• 8 مئی, 2024

اجتماع انصاراللہ ہالینڈ 2022ء

nederlands

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ نیدر لینڈ کا 34 واں سالانہ اجتماع 2022ء مورخہ 26، 27، 28 اگست بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار بیت النور نن سپیٹ میں بخیر و خوبی منعقد ہو کر اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہماری درخواست پر از راہ شفقت اس سال اجتماع کا موضوع ’’خدمت خلق‘‘ منتخب فرمایا تھا اور انصار بھائیوں کے لئے محبت بھرا پیغام ارسال فرمایا۔

اجتماع کے سٹیج کا بڑا بینر بھی خوبصورت اور منفرد خدمت خلق کے موضوع پر تھا۔ اِسی حوالے سے تلاوتیں، نظمیں، تقاریر، بینرز اور دوسرے پروگرام ترتیب دیے گئے تھے۔ تینوں دن سارے پروگراموں کاڈچ ترجمہ براہ راست ہوتا رہا۔

تیاری

اجتماع کے جملہ انتظامات کے لیے محترم صدر صاحب مجلس داوٴد اکمل صاحب نے کئی ماہ قبل ہی خاکسار نصیر احمدطاہر کوناظم اعلیٰ اجتماع مقرر کر دیا تھا۔جس کےبعداجتماع کی ٹیم جس میں 5نائب ناظمیں اعلیٰ اور 31ناظمین مختلف شعبہ جات کا تقرر کیا گیا۔ نائبین اور معاونین کے علاوہ مختلف ریجنزسے معاونین کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔

اجتماع کی کامیابی اور بابرکت ہونے اور اغراض ومقاصد حاصل ہونے کے لئے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط لکھا گیا۔ ریڈ بک سے گزشتہ سال کے تجربات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ہر شعبہ کی نئی پلاننگ کی گئی اوراس کے لیے کئی اجلاسات ہوئے۔ قدم قدم پر محترم صدر صاحب مجلس کی راہنمائی حاصل رہی۔ اجتماع کےدن تک ہر شعبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا رہا۔

حاضری بڑھاؤسکیم

اجتماع کے سارے کام اور انتظامات اگر ہو بھی جائیں مگر حاضری نہ ہو تو اجتماع کی کامیابی نہیں ہوسکتی اور جملہ مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے۔ امسال حاضری کے سلسلے میں مندرجہ ذیل کارروائی کی گئی۔

  1. چار ماہ قبل تمام انصار کو اجتماع کے انعقاد کی اطلاع دی گئی۔
  2. خصوصی دعوتی کارڈ تمام انصار کے گھروں کے ایڈریس پر ارسال کئے گئے۔
  3. اے 2 سائزکے پوسٹرز تمام مساجد و مشن ہاؤس اور نماز سینٹرز میں آویزاں کئے گئے۔
  4. علمی و ورزشی مقابلہ جات کی تفصیل کی ترسیل کے علاوہ خوبصورت اور دلکش اجتماع کا پروگرام تمام انصار کو بھیجا گیا۔
  5. بذریعہ فون عمومی رابطہ کیا گیا اور کئی عرصہ سے اجتماع میں نہ شامل ہونے والوں سے خصوصی ٹیلیفون سے رابطہ کیا گیا۔
  6. مرکزی طور پر بذریعہ ای میل اور خطوط سے توجہ دلائی گئی۔
  7. واٹس ایپ کے ذریعے خصوصی پوسٹرز بھیجے گئے۔
  8. جمعہ پر خصوصی اعلانات کروائے گئے۔
  9. مرکزی ماہانہ میٹنگز پر خصوصی توجہ دلائی گئی۔
  10. علاوہ ازیں ایک تسلسل کے ساتھ سارے ذرائع استعمال کیے گئے۔

اجتماع گاہ اور سائٹ کی تیاری

اجتماع سے کافی پہلے سائٹ کا جائزہ لیا گیا۔ جس کے بعد اجتماع سے چند روز قبل بڑے وقار عمل ہوئے جس کے تحت سائٹ کی صفائی، تمام شعبوں کی جگہ کو صاف کیا گیا پرچم کی جگہ اور دوسرے مقامات و رہائش گاہوں کی خصوصی طور پر صفائی کی گئی۔

