• 20 اپریل, 2024

دائمی مرکز احمدیت قادیان دارالامان میں 127ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت عظیم الشان انعقاد

جلسہ سالانہ قادیان موٴرخہ 23، 24، 25، دسمبر 2022ء (بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار) کو حسب روایات نہایت ہی عالیشان پیمانہ پر منعقد ہو کر اختتام پذیر ہوا اور دیرپا اثرات و نقوش چھوڑ گیا۔ مختلف ممالک اور ملک ہند سے 14500کی تعداد میں شمعِ احمدیت کے پروانوں نے دیوانہ وار جلسہ سالانہ قادیان میں شرکت کی،تیسرے دن کے آخری اجلاس میں عالمگیر احمدیہ جماعت کے امام حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا MTA کے ذریعے بصیرت افروز وروح پَرورخطاب برطانیہ سے نشر ہوا جو سارے عالم میں سنا گیا۔ قادیان کی تمام مساجد میں نماز تہجد باجماعت، درس کا انتظام، غلبہ اسلام، ترقی احمدیت، حضرت امیرالمؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی صحت و تندرستی درازی عمر، اسیران راہ مولیٰ کی باعزت رہائی اورامن عالم کے لئے صبح و شام خصوصی دعائیں، ذکر الٰہی، درود شریف کا ورد، انابت الی اللہ، خالص روحانی اخوّت اور بھائی چارگی کے پُرکیف مناظر، علماء سلسلہ احمدیہ کی پُر معارف عالمانہ تقاریر اور ان کی ملکی اور غیر ملکی زبانوں میں ترجمانی، تبلیغی وتربیتی امور پر مشتمل تعارفی ڈاکومنٹری، خصوصی نمائشوں کا اہتمام، اجتماعی طور پر نکاحوں کے اعلانات، مہمانوں کے قیام و طعام کا مناسب حال انتظام، طبی سہولیات کی فراہمی، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں جلسہ سالانہ قادیان کی وسیع پیمانے پر تشہیر، پروگرام جلسہ سالانہ اور جلسہ کی کارروائی کی رپورٹنگ اردو، ہندی، پنجابی و انگریزی اخبارات میں وسیع پیمانے پر اشاعت، ملک کے معروف چینلوں میں تذکرہ، حکومت پنجاب کی طرف سے سکیورٹی کا معقول بندوبست، یہ تمام امور بخیروخوبی خوشگوار اور پُرسکون ماحول میں سرانجام پائے۔ الحمدللّٰہ ثم الحمدللّٰہ

بستان احمد جلسہ گاہ کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مختلف پلیٹ فارم پر تبلیغی، تربیتی وتعلیمی عبارتوں پر مشتمل بینرز لگائے گئےتھے۔ چکاچوند ماحول میں ظاہری طور پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے اور زائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

پہلا دن، پہلا اجلاس موٴرخہ 23؍دسمبر 2022ء بروز جمعۃ المبارک

شدید سردی کی لہر اور دُھند کے باوجود عشّاق احمدیت جلسہ کی آغازِ کارروائی سے پہلے ہی پُروقار لائنوں میں کھڑے ہوکر منظم رنگ میں سیکورٹی کے تمام مراحل سے گزر کر صبر وتحمل، سنجیدگی اور با وقار طریق پرجلسہ گاہ بستان احمد میں داخل ہوئے ۔صبح ٹھیک دس بجے جلسہ کی کارروائی شروع ہوئی۔ اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب (صدر، صدرانجمن احمدیہ قادیان) نے فرمائی۔ پہلے آپ فلیگ پوسٹ پر تشریف لائے اور لوائے احمدیت لہرایا۔ حاضرین جلسہ زیر لب ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم کا ورد کرتے رہے۔ لوائے احمدیت جو اسلام کی سربلندی اور عظمت کی ایک یادگار اور انمول نشانی ہے۔ نہایت شان و شوکت کے ساتھ فضاء آسماں میں لہرانے لگا۔ ساتھ ہی فلیگ پوسٹ کے چاروں کونے میں چار خدام نے لوائے احمدیت کی پہر ہ داری کی ذمہ داری سنبھال لی۔ خدام باری باری پہرہ دیتے رہے۔ نہایت باوقار رنگ میں اس کارف اوڑھے اپنے فرائض ادا کرتے رہے۔ اسی دوران فضاء جلسہ گاہ مختلف اسلامی نعروں کی فلک بوس صداؤں سے گونجنے لگی۔حاضرین جلسہ پورے جوش و خروش سے نعروں کا جواب دیتے رہے۔

