• 9 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خط

مکرم ایڈیٹر صاحب الفضل آن لائن لندن

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مذہبی طباعت واشاعت کی دُنیا میں الفضل آن لائن لندن 19؍اگست 2022ء میں جلسہ سالانہ برطانیہ 2022ء کی آپ کی مرتب کردہ رپورٹ انٹرنیٹ پر پڑھنے کی توفیق ہوئی۔ میں اور میرے ساتھی جو پروفیسر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر احمدی ہیں بہت متاثر ہوئے۔ بے حد خوبصورتی کے ساتھ آپ نے اس کو منظر عام پر لایا ہے۔ جو لوگ مجبوری میں ایم ٹی اے پر اس پروگرام کو دیکھ نہ سکے ان کےلئے آپ کی یہ کاوش ممنون احسان رہے گی۔ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کہ ہم جلسہ سالانہ یوکے 2022ء میں بنفس نفیس شامل ہیں۔ہے تو یہ اخبار لیکن آنکھوں دیکھا حال کا سماں باندھ رہا تھا۔ ماشاءاللہ بیش بہا پیش رفت ہے۔ اس صورت حال اور اس کی قدر و منزلت کو بیان کرنے کے لئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ آپ نے اس بابرکت جلسہ سالانہ کے تمام شعبہ جات کا بہت خوبصورتی سے منظر کشی کرکے تعارف کرایا ہے۔ گویا آپ نے سمندر کو کوزہ میں قید کر دیا ہے۔ اس بابرکت جلسہ سالانہ لندن کی رپورٹ میں ہر پہلو اور ہر گوشہ اُجاگر ہوا ہے۔ اس کے لیے آپ اور آپ کے معاون مبارکباد اور دعاؤں کے مستحق ہیں۔

شاید آپ کے لئے یہ یقین کرنا مشکل اور مبالغہ ہو گا کہ ایک ہی نشست میں یہ رپورٹ بلکہ سارا اخبار پڑھ ڈالا۔ ایک تو تحریر میں چاشنی پھر جامع و مانع الفاظ کا ذخیرہ جو اردو ادب کی انتہاء کو چھو رہا تھا دوسرا ایسا تسلسل کے مکمل مطالعہ کئے بغیر ہٹنے کو جی نہیں چاہ رہا تھا۔ اب اردو ادب کا معیار کہیں زیادہ بلند ہو چکا ہے۔ ماشاء اللہ آپ کا الفضل آن لائن لندن اس کی جیتی جاگتی تصویر ہےاور آپ کا اداریہ ’’عہد کے درد کو بھی کر محسوس‘‘ اور ’’کجیاں (money box)‘‘ بچوں اور بڑوں کےلئے بھی سبق آموز ہے۔ بچپن کی یادیں تازہ ہوگئیں، دوڑ پیچھے کی طرف اے گردش ایام تُو۔ جزاکم اللّٰہ تعالیٰ و کان اللّٰہ معکم

والسلام
خاکسار

علامہ محمد عمرتماپوری کوآرڈینیٹر
مسلم یونیورسٹی علی گڑھ، انڈیا

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