• 19 اپریل, 2024

اکتوبر 2022ء – بطور اسلامی ورثہ کا مہینہ

محض خدا کے فضل و احسان سے امسا ل بھی یکم اکتوبر2022ء سے ہی سسکاٹون اور اس کے مضافات میں واقع پبلک اسکولوں Public Libraries اور اوپن ڈورسوسائٹی میں انتظامیہ سے بات کر کے مختلف پوسٹرز اور بینرز کے ذریعےہر خاص و عام کواسلامی ورثہ سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں اور اسی طرح سسکاٹون ریجن جو کہ اکتوبر2022ء سے لجنہ اماءاللہ کے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی تین مجالس کے اضافہ کے ساتھ پریری ریجن بن گیا ہے۔ جس میں سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ، ونی پیگ Winnipeg جو کہ کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا Manitoba میں واقع ہے اور ریجائنا Regina جو سسکاچوان Saskatchewan صوبے میں واقع ہے۔ان مجالس کی مقامی صدرات، ان کی تبلیغ اور اشاعت کی ٹیموں نےمختلف اسکولوں اور شہر کی لائبریریوں میں بھی اس مہینے کی مناسبت سے اسٹالز، نمائش، Displays اور Exhibitions لگائے۔

پریری ریجن میں ہونے والی مساعی کی رپورٹ اختصار کے ساتھ مع چند تصاویر درج ذیل ہے۔

سسکاٹون: 15پبلک اسکولز، دو ہائی اسکولز، دو Libraries میں ’’اکتوبر اسلامی ورثہ کا مہینہ‘‘ پر، پوسٹرز، بینرز، کتب، فلائرز اور کلچر کے حوالے سے آویزاں کئے گئے۔ ان میں مسلم سائنس دانوں کے کار ہائے نمایاں بمع تصاویر پوسٹرز کی صورت میں رکھے گئے تھے۔ اسلام کے بنیادی ارکان، قرآن کریم کا نسخہ، بنیادی اسلامی تعلیمات کے پرنٹ نکال کر اسکولوں کے ہالز میں بورڈز پر چسپاں کئے گئے تھے۔دس مڈل اسکولز کے 16کلاس رومز میں لیکچرز دیئے گئے اور ساتھ ہی ساتھ طلبا اور اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیئےگئے۔3001 طلبا و طالبات اور 205 اساتذہ نے ان لیکچرز سے استفادہ کیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِک

سسکاٹون مسجد بیت الرحمت: سسکاٹون جماعت نے اس سال مسجد میں بھی ’’اکتوبر اسلامی ورثہ کا مہینہ‘‘ کے Theme پر اوپن ہاؤس کا اہتمام کیا۔ مربی صاحب سسکاٹون نے لجنہ سے بھی اسلامی پردے/حجاب کے حوالے سے لجنہ کی لابی سے متصل جم کے ایک کونے میں اسی مناسبت سے Exhibition لگانے کے لئے کہا۔ خاکسار ریجنل صدر پریری نے اس سلسلہ میں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا امۃ السلام ملک صاحبہ سے راہ نمائی حاصل کی۔ بعد ازاں ریجنل تبلیغ کو آرڈینیٹر سعیدہ خانم صاحبہ، تبلیغ اور اشاعت کی ٹیموں کے تعاون سے مختصرعرصے میں بہت ہی معلوماتی ڈسپلے کا اہتمام 23؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار دوپہر 12سے شام 4 بجے تک مسجد کے جمنازیم میں کیا گیا۔ جو الحمد للّٰہ بہت کامیاب ہوا۔ سسکاٹون کے مئیر مسٹر چارلی کلارک Charlie Clark بھی مسجد کے جم میں منعقد ہ نمائش سے محظوظ ہوئے۔ 20 غیر مسلم مہمان بہنوں نے بھی ہمارے دعوت نامے قبول کئے اور لجنہ کے ایگزیبیشنز پر آکراسلامی پردے کی اہمیت، حجاب و نقاب اور حیادار لباس پرمختلف سوال پوچھے اور ہماری ٹیم سے تسلی بخش جواب پا کر بہت خوش ہوئیں۔ان مہمان بہنوں میں پانچ اساتذہ بھی تھیں اور یہ ہماری مسجد میں چونکہ پہلی دفعہ آئی تھیں۔ یہ مسجد کے روحانی ماحول اور جم میں اسلامی ورثہ پر نایاب معلومات، اسلامی حسن تعلیم اور ڈیوٹی پر مامور لجنہ و ناصرات کے اعلیٰ اخلاق سے بہت متاثر ہوئیں۔ اگلے روز مجھے اسکول میں باربار شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنے لگیں کہ آئندہ بھی ہمیں مسجد میں منعقد ہونے والے تمام پروگرامز میں مدعو کرنا اور یہ کہ ہم آپ کی جماعت کے ڈسپلن اور جماعتی روایات سے بہت کچھ سیکھ کر آئی ہیں۔