صدر اجلاس محترم مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب (صدر، صدرانجمن احمدیہ قادیان) اسٹیج پر تشریف فرما ہو کر کرسی صدارت پر رونق افروز ہوئے۔ افتتاحی دعا کے بعد باقاعدہ جلسہ سالانہ قادیان کی کاروائی کا آغاز ہوا ۔تلاوت قرآن مجید مکرم طارق احمد لون صاحب نے سورۃ صف کی آیت 7تا10کی پیش کی اور اس کا اردو ترجمہ مکرم سید کلیم الدین احمد صاحب (قاضی سلسلہ احمدیہ) نے پیش کیا۔بعدازاں محترم صدراجلاس نےاپنے افتتاحی خطاب میں شاملین جلسہ سالانہ کو مبارکباد دی اور اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ملفوظات میں سے بعض اہم اقتباسات جو بالخصوص جلسہ سالانہ کی برکات، اغراض و مقاصد اور دعائیہ کلمات پر مشتمل تھے۔ مؤثر انداز میں بیان فرمائے اور حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بعض نصائح جو آپ نے جلسہ سالانہ لندن میں بیان فرمائی تھیں پیش کیا۔ آپ نے فرمایا آج ہم قادیان میں 127ویں جلسہ سالانہ منارہے ہیں۔ ہمارا یہ جلسہ عام دنیاوی میلوں کی طرح نہیں ہے اس کی بنیاد حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے اذن سے 1891ء میں رکھی تھی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس برکات و فیوض کا وارث بنائے۔آمین

اس کے بعد ایک نظم منظوم کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ ’’محمد پر ہماری جاں فدا ہے‘‘ مکرم تنویر احمد ناصر صاحب (نائب ناظر نشرواشاعت) نے خوش الحانی سے پیش کی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر زیر عنوان ’’سیرت آنحضرت ﷺ (قیام امن کے حوالہ سے آنحضرت ﷺ کی تعلیمات اور اُسوہ حسنہ) پر محترم مولانا محمد انعا م غوری صاحب (ناظر اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان) کی ہوئی۔دوسری تقریر بعنوان سیرت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام (توکل علی اللہ اور قبولیت دعا کے آئینہ میں) محترم مولانا منیر احمد خادم صاحب (ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد جنوبی ہند قادیان) کی ہوئی۔ اس کے بعد جلسہ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کے اختتام کا اعلان ہوا۔

نمازِ جمعہ و نماز ِعصر بمقام جلسہ گاہ اداکی گئیں۔ نمازِ جمعہ پڑھانے کی سعادت محترم مولانا حافظ مخدوم شریف صاحب (قائمقام ایڈیشنل ناظر اعلیٰ جنوبی ہند و افسر جلسہ سالانہ قادیان) کے حصہ میں آئی۔

پہلا دن دوسرا اجلاس

اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا جلال الدین نیّر صاحب (صدر مجلس تحریک جدید قادیان) نے فرمائی۔ تلاوت قرآن مجید مع اردو ترجمہ سورۃالتوبہ آیت 100تا103 بالترتیب مکرم محمد ابراہیم احمد اور مکرم طاہر احمد طارق صاحب نے اور منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’کس قدر ظاہر ہے نور اس مبداءا لانوار کا‘‘ مکرم عبدالواسع صاحب نے ترنّم سے سُنایا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریرہستی باری تعالیٰ (حصول معرفت الٰہی کے ذرائع) کے عنوان پر محترم مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب (صدر، صدرانجمن احمدیہ قادیان) نے فرمائی۔ دوسری تقریر محترم مولانا فیروز احمد نعیم صاحب (امیر ضلع دہلی) کی بعنوان ’’سیرت حضرت ابو بکر رضی اللہ اور سیرت حضرت حکیم نورالدین صاحب خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ‘‘ پر ہوئی۔ بعدہ تاثرات و تعارفی تقاریر کے تحت مہمان مکرم وسیم احمد صاحب نیشنل (صدر جماعت احمدیہ سیریا) کی عربی زبان میں ہوئی۔ مکرم زین الدین حامد صاحب (ناظم دارالقضاء قادیان) نےاس کا اردو زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اس اجلاس کی تیسری اورا ٓخری تقریر محترم مولانا حافظ مخدوم شریف صاحب (قائمقام ایڈیشنل ناظراعلیٰ جنوبی ہند و افسر جلسہ سالانہ قادیان) کی بعنوان صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام (قرآن و حدیث کی روسے) پر ہوئی۔ مرکزی اعلانات کے بعداس اجلاس کی کارروائی کا اختتام ہوا۔اسی دن شام ساڑھے چھ بجے خطبہ جمعہ سیدنا حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز لائیو بعد نماز مغرب وعشاء جمع تمام مساجد میں دیکھنے اور سُننے کا انتظام تھا جس سے تمام احباب جماعت نے استفادہ کیا۔

