• 24 اپریل, 2024

اسلامی اصطلاحات برموقع حج و عمرہ از روئے قرآن و حدیث

حج: وقت مقررہ پر مکہ مکرمہ معظمہ میں بیت اللہ کی زیارت کرنا۔ ارکان اسلام میں سے ایک رکن ہے۔

تلبیہ: زائرین حج کی مخصوص پکار جو بار بار وقفہ وقفہ سے لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ لَبَّيْكَ لاَ شَرِيْكَ لَكَ لَبَّيْكَ إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لاَشَرِيْكَ لَكَ ترجمہ تیرے حضور حاضر ہوں اے اللہ تیرے حضور حاضر ہوں تیرے حکم پر تیرے در پر حاضر ہوں تیرا کوئی شریک نہیں میں حاضر ہوں بے شک حمد و شکر کامستحق تو ہی ہے انعام و احسان کرنا تیرا ہی حق ہے اے مالک تیرا کوئی شریک نہیں۔

میقات: وہ مقام جہاں سے حاجی حج یا عمرہ کے لئے احرام باندھتے ہیں اور تلبیہ پڑھنا شروع کرتے ہیں لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ …

احرام: حج کے لباس کا نام احرام ہے تلبیہ پڑھنے والا یہ لباس پہننے والا محرم کہلاتا ہے۔

اضطباغ: احرام کی چادر کو دائیں بغل کے نیچے سے سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈالنے اور دایاں شانہ کھلا رکھنے کے عمل کو اضطباغ کہا جاتا ہے یہ چستی اور اظہار قوت کے لئے کیا جاتا ہے۔

آفاقی: بیرون حرم سے آیا ہوا حاجی جو میقات کے باہر کے کسی علاقے سے آیا ہو اس کو آفاقی کہتے ہیں۔

حرم: خانہ کعبہ کی چار دیواری مقدس جگہ ،با عظمت زیارت گاہ، بیت اللّٰہ، بیت العین۔

مطاف: طواف کرنے کی جگہ جوخانہ کعبہ کے اردگرد راستے کی صورت میں بنی ہوئی ہے۔

استلام: حجر اسود کو چھونے اور بوسہ دینے کو استلام کہا جاتا ہے۔

حجر اسود: وہ سیاہ پتھر جو خانہ کعبہ کی دیوار میں نصب ہے جس کو چھونا یا بوسہ دینا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔

طواف: بیت اللہ کے گرد سات چکر لگانے کا نام طواف ہے

شوط: بیت اللہ شریف کا طواف کرتے ہوئے حجراسود سے چل کر پھر اسی جگہ آتے ہیں ایک مکمل چکر کو شوط کہتے ہیں۔

جنابت: احرام کی حالت میں جنسی گفتگو کرنا یا اشارہ کرنا جو ممنوع ہے اس کا کفارہ لمبی قربانی یا صدقہ ہے۔

سعی: صفاہ اور مروہ کی دونوں پہاڑیوں کے درمیان دوڑ لگانے کو سعی کہا جاتا ہے۔ اس سعی کے لئے سات دوڑ (چکر) لگائے جاتے ہیں۔

ایام تشریق: ماہ ذی الحج کی 13,12,11 تاریخوں کو ایام تشریق کہا جاتا ہے ان دنوں میں رمی جمار، قربانی اور طواف افاضہ کیا جاتا ہے۔

رمی جمار: کنکریوں کا پھینکنا، عرفات سے واپسی کے بعد حاجی حضرات منیٰ میں تین ستونوں پر کنکریاں مارتے ہیں اس کو رمی جمار کہتے ہیں۔

یوم عرفہ: ذی الحج کی 9 تاریخ کو تمام حاجی میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں قیام کرتے ہیں اور خطبہ سنتے ہیں۔

وقوف: سے مراد ٹھہرنا ہے۔ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں ٹھہرنے کو وقوف کہا جاتا ہے۔

ہدی: قربانی کا جانور جو حاجی اپنے ہمراہ لے جاتے ہیں یا ان کو قربانی کی جگہ مہیا کیا جاتا ہے۔

یوم النحر: ذی الحج کی دس تاریخ کو تمام حاجی میدان عرفات اور مزدلفہ سے واپس آکر قربانی کرتے ہیں، یعنی قربانی کا دن۔

تحلیق وتقصیر: مزدلفہ سے واپسی کے بعد دس ذی الحجہ کو قربانی کے بعد سر منڈانے کو تحلیق اور بال کٹوانے کو تقصیر کہتے ہیں۔

طواف کعبہ: بیت اللہ شریف کے گردچکر لگانے کا نام طواف کعبہ ہے۔ طواف کی بھی چند اقسام ہیں۔

طواف قدوم: مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے بعد سب سے پہلے یہی طواف کیا جاتا ہے اس کو طواف التحیہ بھی کہتے ہیں۔

طواف عمرہ: وہ طواف جو عمرہ کرتے وقت کیا جاتا ہے اس کے بغیر عمرہ مکمل نہیں ہوتا۔

طواف زیارت: حج میں قیام عرفات سے واپسی کے بعد یہ طواف کیا جاتا ہے اسے طواف افاضہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بھی ایک رکن ہے۔

طواف نذر: اگر کسی نے طواف کی نذر مانی ہو مثلاً والدین کے لئے یا کسی کے لئے بھی کہ میں ان کی طرف سے طواف کروں گا تو اس پر لازم ہو جاتا ہے کہ وہ طواف کرکے اپنی نذر پوری کرے۔

طواف نفلی: مکہ مکرمہ میں پہنچنے کے بعد بیت اللہ شریف کے جس قدر بھی ممکن ہو طواف کرتے چلے جائیں۔ یہ بہت بڑی سعادت ہے ۔یہ ہر وقت جب بھی موقع ملے کیا جاسکتا ہے ۔حضرت خلیفہ المسیح الاولؓ کے بارے میں آتا ہے کہ آپ بہت کثرت سے طواف کرتے تھے۔ گنتی کا شمار ہی نہیں۔

طواف وداع: یہ طواف بیت اللہ شریف سےرخصت ہوتے وقت اور مکہ مکرمہ چھوڑتے وقت کیا جاتا ہے۔ الوداعی نذرانہ عقیدت پیش کیے بغیر حاجی کا مکہ مکرمہ سے چلے آنا بڑی بدنصیبی اور محرومی ہے۔ پھر زندگی وفا کرے یا نہ کرے آنا نصیب ہو یا نہ ہو گریہ وزاری سے دعا مانگتے ہوئے الوداع ہونا چاہیے۔

مکرم ایڈیٹر صاحب الفضل آن لائن لندن

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

امید کہ آنمکرم بخیر و عافیت ہوں گے۔ ان دنوں الفضل آن لائن لندن میں اسلامی اصطلاحات کا بڑی خوبی سے تذکرہ چل رہا ہے۔ ’اسلامی اصطلاحات حج و عمرہ از روئے قرآن و حدیث‘ قارئین کے علم میں اضافہ کے لئے لیے مختصر مضمون ارسال ہے مناسب خیال فرمائیں تو الفضل میں جگہ دیں۔ ممنون ہوں گا۔

(علامہ محمد عمر تیماپوری ۔انڈیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل کے حوالہ سے ایک تبصرہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 دسمبر 2021