امسال اجتماع کی خاص خاص باتیں

  1. رہائش پر زیادہ توجہ دی گئی جس پر امسال پہلے سے زیادہ انصار نے فائدہ اٹھایا۔ 100 سے زیادہ انصار نے وہاں تینوں دن رہائش رکھ کر تہجد اور با جماعت نمازوں سے فائدہ اٹھایا۔
  2. حاضری گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ رہی ہیں۔
  3. شعبہ ٹرانسپورٹ کے تحت اسائلم سیکرز سنٹرز سے کافی تعداد میں نئے آنے والے انصار کو ٹرین ٹکٹ دے کر اجتماع میں لایا گیا اور ایک سنٹر سے گاڑیاں بھیجوا کر انصار کو لایا گیا۔ شعبہ ٹرانسپورٹ کے تحت روزانہ ریلوے سٹیشن سے انصار کو لانے کے لئے شٹل کا انتظام کیا گیا۔
  4. ریجنل اجتماعات کا انعقاد ہوا۔ جس میں وہ ہی علمی و ورزشی مقابلہ جات کرؤائے گئےجو مرکزی اجتماع میں ہونے تھے۔تاکہ انصار پہلے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
  5. بک سٹال کا معیار بڑھا اور اس سال انصار کی توجہ کتب کی خرید داری پر زیادہ رہی۔ کل 234 یورو کی کتب کی خریداری ہوئی۔

حتمی جائزہ میٹنگ

اِجتماع سے ایک روز قبل تمام انتظامات کا فائنل جائزہ لینےکیلئے ایک لاسٹ مومنٹ میٹنگ بلائی گئی۔ تمام انتظامات کو تسلی بخش پایا گیا نیز اگلے روز کے پروگراموں کا جائزہ لیاگیا۔ اللہ کے فضل سے اس دفعہ اجتماع سے قبل ہی 100 کے قریب انصار پہنچ گئے اور وہیں رہائش رکھی۔

پہلا دن مورخہ 26 اگست بروز جمعہ

پہلے روز 11 بجے رجسڑیشن کا آغاز ہوا۔ ½11 بجے مرکزی نمائندہ کی راہنمائی میں محترم صدر صاحب مجلس نے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ½ 13بجے جمعہ کی نماز اور پھر دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو سنا گیا۔

پرچم کشائی کی تقریب

بروز جمعہ 4 بجے سہہ پہر پر چم کشائی کی تقریب ہوئی۔ جس میں نیدرلینڈ کا پرچم امیرجماعت نیدرلینڈ مکرم و محترم ھبت النور فرحاخن صاحب نے اور مجلس انصار اللہ کا پرچم مکرم و محترم عبد الخالق تعلقدار صاحب (مرکزی نمائندہ) نے لہرایا۔ دعا کے بعد امیر صاحب کی خدمت میں دو بچوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

افتتا حی اجلاس

پرچم کشائی کے بعد افتتا حی اجلاس محترم امیر صاحب جماعت ہالینڈ کی صدارت میں شروع ہوا جس کے آغاز پر تلاوت قرآن کریم ہوئی۔ عہد اور نظم کے بعد محترم صدر مجلس داوٴد اکمل صاحب نے خوش آمدید کہتے ہوئے مختصر خطاب کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا اور حضور انور کے تمام نصائح پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اور خدمت خلق کے تحت ماڈل ویلج سکیم کا ذکر کیا اور انصار کو اس میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ ڈچ ترجمہ ساتھ ساتھ ہو رہا تھا۔

بعدازاں محترم مبلغ انچارج نعیم احمد وڑائچ صاحب نے خدمت خلق کے موضوع پر افتتاحی خطاب کیا۔ اور جماعت کی جملہ خدمت خلق کی تحریکات کا ذکر کرتے ہوئے احباب کو ان میں شامل ہونے کی تلقین کی۔

