• 20 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

  • مکرمہ بریرہ محمود اہلیہ ڈاکٹر محمود احمد عاطف لکھتی ہیں۔

الفضل اخبار اللہ کے فضل سے اور آپ سب کی کوششوں سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہمیشہ کی طرح ہر شمارہ میں کچھ نئی معلومات ضرور ہوتی ہیں۔ حضور انور کا خطبہ جب بھی پڑھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ باتیں سننے اور سمجھنے میں رہ گئی تھیں۔

ملفوظات میں سے منتخب اقتباسات ہمارے لیے اثاثہ ہیں۔ بہت بر محل ہوتے ہیں۔ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ پر متواتر شمارہ جات کی اشاعت بہت ایمان افروز، معلوماتی اور تاریخی نوعیت کی تھی۔ خاکسار کے بھائی مکرم عبادہ اسلم کو لائبیریا میں بطور مربی سلسلہ خدمت کا موقع مل رہا ہے۔ وہ علاقہ بھی عملاً ایک کنارہ ہی ہے۔ بجلی جنریٹر کے ذریعے آتی ہے۔ انٹرنیٹ بھی بہت Slow ہے۔ دوسری سہولتیں بھی کم ہیں۔ اللہ سب خدمت کرنے والوں کو بہترین جزا دے۔

نوٹ ازایڈیٹر:۔ اپنے بھائی عبادہ اسلم صاحب سے لائبیریا میں احمدیت پر مضمون لکھ کر بھجوانے کی درخواست کر دیں۔ حضور ایدہ اللہ تعالی نے الہام ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پھیلاؤں گا‘‘ کی قسط دوم کی منظوری عنایت فرمائی ہے۔ ایسے تمام دوستوں سے اس پر قلم آزمائی کی درخواست ہے جو زمین کے کناروں میں مقیم ہیں۔ اکناف عالم سے قارئین کے میسیجز، خطوط اور فونز اس حوالے سے کثرت سے موصول ہو رہے ہیں کہ اس ایمان افروز اور معلوماتی سلسلے کو جاری رکھیں۔ اس تحریر کے دوران سابق مدیر الفضل مکرم عبد السمیع خان نے بھی میسج کے ذریعہ اس اہم کام کو آگے بڑھانے کی طرف توجہ دلائی ہے۔ لہذا اس سلسلہ میں قارئین، مضمون نویسوں اور شعراء سے تعاون کی درخواست ہے۔

  • مکرمہ مغفورہ درانی۔ جرمنی سے لکھتی ہیں۔

خاکسار نے جب سے ہوش سنبھالا ہے الفضل سے ایک خاص رشتہ ہے اور الحمدللہ آج تک قائم ہے اور اللہ تعالیٰ ہمیشہ قائم رکھے، آمین۔ اللہ کے فضل سے اس قدر خوبصورت اور معلوماتی مضامین پڑھنے کو ملتے ہیں کہ دل سے بے اختیار اپنے بزرگوں کے لیے دعائیں جاری ہو جاتی ہیں۔جنہیں خدا کے فضل سے احمدیت قبول کی سعادت ملی اور ان کے قبولیت احمدیت کی بدولت آج ہم پیدائشی احمدی ہیں۔ اور آج الفضل اخبار اپنی ترقی کی منازل طے کرتا ہماری روحانی تسکین کا باعث ہے۔ مضامین پڑھتے ہوئے ہمیشہ یہ خیال آتا ہے کہ اس دفعہ ضرور اپنی رائے کا اظہار کروں گی مگر ہمیشہ اپنی مصروفیت آڑے آتی رہی اور سوچ، سوچ ہی رہ جاتی تھی۔ مگر اداریہ بعنوان ’’آج ہمارے گھر میں پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم آئے‘‘ (الہام حضرت مسیح موعود) پڑھ کر تو بے اختیار ہی قلم چل پڑا۔ خاکسار آج پہلی بار اس کے بارے میں اپنی رائے دینا چاہے گی۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہ بابرکت الہام پڑھا اور جس طرح سے آپ نے اس کی وضاحت کی ہے وہ روح کو سرشار کرگئی ہے، الحمد للّٰہ۔ تمام مضامین کے ساتھ ساتھ اداریہ خاص طور پر اپنی طرف توجہ مبذول کرواتا ہے کیونکہ اس کے مضامین اپنا ایک الگ ہی رنگ لیے ہوئے ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کرے زور قلم اور زیادہ آمین۔

  • مکرم اے آر بھٹی لکھتے ہیں۔

ہمارا روزنامہ الفضل آن لائن خدا کے فضل سے دنیا کے دوسرے اخبارات سے منفرد ہے۔ کیونکہ یہ صرف دینی پیاس بجھانے میں مصروف ہے۔ تا کہ خدا کی مخلوق کی ہدایت کا سامان ہو اور وہ اپنی آخرت کو سنوارنے کے لئے کچھ کر سکے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب کو نیکی و ہدایت کی توفیق دے، آمین۔ رمضان کے حوالے سے چند اشعار پیش خدمت ہیں

؎رمضان تیری خوشبو سے جسم سارا معطر ہے
تن سارا معطر ہے، من سارا معطر ہے
روزہ داروں کی روح اس سے خوب معطر ہے
عمر بھر کے لئے بھٹی، جسم سارا معطر ہے

خاکسار یہ لکھنا چاہتا ہے کہ روزنامہ الفضل آن لائن کے ہم سب مشکور ہیں کہ اس روزنامہ کی رہنمائی سے ساری دنیا فیضیاب ہو رہی ہے اور خاص طور پر رمضان کے ان دنوں میں یہ ہماری تربیت کے بیش بہاخزانے بانٹ رہا ہے۔ مضمون فضل اور رحمت کے دائرے، آج کی دعا، جماعتی جلسے اور روزنامہ پر دوستوں کی آراء جب ہم پڑھتے ہیں تو یقیناً مجھ سمیت تمام قاری خدا کی حمد میں ڈوب جاتے ہیں۔ احکام الٰہی ارشادات نبی ؐ، مسیح دوراں ؑ کے ارشادات، خلیفہ وقت کا ارشاد اور تحریر ’’مادی عطر اور روحانی خوشبو سے معطر ممسوح کرنا‘‘ جب پڑھا تو ہماری اپنے باطن صاف کرنے کی طرف طبیعت راغب ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو روحانیت میں بڑھنے کی تو فیق دے اور ان تمام لکھاریوں اور رضاکاروں کو جو اس کار خیر میں حصہ ڈال رہے ہیں انہیں اپنے فضلوں سے نوازے، ہمارا رب ہمارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی دے اور اپنی تائیدات سے نوازے، آمین۔

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین اپریل 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