• 11 جولائی, 2025

ایڈیٹر کی ڈاک

تاثرات۔ آراء۔ تجاویز

مکرم اے۔آر بھٹی لکھتے ہیں۔
خاکسار آپ کی راہنمائی سے روزنامہ الفضل لندن آن لائن کی تحریرات سے خدا کے فضل سے بھرپور فائدہ اُٹھا رہا ہے اللہ تعالی آپ کو اس کا اجر دے۔ آمین

رمضان المبارک آہستہ آہستہ گُزر رہا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی برکتوں سے فیض یاب کرے۔ آمین

خداتعالیٰ ہمارے پیارے حضور کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ آمین

مکرمہ زاہدہ یاسمین لکھتی ہیں۔
خاکسار کاالفضل کے ساتھ بچپن سے ہی شیفتگی اور قلبی سکون کا وہ رشتہ قائم ہے کہ اتوار کا روز طبیعت پر بےحد گراں گزرتا۔اب بھی تدریسی مصروفیات اور چھوٹے بچوں کے ساتھ وہ پابندی تو برقرار نہیں رہ سکی تاہم تشنگی کا احساس کسی حد سے سوا ہو جاتا ہے تو ہمشیرہ فوزیہ درثمین سلمان صاحبہ گاہے بگاہے اس بے مثال اور بے بدل روحانی مائدہ کے کچھ حصے بھیج کر لذت قلب و ذہن کی بالیدگی کا سامان بہم پہنچاتی رہتی ہیں۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء

ادبی ذوق بحمد تعالیٰ ورثہ میں پایا ،تقاریر،مقالہ جات،مضمون نویسی شوق سے زیادہ جذبہ تھا،الفضل میں شائع کردہ مضمون بیاد حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ پر مکرم چوہدری لطیف احمد کاہلوں نے ابوجان مکرم رانا اقبال الدین مرحوم کو بلا کر خوشنودی کا اظہار کیا اور تاکید فرمائی کہ صاحبزادی کو کہیں لکھنا جاری رکھے۔لیکن لمبا عرصہ والدہ کی وفات،خاکسار کی شادی اور نامساعد حالات کا طویل عرصہ محض تدریسی فرائض کی انجام دہی تک محدود ہو کر رہ گیا۔اور تحصیل و ضلع اور صوبائی سطح تک کے مقابلہ جات کے لیے پُرجوش تقاریر لکھ کر ہی اپنا کتھارسس کرنے کی کوشش کی لیکن سچ تو یہ ہے کہ مزہ نہیں آیا۔لاک ڈاؤن نے وہ فرصت اب مہیا کی ہے کہ روح کے خوابیدہ تاروں کو جھنجھنانے کو دل چاہتا ہے سو الفضل کے لیے اداسی، محبت، تساہل کے لیے ندامت کے جذبات لیے حاضر ہوں لیکن اے میرے عزیز روزنامے اس اعتراف کے ساتھ کہ

گو میں رہا رہین ستم ہائے روزگار

لیکن تیرے خیال سے غافل نہیں رہا اور اس یقین دہانی کے ساتھ کہ اب یہ ساتھ تادم مرگ نبھایا جائےگا۔ان شاء اللہ۔ خاکسار دو مضامین ارسال کر چکی ہے تاہم دل کو دھڑکا سا ہے جو یقیناً آنمکرم کی ہمدردانہ، ماہرانہ اور معتبر وثقہ رائے و رہنمائی سے اپنا اعتماد بحال کرے گا۔ ان شاء اللہ

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 04 ۔مئی2020 ء