حضور کے پیغام کا اردو ترجمہ

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے انگریزی پیغام بابت اجتماع مجلس انصاراللہ ہالینڈ 2022ء کا اردو ترجمہ:
مجھے آپ کا خط موصول ہوا ہے جس میں نیشنل اجتماع، جو کہ 26 تا 28 اگست 2022 کو منعقد ہونے جارہا ہے، کے موضوع ’’مالی قربانی:ماڈل ولیج‘‘ سے متعلقہ راہنمائی کے لئے درخواست کی گئی ہے۔ میں آپ کی نیشنل اجتماع کے انعقاد کی درخواست کو منظور کرتا ہوں، تاہم، آپ کے اجتماع کا موضوع ’’مالی قربانی:ماڈل ولیج‘‘ مناسب نہیں ہے اور مالی قربانیوں کے وسیع تر معنوں کے اعتبار سے بہت محدود موضوع ہے۔ ایسے پروجیکٹ سے متعلقہ بہت سا کام Humanity First اور IAAAE کے ذریعہ ہو جاتا ہے۔ اس لیے آپ کے اجتماع کا عنوان ’’خدمت خلق‘‘ میں تبدیل ہو نا چاہیے۔

جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا:

مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمتِ خلق است

مزید برآں، جیسا کہ گزارش کی گئی ہے، اس پُرمسرت موقع پر مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کے اراکین کے لیے میرا پیغام یہ ہے کہ
’’اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت سے ہمارے لیے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو زندہ کیا ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے وضاحت فرمائی ہے کہ آپ کی آمد کا اہم اور بنیادی مقصد انسان کے اندر خلوص ِنیّت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ حقوق اللہ اور اس کی مخلوق کے حقوق کی ادائیگی کے لیے پوری کوشش کرے۔ ’’خدمتِ خلق‘‘ جو کہ بنی نوع انسان کے لیے ایک جامع روحانی اور جسمانی خدمت ہے ہمارے دین کا ایک بنیادی پہلو ہے۔ تمام مذاہب، فرقے، رنگ، نسل اور قومیت کے لوگوں کی خدمت کرنا جماعت اور مجلس انصار اللہ کے اوّلین مقاصد میں سے ہے۔ تمام ممبران کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان خدمات میں حصہ لیں اور اس سلسلے میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔ محبت، امن اور رحم کا مقدس پیغام، جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بنی نوع انسان کو دیا اور عمل کرنے کے لیے ہمارے لیے چھوڑا، ہمارے لیے ایک خوشگوار تبدیلی کا ذریعہ بن گیا ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد مشاہدہ کرنا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ آج مسلمان اسلام پر کس طرح عمل پیرا ہیں۔ اس پر غور کرنا لامحالہ سراسر مایوسی کے احساس کا باعث بنے گا۔ مسلمان صحیح راستہ سے بھٹک چکے ہیں۔ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے لیے اللہ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا تھا۔ تاہم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی آمد سے اسلام کے ان بنیادی اور اہم اصولوں کو از سر نو زندہ کر دیا گیا ہے۔ لہٰذا یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم اس مقصد کو سمجھیں اور پھر اپنی صلاحیتوں کے مطابق اسے پورا کرنے کی کوشش کریں۔ ہر ناصر کو چاہیے کہ وہ اپنے قول سے ہی نہیں بلکہ اپنے عمل کے ذریعے اور سچے جذبے کے ساتھ بنی نوع انسان کی خدمت کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کو پوری دنیا میں پھیلانا اپنی اولین ترجیح بنائے۔ اُنہیں ضرورت مند لوگوں کی خدمت کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اُنہیں تمام لوگوں کے فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اُنہیں غریبوں کی امداد کے لئے خرچ کرنا چاہئے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہیں چاہیے کہ وہ نیک نیتی اور خلوص نیت سے مسکینوں، یتیموں اور بیوہ عورتوں کی خدمت کے لئے کوشش کریں اور انسانیت کی بہتری کے لیے ہمیشہ تہہ دل سے کوشاں رہیں۔ یہ کوشش نہ صرف آپ کے اپنے ایمان کو مضبوط کرے گی بلکہ آپ کو دوسرے مذاہب کے لوگوں تک پہنچنے کے قابل بنائے گی، جو اسلام کی خوبصورت تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ ایسے اعمال و أفعال آپ کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ایک حقیقی انصار بنا ئیں گے اور آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو سکیں گے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے برکت عطا فرمائے تاکہ آپ اس کے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں۔ آمین