24؍دسمبر 2022ء بروز ہفتہ دوسرا دن پہلا اجلاس

اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا منیر احمد صاحب حافظ آبادی (سیکرٹری مجلس کارپردازقادیان) نے فرمائی۔ بعد تلاوت قرآن مجید سورۃ النور آیت 31تا33مع اردو ترجمہ بالترتیب مکرم راشد خطاب صاحب (صدر مجلس انصاراللہ کبابیر) اور مکرم جمال شریعت صاحب (نائب انچارج شعبہ نورالاسلام) نے پیش کیا۔اس کے بعد منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’اے دوستو! جو پڑھتے ہو اُم الکتاب کو‘‘ مکرم مرشد احمد ڈار صاحب (استاد جامعہ احمدیہ قادیان) نے پڑھ۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’اسلامی پردہ اور اس کی ضرورت اہمیت و برکت‘‘ پر محترم مولانا محمد حمید کوثر صاحب (ناظر دعوت الی اللہ مرکزیہ) نے کی۔اسی اجلاس کی دوسری تقریر محترم مولانا مظفر احمد ناصر صاحب (ناظراصلاح وارشاد مرکزیہ) کی بعنوان ’’نماز باجماعت اور تلاوت قرآن کریم کی اہمیت وبرکت‘‘ پر ہوئی۔ بعد ہ تاثرات و تعارفی تقاریر مہمانان کرام ہوئیں۔ اس اجلاس کی آخری تقریر ’’اسلام میں انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت اور برکت‘‘ کے عنوان پر محترم مولانا پی ایم رشید احمد صاحب (ناظر بیت المال خرچ قادیان) نے کی۔ مرکزی اعلانات کے بعد اس اجلاس کی کارروائی کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن دوسرا اجلاس

اس اجلاس کی صدارت محترم سید تنویر احمد صاحب (صدرمجلس وقف جدید قادیان) نےفرمائی۔ تلاوت قرآن مجید سورۃ النمل آیت 61تا64مع اردو ترجمہ بالترتیب مکرم حافظ لقمان احمد تقی صاحب اور مکرم عطاءاللہ نصرت صاحب (نائب ناظر بیت المال آمد) نے پیش کیا۔اور منظوم کلام حضرت مصلح الموعود رضی اللہ ’’بتاؤں تمہیں کیا کہ کیا چاہتا ہوں‘‘ مکرم سعید احمد ملکانہ صاحب نے اپنی ٹیم کے ساتھ خوش الحانی کے ساتھ پیش کیا۔اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان امن عالم اور اسلام بزبان پنجابی حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات کی روشنی میں مکرم مبشر احمد خادم صاحب (استاد جامعہ احمدیہ قادیان) نے کی۔

25؍دسمبر 2022ء بروز اتوار تیسرا دن پہلا اجلاس

اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا منیر احمد خادم صاحب (ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد جنوبی ہند) نے فرمائی۔ تلاوت قرآن مجید مکرم حافظ فاروق اعظم صاحب سورۃ آل عمران آیت نمبر 3 تا 6 اردو ترجمہ مکرم منصور احمد مسرور صاحب (ایڈیٹر ہفت روزہ اخبار بدر قادیان) نے پیش کیا۔نظم منظوم کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ ’’وہ قصیدہ میں کروں وصل مسیحا میں رقم‘‘ مکرم تنویر احمد ناصر صاحب (نائب ناظر نشرواشاعت) نے خوش الحانی سے پیش کیا۔اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’خلافت عافیت کا حصار‘‘ محترم مولانا کے طارق احمد صاحب (صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت وانچارج شعبہ نورالاسلام) کی ہوئی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر ’’تبلیغ اور دعوت الی اللہ کی اہمیت اور برکات‘‘ کے عنوان پر مکرم مولانا نعمت اللہ نواز صاحب (نائب ناظم ارشاد وقف جدید) نے کی۔اس اجلاس کی آخری تقریر محترم عطاءالمجیب لون صاحب (صدر مجلس انصاراللہ بھارت) نے بعنوان ’’حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے قبولیت دعا کےایمان افروز واقعات اور دعاؤں کےتعلق سے حضورانور کی تحریکات و نصائح ‘‘ پر کی۔اس کے بعد اس اجلاس کی کارروائی کا اختتام ہوا۔

