• 14 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خطوط

  • مکرم ارشد محمود۔ یونان سے تحریر کرتے ہیں:

روزنامہ الفضل کے سبھی مضامین بہت عمدہ اور پڑھنے والے ہوتے ہیں۔ آج مورخہ 23 دسمبر 2021ء کا آرٹیکل جس کاعنوان ’’جماعت احمدیہ کے عظیم الشان جلسہ سالانہ کی بنیادی اینٹ اور سو منزلہ و دلکش عمارت‘‘ پڑھا ۔جسے پڑھ کر میرے ایمان و ایقان میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ربوہ اور قادیان کے جلسہ سالانہ کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہو گئیں۔

آرٹیکل میں سیرالیون کے افریقن احباب کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک بزرگ جو 40 میل اور کچھ خواتین جو اپنے نوزائیدہ بچوں اور زادِ راہ کوسروں پراٹھائے 37 میل کا سفر پیدل طے کر کےصرف جلسہ سالانہ میں شمولیت کی خاطر ٹرانسپورٹ کی بجائے پیدل چلے اور کرایہ کی رقم بخوشی اخراجاتِ جلسہ سالانہ کے لئے پیش کر دی۔ جسے پڑھ کر خاکسار آبدیدہ ہو گیا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ماننے والوں کے دلوں میں کیسا عشق بھر دیا ہے جو دیہاتی محنت کش۔ 37 40-میل کا کٹھن سفر پیدل طے کر کے اس للہی جلسہ میں شامل ہونے کے لئے پروانوں کی طرح اڑتے چلے آتے ہیں تا کہ آپؑ کی جملہ دعاؤں کے وارث بن سکیں ۔ جو حضرت مسیح موعودؑ نے جلسہ میں شرکت کرنے والوں کے لئے کیں چنانچہ حضرت مسیح موعودؑ کس درد سے دعا فرماتے ہیں:
’’ہر یک صاحب جو اس للہی جلسے کے لئے سفر اختیار کریں خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے۔ اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمائے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے۔ اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے۔ اور روزِ آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے۔‘‘

(مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ:345)

ایک وہ وقت تھا کہ جب مخالفین احمدیت کہا کرتے تھے کہ ہم قادیان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے اور قادیان کی آواز کو قادیان سے باہر نہیں جانے دیں گے۔ آج ان کی نسلوں کا بھی پتہ نہیں کہ ہیں بھی یا نہیں اور اگر ہیں تو نجانے کس حال میں ہیں ۔ جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پھول پھل رہی ہے اور اس کی سر سبز شاخیں پوری دنیا میں پیوست ہیں۔ الحمدللہ۔ دنیا کے بہت سے ممالک میں بڑی شان سے جلسہ سالانہ کا انعقاد ہوتا ہے اور لوگ ہزاروں کی تعداد میں شامل ہوتے ہیں اور جو جلسہ میں جسمانی طور پر شامل نہیں ہو سکتے وہ نماز سنٹر اور اپنے گھروں میں ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور سننے کا انتظام کرتے ہیں ۔

  • مکرمہ امتہ الباری ناصر ۔امریکہ سے تحریر کرتی ہیں:

الفضل 23دسمبر میں آرٹیکل بعنوان ’’جماعت احمدیہ کے عظیم الشان جلسہ سالانہ کی بنیادی اینٹ اور سَو منزلہ خوب صورت و دلکش عمارت‘‘ بہت ایمان افروز ہے۔ موضوع اور تحریر کی دلکشی نے اسیر کئے رکھا۔ جزاک اللّٰہ خیراً ۔ جماعت کی ترقی کی پیشگوئیاں بڑی شان سے پوری ہوتی ہوئی دیکھ رہے ہیں اور ان شاء اللّٰہ۔ کئی رخ اور کئی پہلوؤں سے دیکھتے رہیں گے ۔1991ء میں جلسہ ہائے سالانہ کو سَو سال پورے ہونے پر مجلہ المحراب کا سوواں جلسہ سالانہ نمبر تیار کرنے کے مراحل میں بڑے انہماک سے اس موضوع پر تحقیق کی تھی۔ اس لئے غیر معمولی دلچسپی سے پڑھتی ہوں۔ کل مکرم سید شمشاد احمد ناصر مربی سلسلہ نے مسجد سے زوم کے ذریعے معمول کا درس دیتے ہوئے آرٹیکل کے اقتباسات پڑھ کر سنائے ۔جن کی وضاحت کرتے ہوئے بیان میں اپنے جذبات شامل کرکے دلنشین رنگ دے دیا جس سے لطف اور اثر دوبالا ہو گیا ۔دعا ہے کہ ہم حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منشاء کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے خود کو رضائے الہٰی کے مطابق ڈھال سکیں۔ آمین اللھم آمین۔

  • مکرم ابن ایف آر بسمل تحریر کرتے ہیں:

25 دسمبر 2021ء قائد اعظم محمد علی جناح بانئ پاکستان کے یوم پیدائش پر مکرم جمیل احمد بٹ کا مضمون (قائد اعظم اور جماعت احمدیہ) بہت پسند آیا ۔بہت جامع اور حقائق پر مبنی مضمون ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری پاکستانی قوم کی آنکھوں سے احمدیت کے خلاف تعصب کی پٹی اتارے۔ محبت اور وفاداری اور حب الوطنی کے جوجذبات افراد جماعت احمدیہ کے دلوں میں ہیں انہیں اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور ملک و قوم کو قائد اعظم کے اصولوں پر چلنے کی توفیق دے، آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