• 5 مئی, 2024

جماعت یوکے کی نئی ویب سائیٹ کا افتتاح

جماعت یوکے کی نئی ویب سائیٹ کا افتتاح

مبارک صد مبارک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ  بنصرہ العزیز نے آج مورخہ 4 نومبر 2022ء خطبہ جمعہ کے آخر پر جماعت احمدیہ یوکے کی نئی ویب سائیٹ کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا:
’’یوکے کی جماعت نے  نئی ویب سائیٹ بھی شروع کی ہے جو یوکے میں تاریخ احمدیت  کے بارے میں ہے۔ یہ تاریخ کا کام تو تدوین کا کئی سالوں سے ہورہا تھا۔ ویب سائیٹ تیار کی گئی ہے جس میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی مغرب میں تکمیل اشاعت ہدایت کی کاوشوں پر تحقیقاتی مضامین کو شائع کیا گیا ہے۔

یوکے کی تاریخ کا آغاز 1913ء میں سمجھا جاتا ہے جب چوہدری فتح محمد سیال صاحب یہاں آئے تھے جبکہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام یہاں یوکے میں  اور یورپ کے دوسرے ممالک میں آپ کے دعویٰ مجددیت کے ساتھ ہی پہنچ گیا تھا۔ جب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے بغرض اتمام حجت ایک خط اور انگریزی اشتہار جس کی آٹھ ہزار کاپیاں چھپوا کر ہندوستان اور انگلستان میں موجود مشہور اور معزز پادری صاحبان نیز مختلف سوسائیٹیز اور مذاہب کے لیڈران تک جہاں جہاں اس زمانہ میں اس  پیغام کا پہنچنا ممکن تھا  بھجوایا۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ یوکے میں چارلس بریڈلا کے نام سے ایک پولیٹیشن جو ایک دہریہ تھا  اسے آپ علیہ السلام کی دعوت 1885ء میں موصول ہوئی تھی۔ جس کا ذکر  یہاں کے ایک اخبار کار کانسٹیٹیوشن نے  اپنے 8 جون 1885ء کے شمارہ میں کیا تھا۔ اس طرح دی تھسافسٹ  سوسائٹی کے ایک بانی ہنری سٹیل آلکٹ کو بھی یہ دعوت 1886ء میں موصول ہوئی تھی۔ جس کا ذکر اس نے اپنے اخبار دی تھسافسٹ کے ستمبر 1886ء کے شمارہ میں  کیا تھا۔

اس ویب سائیٹ پر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام  کے دور مبارک پر ایک ٹائم لائن تیار کی گئی ہے جس میں مغرب میں پیغام حق پر مبنی حقائق کو بیان کیا گیا ہے نیز پائنیر مشنریز (Pioneer Missionaries) کے نام سے ایک اور  ٹائم لائن تیار کی گئی ہے جس میں اولین مبلغین سلسلہ، جس میں صحابہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام شامل ہیں ان کا تعارف اور یوکے میں ان کی خدمات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس طرح حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی پادری پگٹ کے حوالے سے پیشگوئی پر  ایک مفصل تحقیق تمام حوالوں کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ اسی طرح تاریخ پر مبنی  مزید تحقیقی مضامین شائع کئے گئے۔ جو نوجوان نسل پر اس بات کو واضح کریں گے کہ ان کا اور ان کے آباء کا ان ممالک میں آنے کا اصل مقصد کیا تھا؟

اس ویب سائیٹ کا ایڈریس ہے

history.ahmadiyya.uk

 تویہ بھی آج سے شروع ہوگی ویسے تو شروع ہے لیکن باقاعدہ رسمی افتتاح بھی آج یہ کروانا چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ ہمارے اگلوں کے لئے بھی، اپنوں کے لئے بھی اور غیروں کے لئے بھی فائدہ مند ہو۔‘‘ (آمین)

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ  نے بٹن دبا کر ویب سائیٹ کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اورجماعت کے لئے برکت اور ترقی کا موجب بنائے۔ آمین

(ادارہ)

پچھلا پڑھیں

حیات نور الدینؓ (کتاب)

اگلا پڑھیں

یہ سوچ بڑی کثرت سے پائی جاتی ہے کہ لڑکے پیدا ہوں