افطاری تے مہمان داری
جرمنی کی جماعت Wittlich کی ایک خدمت گزاری
اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیےایک روزہ دارصبح کے وقت روزہ رکھنے کے لیے جو کھاتا ہے اسے سحری اور شام کو روزہ کھولنے کے وقت جب کچھ منہ میں ڈالتا ہے تو اس کو اسلامی اصطلاح میں افطاری کرنا کہا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نےقرآن کریم میں افطاری یا افطار کا نام تو نہیں لیا لیکن اللہ تعالیٰ نے روزہ کے بارے میں فرمایا ہے کہ ’’ثُمَّ اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّیۡلِ‘‘ یعنی روزے کو رات تک پورا کرو۔اس حکم کی تعمیل میں رات کے وقت جب روزے داروں کو کچھ روزہ کھولنے کے لیے پیش کیا جائے تو اس کو افطار کروانا کہتے ہیں اور افطار میں جو تناول کیا جاتاہے اسے افطاری کہتےہیں۔ افطار عربی زبان کا لفظ ہے جس کےمعنے کھولنےیاختم کرنے کے ہوتے ہیں۔ ’’فَطَرَ الشَّيءَ‘‘ کسی چیز کے پھاڑنے کو کہتے ہیں اور ’’فَطَرَ الصَّائِمَ‘‘ روزہ دارکا روزہ افطار کروانے کے مفہوم میں استعمال کیا جاتاہے۔ اس کے ہم معنی الفاظ اختتام روزہ، روزہ کشائی اوراتمام صوم ہیں۔ ہمارے نبی کریمﷺ نے فرمایا: ’’مَنْ فَطَّرَ صَائِمًا كَانَ لَهُ مِثْلُ أَجْرِهِمْ مِنْ غَيْرِ أَنْ يَنْقُصَ مِنْ أُجُورِهِمْ شَيْئًا‘‘ (سنن ابن ماجه، كتاب الصيام، بَابٌ في ثَوَابِ مَنْ فَطَّرَ صَائِمًا) کہ جو کوئی کسی روزہ دارکا روزہ افطار کروائے تو اس کو روزہ دار کے برابر ثواب ملے گا جبکہ روزہ دار کے ثواب میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔اللہ تعالیٰ کے اس حکم کی بجا آوری میں اس رمضان کے مہینے میں مورخہ 30 اپریل کو زیر تبلیغ جرمن مہمانوں کو مسجد بیت الحمدویٹلش میں افطاری پر مدعو کیا گیا۔ایک مقصد جرمن دوستوں کو افطاری پر مدعو کرنے کا یہ بھی تھاکہ یہاں کےلوگوں کو بتایا جائے کہ روزہ کیا ہے؟ اور مسلمان کس طرح روزہ افطارکرتے ہیں؟ اس پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صدر صاحب جماعت نے خدام الاحمدیہ کے قائد صاحب کے مشورہ سے تاریخ مقرر کی اوراس کی publicityاور تشہیر کی گئی۔وقت مقررہ سے قبل ہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔مہمانوں کا استقبال مسجدکے گیٹ پر کیا جاتا رہا۔ افطاری کے وقت سے ایک گھنٹہ قبل اس پروگرام کا آغازتلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ جس کی سعادت ذیشان بٹ صاحب کوملی اور پڑھی گئی آیات کا جرمن میں ترجمہ عمران ظفر صاحب نے پیش کیا۔ سیکریڑی سٹیج کے فرائض لیبدمحمود صاحب نے ادا کیے۔ مکرم انصر احمد صاحب مربی سلسلہKoblenzنے video project کی مدد سے حاضرین کو روزہ کی افادیت وبرکات بتاتے ہوئے سحری و افطار کے طریق کار بھی بتائے۔ اسی طرح سائنس کی نئی تحقیق سے روزہ کے جسمانی فوائد سے بھی آگاہی کروائی۔ آپ نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور دعا کروائی۔ افطاری کے وقت روزہ افطار کرنے کےلیے سب کو کھجوریں پیش کی گئیں۔ صدر صاحب جماعت نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااورکھانے کی میز کی طرف آنے کی دعوت دی۔ پاکستانی و جرمنdishes سےمہمان داری کی گئی۔ میٹھے کے طور پر Kuchen یعنی کیک پیش کیا گیا۔مہمانو ں نے اس پروگرام کی تعریف کی اوردوبارہ بھی جماعت کے پروگرامزمیں آنے کا عندیہ دیا۔ اللہ تعالیٰ اُن پراپنے خاص فضلوں و رحمتوں کی بارش نازل کرتا چلا جائےجنہوں نےاس پروگرام کو کامیاب کرنے میں حصّہ لیا۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: جاویداقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)