• 8 جولائی, 2025

رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ کے اخلاق

حضرت ابو سلمہ ؓ نے بہت ابتدائی زمانے میں اسلام قبول کیا تھا۔ اس وقت آنحضرت ﷺ ابھی دارِ ارقم میں نہیں گئے تھے اور وہاں تبلیغ کا سلسلہ بھی شروع نہیں ہوا تھا۔

(طبقات ابن سعد جلد3ص239)

قبول اسلام کے بعد مکہ میں جس طرح دیگر تمام صحابہ کو دکھوں اور اذیتوں اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا کچھ یہی حال حضرت ابو سلمہ ؓ کا ہوا۔ ابن ہشام میں ہے کہ اس وقت آپ نے اپنے ماموں حضرت ابوطالب ؓ کی پناہ لی۔ قبیلہ بنی مخزوم کے لوگ حضرت ابو طالب ؓ کے پاس آئے کہ آپ نے ان کو کیوں پناہ دی ؟جب لوگوں کا اصرار بڑھا تو ابو لہب نے (باوجودیکہ ساری عمر اسلام کی مخالفت میں ہی گزاری) پہلی دفعہ کسی مسلمان کی طرف داری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ابو طالب ان کو پناہ دیتا ہے تو اسے کچھ نہ کہو ورنہ میں بھی اس کا ساتھ دوں گا ۔چنانچہ ابو سلمہؓ ابو طالب کی پناہ میں ایک عرصے تک رہے۔

(سیرۃابن ہشام جلد 1صفحہ 371)

اس کے بعد جب ہجرت حبشہ کا موقعہ آیا تو ابو سلمہؓ ابتدائی مہاجرین میں شامل تھے۔ اپنی بیوی حضرت ام سلمہؓ کو ساتھ لے کر انہوں نے حبشہ ہجرت فرمائی۔

(دلائل النبوۃ للبیھقی جلد8ص463)

وہاں سے واپسی ہوئی تو آنحضرت ﷺ کے مدینہ ہجرت کرنے سے پہلے ہی ابوسلمہؓ نے مکہ سے مدینہ ہجرت کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ ابن سعد کے مطابق آپ اولین ہجرت کرنے والوں میں سے تھے۔

(طبقات ابن سعد جلد 3صفحہ0 24)

رسول کریم ﷺ نے 2 ہجری میں غزوہ عشیرہ کے موقع پر حضرت ابو سلمہ ؓ کو مدینہ کا امیر مقرر فرمایا تھا۔

(سیرۃابن ہشام جلد 1صفحہ 598)

قرآن شریف میں بعض خوش نصیبوں کا ذکر ہے جن کو دائیں ہاتھ میں اعمالنامہ دیا جائے گا۔

(الحاقہ:20)

حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے تھے کہ ابو سلمہ ؓ ان لوگوں میں سے پہلے ہیں جن کو دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا اور ان کا بھائی سفیان بن عبد الاسد (جو اسلام کی دشمنی میں پیش پیش تھا) اس کو لوگوں میں سے پہلے بائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیاجائے گا۔

(الاصابہ جزء4ص153)

حضرت ابو سلمہ ؓ بڑی بہادری کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے، احد میں بہادری سے لڑے اور زخمی ہوگئے بازو میں شدید قسم کا زخم آیا جس کا علاج مہینہ بھر جاری رہا بظاہر زخم مندمل ہوتا ہوا نظر آیا لیکن ہجرت کے قریباً پندرہ ماہ بعد آپ کو بنی اسد کی طرف ایک اور مہم پرقطن مقام کی طرف جانا پڑا۔

(ابن سعد جلد 3صفحہ 240)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020