والسلام

آپ کا خیر خواہ
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

دعا کے ساتھ یہ سیشن اختتام پذیر ہوا۔

ورزشی مقابلہ جات

اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں میوزیکل چیئرز۔کلائی پکڑنا۔ ٹیبل ٹینس۔ ڈارٹ شامل تھے۔

سیشن علمی مقابلہ جات:شام کو علمی مقابلہ جات ہوئے جس میں تلاوتِ قرآن کریم۔ نظم اور حفظ قرآن شامل تھے۔

مرکزی نمائندہ کے ساتھ خصوصی میٹنگ

نماز مغرب و عشاءکے بعد محترم مرکزی نمائندہ کے ساتھ ممبران نیشنل عاملہ و زعماء کی میٹنگ ہوئی جس میں محترم عبد الخالق تعلقدار صاحب مرکزی نمائندہ نے حاضری و دیگر انتظامات کے بارے میں ہدایات دیں۔

دوسرا دن موٴرخہ 27 اگست بروز ہفتہ

دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد سے درس قرآن کریم اور پھر وقفہ ہوا۔ 10بجے دعا کے بعد کھیل کے میدان کی طرف روانگی ہوئی۔ 10 بجے سےلیکر ایک بجے تک کھیل کے میدان میں فٹبال، رسہ کشی، دوڑ اور آرچری کے مقابلہ جات ہوئے۔

سیشن تلقین عمل

نماز ظہر وعصر اور کھانے کے بعد سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد مکرم مولانا حامد کریم محمود صاحب مربی سلسلہ نے نحن انصاراللّٰہ کے موضوع پر خطاب کیا۔اس کے بعد مکرم داوٴد اکمل صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے مالی قربانی کے موضوع پر خطاب کیا۔

ماڈل ولیج پریذنٹیشن

مکرم شیراز ہارون صاحب نے ما ڈل ولیج کے موضوع پر پریذنٹیشن دی۔ جس میں افریقہ میں مختلف پروجیکٹ پر کام ہوتے ہوئے دکھایا گیا۔ اور ماڈل ولیج کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ یاد رہے کہ امسال حضور انور نے انصار کو ماڈل ولیج کا پروجیکٹ دیا ہوا ہے۔

صحت کے بارے میں خصوصی پروگرام

مکرم ڈاکٹر سہیل خان صاحب جو کہ علاج بذریعہ خوراک کے ماہر ہیں نے صحت کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن دی۔ جس میں شوگر و گردوں کی بیماری اور اس کے علاج پر اچھے انداز میں روشنی ڈالی۔ انصار نے خوب استفادہ کیا۔اور سوال و جواب ہوئے۔

مرکزی نمائندہ

پیارے حضور نے ہماری درخواست کو قبول فرمایا اوراسسٹینٹ سیکرٹری ا نصار سیکشن مکرم و محترم عبد الخالق تعلقدار صاحب کی بطور مرکزی نمائندہ برائے اجتماع منظوری فرمائی آپ کی راہنمائی تمام وقت ہمارے شامل حال رہی۔

یورپین ممالک سے وفود کی شرکت

امسال اجتماع میں شرکت کے لئے مجلس انصاراللہ جرمنی سے محترم مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصار اللہ جرمنی بشمول دو ممبران عاملہ اور مجلس انصاراللہ فرانس سے محترم سید سہیل احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصاراللہ فرانس بمہ ممبران عاملہ تشریف لائے۔ کل تعداد آٹھ تھی۔

بیرون ممالک سے آئے ہوئےمہمانوں کے ساتھ بعد دوپہر ایک سیر کا پروگرام ہوا۔ملحقہ جنگل میں جھیل کے ارد گرد سیر کی اور یادیں تازہ کیں جہاں خلفاء احمدیت سیر کرتے رہے ہیں۔ ان سے یادیں وابستہ ہیں۔

بار بی کیو پروگرام

شام کو بار بی کیو کا پروگرام ہوا۔ جس میں موجود تمام انصار شامل ہوئے۔ اس میں محترم امیر صاحب، نائب امیر صاحب، مربیان کرام کے علاوہ سابقہ صدران مجلس انصاراللہ نیدر لینڈ، صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی و فرانس اور دیگر معزز مہمان شامل ہوئے۔