ریجائنا: یہ شہر سسکاچوان صوبے کا دارالحکومت ہے۔ تقریباً 263,269 کی آبادی کے اس شہر میں رائل سائنس میوزیم، سسکاچوان سائنس سینٹر اور دیدہ زیب لیجسلیٹو بلڈنگ Legislative Building سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہے۔ اس شہر میں جماعت کی اپنی مسجد ہے۔ مسجد محمود کا افتتاح سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 2016ء میں دورہ کینیڈا کے دوران کیا تھا۔ لجنہ اماءاللہ ریجائنا کی سیکرٹری تبلیغ شاہدہ رفعت صاحبہ اوران کی ٹیم نے ریجائنا کی دو پبلک لائبریریز میں نمائش کا اہتمام کیا۔ 27؍اکتوبر کو سینٹرل لائبریری ریجائنا میں Exhibition کا انعقاد کیا گیا جس سے 55 لوگ مستفید ہوئے۔

2 سے 6؍نومبر تک جارج بوتھویل لائبریری George Bothwell library میں، اس پانچ روزہ نمائش کو 300 سے زیادہ لوگوں نے دیکھا، تمام پوسٹرز کو پڑھا اور بہت ہی پسند کیا۔ اس لائبریری میں کافی مواد Remembrance Day کے حوالے سے بھی رکھا گیا تھا جس میں ان تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیاتھا جنھوں نے ہمارے امن اور آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے تھے۔ مہمانوں میں ریجائنا شہر کے پولیس چیف Chief Even Bray نے اپنی بیوی کے ساتھ شرکت کی۔اور لجنہ کی اس کوشش کو بہت سراہا۔ CTV News نے اس سارے پروگرام کو کور کیا۔سوشل میڈیا پر بھی ایک کثیر تعداد میں لوگوں نے اس ایونٹ کو پسند کیا۔

Winnipeg ونی پیگ 833000 کی آبادی پر مشتمل یہ شہر Manitoba میں واقع ہے۔ کینیڈین میوزیم فار ہیومین رائٹس، اور Assiniboine zoo اور لیجسلیٹو بلڈنگ کے علاوہ اور بھی بہت سی جگہیں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہتیں ہیں۔ اسی طرح سے یہ شہر اپنے آرٹ اور کلچر کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہاں کی لجنہ کو بھی سالہا سال سے مینی ٹوبا یونیورسٹی اور شہر کے اسکولوں میں اکتوبر کے مہینے کی مناسبت سے نمائش لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ پریری ریجن میں ہونے والے ان تمام پروگرامز کو نہ صرف انتظامیہ کی طرف سے خوب سراہا گیا بلکہ اسلام کی پُر امن اور جامع تعلیمات اور اسلامی ورثہ پرباربار نمائش لگانے کی درخواست بھی کی گئی۔ اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ وہ تمام داعیات کی کوششوں اور کاوشوں میں برکت ڈالے اور ان پروگرامزکے دُور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ریجنل صدر پریری، کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی