• 19 اپریل, 2024

سلام بنام رسولِ مقبول صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم

السّلام السّلام السّلام السّلام
ہو گیا جب سے روشن وہ ماہِ تمام
آ رہی ہے صدا السّلام السّلام
اس کی خاطر بنے سارے کون و مکاں
کب سے جاری ہوا یہ نظام السّلام
چاند سورج ستارے بھی روشن ہوئے
راہ تکتے رہے صبح و شام السّلام
جتنے آئے تھے پہلے نبی، رہنُما
سب سے بڑھ کر ہے اس کا مقام السّلام
وہ جو سردار لڑتے، سرِ دار تھے
پیار سے کہتے ہیں اب سلام السّلام
جو کراہت نہ کرتے تھے مُردار سے
سوچتے ہیں حلال وحرام السّلام
کتنے ظالم تھے سفاک تھے راہزن
ہو گئے تیری رحمت سے رام السّلام
وہ جو صدیوں کے مُردے تھے زندہ ہوئے
اِک دُعا سے ہوا سارا کام السّلام
تیرے آواز بہرے بھی سننے لگے
سیکھا گونگوں نے تجھ سے کلام السّلام
تیرے جلوے سے اندھے بھی بینا ہوئے
جان پائے وہ تیرا مقام السّلام
دِل کے بیمار سارے شِفا پا گئے
ہو گئے دور ان کے جذام السّلام
ہو گئے اس کے عاشق تو سب پاگئے
آسماں سے جو اُترے انعام السّلام
پھر سے روشن ہوا جب وہ ماہِ تمام
آئی پھر سے، صدا السّلام السّلام
وہ جو صحراکی وادی میں چشمہ بہا
پھر سے کوثر کا لایا ہے جام السّلام
یہ جو خوشبو عجب سی فضاؤں میں ہے
لے کے آئی ہے اُس کا پیام السّلام
آج بھی لوگ قُرباں ہیں اس راہ میں
پاگئے ہیں شہادت مقام السّلام
نام پروانوں میں جس کا لکھا گیا
ہوگیا سُرخرو شادکام السّلام
السّلام السّلام السّلام السّلام

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 ستمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 ستمبر 2020