علاوہ ازیں ربوہ سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر مرزا مبشر احمد صاحب نے بھی خصوصی طور پر شرکت فرمائی تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

تیسرا دن مورخہ 28 اگست بروز اتوار

تیسرےروزکا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم اور پھر وقفہ ہوا۔ 9بجے کے بعد کھیل کے میدان کی طرف روانگی ہوئی۔ 9 بجے سےلیکر 12بجے تک کھیل کے میدان میں کرکٹ کا فائنل میچ ہوا۔

سیشن علمی مقابلہ جات

بارہ سے ایک بجے تک علمی مقابلہ جات کا سیشن ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مقابلہ تقریر،تقریر فی البدیہہ،و پیغام رسانی کے مقابلہ جات ہوئے۔

اختتامی اجلاس

نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد سوا تین بجے اختتامی اجلاس کا آغازہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم عہد انصاراللہ اور نظم کے بعد خاکسار نصیر احمد طاہر نے بطور ناظم اعلیٰ ا جتماع رپورٹ پیش کی۔

بعدازاں مکرم و محترم امیر جماعت ہالینڈ ھبت النور فرحاخن صاحب نے انعامات۔ شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے نیز کارکردگی کے لحاظ سے سال 2021ء میں اول و دوئم اور سوئم آنے والی مجالس کو سرٹیفیکیٹ و شیلڈز اور اول آنے والی مجلس ڈین ہاگ کو علم انعامی پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ اول آنے والے ریجن اور امسال اجتماع میں حاضری کے لحاظ سے اول آنے والی مجلس کو سند خوشنودی پیش کی گئی۔

محترم صدر مجلس انصار اللہ جرمنی مبارک احمد شاہد صاحب نے مختصر خطاب کیا اور شکریہ کے کلمات کہے۔

اس کے بعد نمائندہ مرکزیہ مکرم ومحترم عبدالخالق تعلقدار صاحب نے خطاب کیا اور خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے اور نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ آپ نے بہت سارے خلافت کے ساتھ محبت کے واقعات بڑے دلکش انداز میں بیان کئے جس سے انصار میں کافی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ آپ کے خطاب کے دوران حاضرین کی توجہ مسلسل رہی۔ اور آپ نے اس پیغام کو ان انصار تک پہنچانے کی تلقین کی جو اجتماع میں حاضر نہیں ہو سکے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا اردو اور ڈچ میں ترجمہ کروایا گیا اور حضور اقدس کے پیغام کی کاپیاں تمام انصار تک پہنچائی گئیں۔محترم صدر مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ داوٴد اکمل صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اجتماع کے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اور انصار کو تمام نصائح پر مضبوطی کے ساتھ عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔

بعد ازاں مکرم و محترم امیر جماعت نیدرلینڈ ھبت النور فرحاخن صاحب نے خطاب کیا، اور انصار بھائیوں کو حضور کے پیغام پر لبیک کہنے و عملی نمونہ کے اعلیٰ معیار قائم کرنے، خدمت خلق کو اولین ترجیح دینے اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی گئی۔

دعا کے ساتھ سالانہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد وائنڈا پ کا آغاز ہوا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔

فوٹوسیشن

اختتامی اجلاس کے بعد تمام معزز مہمانان کے ساتھ مجلس عاملہ، زعماء مقامی مجالس، ناظمین اجتماع اور تمام انصار کےگروپ فوٹوز ہوئے۔

حاضری اجتماع

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے تمام لوکل مجالس جن کی تعداد 14 ہےسے انصار کی نمائندگی ہوئی۔ تینوں دنوں کی کل حاضری انصار 198 اور مہمان 50 اس طرح کل حاضری 248 رہی۔

دعا:- اللہ تعالیٰ ہمیں آئندہ سال پہلے سے بڑھ کر اخلاق و وِفا، محنت اور اطاعت اور جانفشانی سے سلسلہ کی خدمت کی توفیق دے آمین

(رپورٹ: نصیر احمد طاہر۔ ناظم اعلیٰ اجتماع ہالینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