the Scottish Parliament
• HRH Naa Tsotsoo Soyoo — Queen Mother of James Town
• Cllr Ryan Houghton Aberdeen City Council

درج ذیل اہم سیاسی شخصیات نے بھی اس لائیو پروگرام میں شرکت کی اور سب کا نقطہ نظر سُنا۔

• Cllr. Mark Flynn, Dundee City Council
• Cllr. Steven Rome, Depute Convener, Neighbourhood Services
• Hon. Stanley Lovatt Israel’s First Honary Consul to Scotland
• Hon Clare Adamson MSP Motherwell and Wishaw

پروگرام کا اختتامی خطاب مکرم منصوراحمد کلارک صاحب مربی سلسلہ نے کیا جس میں انہوں نے تفصیل کے ساتھ موجودہ نسل پرستی کے نتیجے میں ہونے والے واقعات کا تجزیہ کیا، خصوصاً امریکہ میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے چینی کا ذکر ہے۔ مربی صاحب نے تفصیلاً بتایا کہ ہمارے امام حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزعالمی طور پراس مسئلہ کیلئے کیا مساعی فرمارہے ہیں اور اسلام کا موقف کیسے اجاگر کیا جارہا ہے۔ مکرم مربی صاحب نے بتایا کہ ہمارے امام کیسےسالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد کرتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے تمام عالمی رہنماؤں کو امن کے قیام کیلئے اور ناانصافی کے خاتمہ کیلئے خطوط بھی لکھے ہیں۔

اس لائیو پروگرام کے درمیان یو ٹیوب اور فیس بک پر حاضرین کے سوالات بھی لیےجارہے تھے جس میں اس موضوع پر بہت سے احباب نے سوالات بھجوائے۔ سوالات کیلئے ایک پینل ترتیب دیا گیا تھا جس میں امام منصوراحمد کلارک صاحب کے علاوہ امریکہ سے مبلغ مکرم عبداللہ ڈبہّ صاحب اور لندن سے مربی سلسلہ مکرم نورالدین جہانگیرصاحب شامل تھے جنہوں نے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیےجس سے غیر مسلم اہم سیاسی شخصیات جو اس پروگرام میں شامل تھیں، انہوں نے بھی جماعت احمدیہ کے موقف کی کُھل کر تائیدکی۔ پروگرام کے بعد بھی سوشل میڈیا میں بہت سے حاضرین کے علاوہ اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے جماعت احمدیہ کے ناانصافی اور نسل پرستی کے خلاف موقف کی تائید کی جس سے تبلیغ کے شاندار مواقع میسر آئے جہاں ان شخصیات کے ہزاروں فولورز ہیں۔

پروگرام کا اختتام مکرم و محترم داؤداحمد قریشی مربی سلسلہ اسکاٹ لینڈ کے خطاب سے ہوا جس میں آپ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حالات میں یہ ممکن نہ تھا کہ مہمانوں کو مسجد مدعو کیا جاتا اورعید کے موقع پر تواضع کی جاتی۔ آپ کی دعا کے بعد اس کامیاب پروگرام کا اختتام ہو۔

(مرسلہ: ارشد محمود خاں ۔ اسکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 ستمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 ستمبر 2020