• 3 مئی, 2024

آج کی دعا

سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعائیہ تحریک

رَبَّنَا لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا بَعۡدَ اِذۡ ہَدَیۡتَنَا وَہَبۡ لَنَا مِنۡ لَّدُنۡکَ رَحۡمَۃً ۚ اِنَّکَ اَنۡتَ الۡوَہَّابُ ﴿۹﴾

(آل عمران: 9)

ترجمہ:اے ہمارے ربّ! ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ ہونے دے بعد اس کے کہ تو ہمیں ہدایت دے چکا ہو۔ اور ہمیں اپنی طرف سے رحمت عطا کر۔ یقیناً تو ہی ہے جو بہت عطا کرنے والا ہے۔

رَبَّنَا اغۡفِرۡ لَنَا ذُنُوۡبَنَا وَاِسۡرَافَنَا فِیۡۤ اَمۡرِنَا وَثَبِّتۡ اَقۡدَامَنَا وَانۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ ﴿۱۴۸﴾

(آل عمران: 148)

ترجمہ:اے ہمارے ربّ! ہمارے گناہ بخش دے اور اپنے معاملہ میں ہماری زیادتی بھی۔ اور ہمارے قدموں کو ثبات بخش اور ہمیں کافر قوم کے خلاف نصرت عطا کر۔

یہ قرآن مجید کی ہدایت کے بعد گمراہی سے بچنے ،بخشش ،ثبات قدم اور نصرت الٰہی کی عظیم الشان دعائیں ہیں۔

بہت پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسلسل ہمیں دعاؤں اور اپنی عبادتوں کا معیار بلند کرنے کی طرف توجہ دلارہے ہیں۔ آپ نئے سال 2022ء کے آغاز پر فرماتے ہیں
کل ان شاءاللہ نیا سال بھی شروع ہورہا ہے۔ اللہ تعالیٰ آنے والے سال کوافرادِ جماعت کے لئے،جماعت کے لئے مِنْ حَیْثُ الْجَمَاعَتْ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے،ہر قسم کے شر سے جماعت کو محفوظ رکھے اور دشمن کے جو جماعت کے خلاف جو منصوبے ہیں ہر منصوبے کو خاک میں ملا دے۔ حضرت مسیحِ موعودؑ سےجو اللہ تعالیٰ نے وعدے کئے ہیں، ان وعدوں کو ہم بھی اپنی زندگیوں میں کثرت سے پورا ہوتا ہوا دیکھیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ یہ نظارے بھی دکھائے۔ پس بہت دعائیں کرتے رہیں، نئے سال میں دعاؤں کے ساتھ داخل ہوں۔ تہجد کا بھی خاص اہتمام کریں۔ بعض مساجدمیں ہوبھی رہا ہے۔ باقی جہاں نہیں ہے وہاں بھی کرنا چاہئے۔ انفرادی طور پر، اجتماعی طور پرنہیں تو انفرادی طور پر بھی اور گھروں میں بھی تہجد کی نماز خاص طور پر ادا کرنی چاہئے۔ دعا کرنی چاہئے۔ اول تو یہ مستقل عادت ہونی چاہئے لیکن کل سے جب پڑھیں یا رات سے تو اس کو بھی کوشش کریں کہ مستقل حصہ زندگیوں کا بن جائے۔ اللہ تعالیٰ اس کی توفیق بھی دے سب کو۔ یہ دعائیں بھی درود شریف اور استغفار کے علاوہ کثرت سے پڑھا کریں کہ (مندرجہ بالا دعائیں) (خطبہ جمعہ فرمودہ 31 دسمبر2021ء)

اقبال کو بڑھانا اب فضل لے کے آنا
ہر رنج سے بچانا دکھ درد سے چھڑانا
خود میرے کام کرنا یارب نہ آزمانا
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ سینیگال 2021ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 فروری 2022