تیسرا دن دوسرا اجلاس

اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا محمد انعام غوری صاحب (ناظر اعلیٰ وامیر جماعت احمدیہ قادیان) نے فرمائی۔ تلاوت قرآن مجید مکرم سفیرالدین ایم بی صاحب سورۃ الفاطر آیت 2 تا 6 ترجمہ اردو زبان میں ترجمہ مکرم مولانا محمد نورالدین ناصر صاحب (صدرعمومی لوکل انجمن احمدیہ قادیان) نے پیش کیا۔ مکرم نصر من اللہ صاحب (نائب ناظرامورعامہ قادیان) نے منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ’’کس طرح شکر کروں میرے سلطان تیرا‘‘ ترنّم سے پیش کیا۔ بعدہ محترم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے فرمایا جلسہ سالانہ قادیان کی بہت پہلے سے تیاری چل رہی تھی اور آپ لوگ بھی جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لئے تیاری کر رہے تھے۔ یہ جلسہ اپنی شاندار روایات کے ساتھ شروع ہوا اور بڑی تیزی سےیہ ساعتیں گزر گئیں ۔حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت و توجہ سے یہ جلسہ سالانہ قادیان عالمی جلسہ کا رنگ اختیار کر گیا۔کشمیر سے کنیاکماری تک کے احباب اس جلسہ کی رونق بنے۔بیرون ممالک سے بھی عشّاق احمدیت شامل ہوئے۔ تینوں دنوں کے بابرکت ایام اختتام کو پہنچ رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے یہ پروانے دو ایک روز میں واپسی سفر پر روانہ ہوں گے۔آپ نے انتظامیہ سمیت شاملین جلسہ اور جلسہ کی کامیابی کےلئےکوشاں جملہ احمدی مخلصین و غیر از جماعت سرکاری و غیر سرکاری افسران جنہوں نے کسی نہ کسی رنگ میں تعاون کیا، فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔صدر اجلاس کے اختتامی کلمات اور دُعا کے ساتھ یہ جلسہ سالانہ قادیان 2022ء اپنے اختتام کو پہنچا۔

قادیان دارالامان کے 127ویں جلسہ سالانہ کےا ختتامی اجلاس سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نہایت بصیرت افروز وروح پرور خطاب آٹھ افریقی ممالک کے جلسہ ہائے سالانہ کے اجلاسات نیز چھ ممالک سے براہ راست تصویری مناظر کی ٹیلی کاسٹ خطاب سے قبل جلسہ گاہ قادیان بھر ا ہوا تھا۔حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت صدارت میں ایوان مسرور اسلام آباد سے ایم ٹی اے کےمواصلاتی رابطوں کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان کی اختتامی کارروائی تمام عالم میں براہ راست نشر ہوئی۔اس اجلاس کی کارروائی کےلئے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ ہندوستان وقت کےمطابق چار بجے تشریف لائےجس وقت حضورانور تشریف لارہے تھے اُس وقت حاضرین جلسہ گاہ کی سانسیں رُک گئیں اور آنکھیں ہلکی ہلکی نَم ہوگئی تھیں اور جلسہ گاہ میں خاموشی طاری ہوگئی ۔حضورانور نے کرسی صدارت پر رونق افروز ہونےکے بعد تمام احباب کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کا تحفہ پیش فرمایا۔تلاوت قرآن مجید سے اس اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی سعادت مکرم فیروز عالم صاحب کو ملی۔آپ نے سورۃ البقرہ کی آیت 285تا287کی تلاوت فرمائی۔ اور تفسیر صغیر سے اس کا اردو زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا۔بعدہ منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’اے خُدا اے کارسازو عیب پوش و کردگار‘‘ مکرم ناصر علی عثمان صاحب نے خوش الحانی سے پیش کیا۔قادیان دارالامان کے جلسہ سالانہ سے لگے اسلامی فلک بوس نعروں کی گونج میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ مِمبر پر رونق افروز ہوئے اور السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کاتحفہ پیش کرتے ہوئے خطاب فرمایا۔ہندوستانی وقت کےمطابق چار بج کر بائیس منٹ پر خطاب شروع ہوا۔اور پوراایک گھنٹہ جاری رہا۔آخر میں حضورانور نے فرمایا کہ قادیان کے جلسہ میں ساڑھے چودہ ہزار حاضری ہے۔اور 37ممالک کی نمائندگی ہورہی ہے۔اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ سے فیض پانے کی توفیق عطافرمائے۔اور سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے۔اس کے بعد حضورانور نے اجتماعی دُعا کرائی۔دُعا کے بعد قادیان دارالامان سے مختلف گروپس کی صورت میں مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ سے مردوخواتین نے اردو و عربی زبان میں ترانے پیش کئے۔

حضورانور نےبرطانیہ میں اسلام آباد نیز بعض دیگر مقامات کی حاضری بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلام آباد میں چودہ صد چھ حاضری ہے۔جبکہ مسجد فضل لندن میں چار صد افراد اور مسجد بیت الفتوح میں بارہ صد افراد جلسہ کی کارروائی دیکھنے کےلئے جمع ہوئے ہیں۔اس کے بعد حضورانور نے السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کا تحفہ مرحمت فرمایا اور ایوان مسرور سےواپس تشریف لے گئے۔اللّٰھم اید امامنا بروح القدس وبارک لنا فی عمرہ وامر

(محمد عمرتماپوری۔ انڈیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی