• 23 اپریل, 2024

یوں مہدئ زماں سے ملاقات ہو گئی

چشمے سے سلسبیل کے جب میں وضو کروں
کوثر سے غسل دے کے زباں سرخرو کروں
یارب! امام مہدیٔ دوراں کی شان میں
لکھنے کی بس مدد سے تری آرزو کروں

مالک کی جب نگاہِ کرم ساتھ ہو گئی
پھر تو تجلّیات کی برسات ہو گئی
سجدے میں روح ایسی گری، فضل ہو گیا
یوں مہدئ زماں سے ملاقات ہو گئی

ملتے ہی عرض کر دیا شاہِ زمان سے
انعام کیا ملے ہیں خدائے جہان سے
جو بھی فضیلتیں ملیں خالق سے آپ کو
وہ سب سنائیں اپنی مبارک زبان سے

گویا ہوئے کہ میں تو محبّت کا طُور ہوں
میں فکرِ مصطفیٰ کا زمیں پر ظہور ہوں
مجھ کو مٹانے والے بھلا دیں نہ یہ کہیں
پھونکوں سے بجھ نہ پاؤں گا، اللہ کا نور ہوں

ہے پیرہن عطا ہوا مجھ کو وقار کا
اور ہاں دعا ہے نام مری ذوالفقار کا
وارث ہوں انبیاء کا ذرا غور تو کرو
سر پر ہے تاج نصرتِ پروردگار کا

جاؤں جہاں، خدا کی رضائیں بھی چل پڑیں
خلدِ بریں کی ساتھ ہوائیں بھی چل پڑیں
مردوں کو زندگی عطا کرنے کے واسطے
واللہ! ساتھ ساتھ شفائیں بھی چل پڑیں

(کنیز بتول نجمہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی