• 25 اپریل, 2024

پہلا کل پاکستان مقابلہ تقریر (اردو) بمقام دارالذکر لاہور

پہلا کل پاکستان مقابلہ تقریر (اردو) بمقام دارالذکر لاہور
قسط اول

پاکستان میں مرکز ربوہ میں جماعتی اور ذیلی تنظیموں کے اجتماعات کو کئی سالوں سے بندش کا سامنا ہے، اس طرح خدام کے علمی اور ورزشی مقابلے بھی منعقد نہیں ہو پا رہے تھے جس کی وجہ سے احمدی نوجوانوں کی صلاحتیں جمود کا شکار ہو رہی تھیں۔ 1994ء میں ربوہ میں قائدین اضلاع و علاقہ کی میٹنگ میں شعبہ تعلیم خدام الاحمدیہ پاکستان کی طرف سے ایک تجویز پیش کی گئی کہ خدام کی علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کُل پاکستان علمی مقابلے منعقد کرائے جائیں اور ان کو بڑے اضلاع اپنے ہاں منعقد کرسکتے ہیں، اس وقت مرکز میں مکرم راجہ منیر احمد خان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان تھے جب کہ مکرم ڈاکٹر سلطان احمد مبشر صاحب مہتمم تعلیم تھے۔

اس وقت مجلس خدام الاحمدیہ لاہور کو اس مرکزی آواز پر سب سے پہلے لبیک کہنے کی توفیق ملی۔ لاہور میں خدام کی قیادت کی باگ ڈورمکرم عبد الحلیم طیب صاحب کے ہاتھوں میں تھی۔ اس کے بعد مسلسل تین سال ضلع لاہور کوتین کل پاکستان علمی مقابلے منعقد کرانے کی توفیق ملی ان میں پہلا ’’پہلا کل پاکستان تقریری مقابلہ‘‘ اردو زبان میں تھا باقی دو مقابلے نظم اور تقریر (انگریزی) کے تھے اور لاہور میں اس وقت قائد ضلع مکرم چوہدری منور علی صاحب تھے۔ آخری دونوں مقابلے مکرم عبدالسمیع خان صاحب مہتمم تعلیم مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کی نگرانی میں منعقد ہوئے تھے۔ ذیل کی سطور میں پہلے ‘‘کل پاکستان تقریری مقابلہ’’ کی روداد سپرد قلم ہے۔

مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ ضلع لاہور میں غورو فکر اور مشاورت کے بعد یہ کل پاکستان مقابلہ اردو تقریر 3 جون 1994 کو دارالذکر میں صبح کے وقت منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا، نماز جمعہ کے بعد لاہور کا سالانہ اجتماع تھا جس میں ان مقابلوں کے انعامات بھی تقسیم کئے جانے تھے، اس پروگرام کی مرکز سے باقاعدہ منظوری لینے کے بعد اس کی تیاری شروع کر دی گئی۔ اس علمی مقابلہ کے نگران اعلیٰ مکرم ڈاکٹر سلطان احمد مبشر صاحب مہتم تعلیم مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان تھے ۔ مرکزی مشاورت کے بعد تقریر کے لئے درج ذیل عناوین منظور ہوئے۔

اول ۔ حضرت مسیح موعودؑ کے علمی معجزے

دوم ۔ خلافت احمدیہ

ہر ضلع سے اس مقابلہ میں شرکت کے لئے تین تین خدام کو دعوت دی گئی تھی اور بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے قائدین اضلاع کو 162 خطوط تین باروقفہ وقفہ سے لکھے گئے۔

استقبالیہ و رجسٹریشن۔ بیرون اضلاع سے آنے والے مہمان خدام کے استقبال اور ان کی رجسٹریشن کے لئے 2 جون دوپہر کا ایک استقبالیہ کاؤنٹر دارالذکر میں قائم کردیا گیا جس میں چار خدام نے اگلے دن تک ڈیوٹی سر انجام دی، ڈیوٹی دینے والوں میں

مکرم محمود احمد ناصر صاحب، مکرم عمران ارشد صاحب، مکرم ظہیرالحق صاحب اور مکرم عطاء القدوس صاحب شامل تھے۔

افتتاحی تقریب

پہلے کل پاکستان علمی مقابلہ کی افتتاحی تقریب 3 جون صبح دارالذکر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم راجہ منیر احمد خان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان نے کی، ان کے ہمراہ نگران اعلیٰ مکرم ڈاکٹر سلطان احمد مبشر صاحب مہتم تعلیم بھی موجود تھے۔

تلاوت، عہد اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس نے افتتاحی کلمات کہے اور بیرون اضلاع سے آنے والے خدام کو اھلاً و سہلا و مرحبا کہا۔

مقابلہ کے منصفین

مرکزی مشاورت کے بعد اس کل پاکستان علمی مقابلہ تقریر اردو کے لئے درج ذیل صاحب علم احباب سے استعفادہ کیا گیا اور انہوں نے منصفی کے فرائض سرانجام دیئے

1۔ مکرم مولانا بشیر الدین صاحب
2۔ مکرم پروفیسر محمد افضل صاحب
3۔ مکرم ظہیر احمد خان صاحب ربوہ

مقابلوں کا آغاز ٹھیک ساڑھے دس بجے صبح ہوا جو دوپہر سوا ایک بجے تک جاری رہے۔

نتائج

منصفین کے فیصلہ کے مطابق اس پہلے کل پاکستان علمی مقابلہ تقریر بزبان اردوکے نتائج کچھ یوں رہے۔

اول۔ مکرم غلام مرتضی بلوچ صاحب۔ مجلس مٹھی ضلع میر پور خاص
دوم۔ مکرم عمر وسیم صاحب مجلس ربوہ ضلع جھنگ
سوم۔ مکرم ڈاکٹر عبد الوحید صاحب مجلس اسلام پورہ لاہور

سالانہ اجتماع و تقریب تقسیم انعامات

پروگرام کے مطابق نماز جمعہ کے بعد سالانہ اجتماع اور تقریب تقسیم انعامات کا آغاز ہوا۔ تلاوت مکرم جان محمد صاحب نے کی جبکہ نظم مکرم خالد احمد چغتائی صاحب نے خوش الحانی سے پڑھی، اس کے بعد کل پاکستان تقریری مقابلہ میں اول اور دوم آنے والے خدام نے تقاریر کیں (تاکہ اجتماع میں شامل خدام بھی ان کو سن سکیں)۔ اس کے بعد مکرم عبد الحلیم طیب صاحب نے علمی مقابلہ کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد صدر محترم نے مقابلہ میں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کئے، پہلی تین پوزیشن کے علاوہ 8 عدد خصوصی انعامات حوصلہ افزائی کے بھی دیئے گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انعامات کے علاوہ سندات بھی سب کو دی گئیں، جوکہ مرکزی مشاورت سے تیار کی گئی تھیں ان میں شرکت اور پوزیشن لینے کی سندات شامل تھیں۔ جماعت احمدیہ لاہور کے شعبہ سمعی و بصری نے اس پروگرام کی مکمل ریکارڈنگ کی۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کے اختتامی خطاب اور دعا کے بعد سہہ پہر چار بجے پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

(منور علی شاہد۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جون 2021