• 26 اپریل, 2024

روزِ محشر جواب کیا دو گے

جو گھڑی ہاتھ سے نکل جائے
وہ کبھی لوٹ کر نہیں آتی

یہ عطائے کریم ہے ورنہ
عقل تو عمر بھر نہیں آتی

تیر ترکش کے تم چلا بیٹھے
اب کماں ہاتھ پر نہیں آتی

ہر جتن تم نے کر کے دیکھ لیا
اس کی نصرت مگر نظر نہیں آتی

شرم اپنے کیے پہ ہی تم کو
شاید آجائے، پر نہیں آتی

روشنی لامکاں پہ جا پہنچی
کیوں تمہارے نگر نہیں آتی

بوئے گلشن تو کُو بہ کُو پھیلی
اِک تمہارے ہی گھر نہیں آتی

ہم پہ سورج سدا چمکتا ہے
تم پہ لیکن سحر نہیں آتی

روزِ محشر جواب کیا دو گے
بات واں بول کر نہیں آتی

جب تلک آنکھ وا نہیں کرتے
بات بنتی نظر نہیں آتی

(عطاءالمجیب راشد۔ لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی