• 4 مئی, 2025

بادشاہ ہوکے بھی سنتا ہے

وہ خدا کا ہی نوشتہ تو لکھا کرتا ہے
ہو کے رہتا ہے وہی جو وہ کہا کرتا ہے
بیٹھ جائیں جو ترے در کے بھکاری بن کر
کاسۂ خیر اُنہی کا ہی بھرا کرتا ہے
نیک فطرت ہیں جنہیں یار کی صحبت حاصل
ہم نشینی سے عجب رنگ چڑھا کرتا ہے
اس سے بڑھ کر بھی غنی اور کوئی کیا ہوگا
اپنی اوقات میں جو شخص رہا کرتا ہے
سانس پھر لیتے ہیں محفوظ فضا میں لوگ
شہر میں وقت کا حاکم جو پھرا کرتا ہے
ساحلوں پر تو فقط ریت یا پتھر ہوں گے
گوہرِ خاص تو ساگر میں پلا کرتا ہے
گونجتی ہے یہ صدا وقت کے ایوانوں میں
اس کا ہوتا ہے بھلا جو بھی بھلا کرتا ہے
چاہے جتنی بھی بلندی پہ چلا جائے عروج
اک نہ اک تو زوالوں میں ڈھلا کرتا ہے
مار دیتا ہے ہر اک جوہرِ روحانی کو
اژدھا جب بھی تکبّر کا ڈسا کرتا ہے
عشق اور دشت نوردی تو ہیں لازم ملزوم
اس میں رکھے نہ قدم ہو ڈرا کرتا ہے
وقت کی قدر نہیں کرتا جو غافل بندہ
حسرت و یاس کی تصویر بنا کرتا ہے
قول دے کر جو مکر جائے اُسے کیا کہئیے
یہ تو مومن کا ہے اسلوب وفا کرتا ہے
بادشاہ ہو کے بھی سنتا ہے گنہگاروں کی
اس کے دربار میں مضطر جو صدا کرتا ہے
ہجر میں آنکھ جو بھیگی تو یہ احساس ہوا
دل کے آنگن میں ہی اشک گرا کرتا ہے
پاک مٹی میں تعصب کے لگیں جب پودے
پھل ہی نفرت کا درختوں کو لگا کرتا ہے
خونِ ناحق سے تعصب کا چمن سینچیں تو
باغ جل جاتا ہے سب راکھ ہوا کرتا ہے
ظلم کے تخت کو تختے میں بدل دیتا ہے
ایک طوفان جو مژگاں سے اٹھا کرتا ہے
اس کو بن مانگے ملیں تاج وسریرو مسند
سر جو تعظیم و محبت میں جھکا کرتا ہے
مہر نصرت کرے ثبت وہ اپنی جس پر
وہ مظفر وہی منصور ہوا کرتا ہے
یا الٰہی ہو مرا نام وفاداروں میں
سربسجدہ یہ ظفرؔ تجھ سے دعا کرتا ہے

(مبارک احمد ظفرؔ۔لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 فروری 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